نئی دہلی// (یو این آئی) کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی واڈرا نے کہا ہے کہ کورونا کی دوسری لہر میں آکسیجن اور انسانیت کی کمی کی وجہ سے جس طرح سے بڑی تعداد میں لوگوں کی موت ہوئی ہے وہ ایک بڑا جرم ہے۔ اور اس کے لئے ذمہ دار افراد کے خلاف فوجداری کارروائی کی جانی چاہئے۔ گاندھی نے منگل کے روز ایک ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ’’بی جے پی حکومت میں آکسیجن اور انسانیت دونوں کی شدید قلت ہے۔ اس خوفناک جرم کے ذمہ داران کے خلاف فوری کارروائی ہونی چاہئے۔ دکھ کے اس ماحول میں مرنے والوں کے لواحقین سے میری ہمدردی‘‘۔ واڈرا نے قبرستانوں و شمشان گھاٹوں اور کووڈ سے ہونے والی اموات کے سرکاری اعداد و شمار کے مابین فرق پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ’’کووڈ کی وجہ سے ہوئیں اموات کے بارے میں حکومت کے اعداد و شمار اور شمشانوں۔ قبرستانوں کے اعداد و شمار میں اتنا فرق کیوں؟ مودی حکومت نے اعداد و شمار کو بیداری پھیلانے اور کوو ڈ وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کا ذریعہ بنانے کی بجائے پروپیگنڈا کرنے کا ذریعہ کیوں بنادیا۔