امپھال//منی پور کے چوڑا چند پور ضلع کے سہکن گاؤں کے قریب ہفتہ کو مشتبہ جنگجوؤں نے گھات لگا کر حملہ کیا، جس میں 46 آسام رائفلز (اے آر) کے کمانڈنگ آفیسر کرنل بپلاب ترپاٹھی سمیت پانچ جوان اور دو دیگر ہلاک ہو گئے ۔ مرنے والوں میں سی او کی اہلیہ اور ان کا آٹھ سالہ بیٹا شامل ہے ۔پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ ڈیہنگ سے تین کلومیٹر کے فاصلے پر پیش آیا۔قافلہ پر جس وقت گھات لگاکر حملہ کیا گیا 46 آسام رائفلز کے کمانڈنگ آفیسر کرنل ویپلو تریپاٹھی اس وقت ایک فارورڈ کیمپ میں گئے تھے اور وہ وہاں سے واپس لوٹ رہے تھے۔یہ حملہ اس علاقہ میں برسوں میں ہونے والے سب سے مہلک حملوں میں سے ایک ہے۔ یہ واقعہ ہفتہ کی صبح تقریباً 10 بجے منی پور کے چرا چاند پور ضلع میں میانمار سرحد کے نزدیک پیش آیا۔ ریاست کے وزیر اعلیٰ این۔ بیرن سنگھ نے سہکن گاؤں میں ہونے والے قتل عام کی مذمت کی ہے ۔ انہوں نے ٹویٹ کیا، "46 اے آر کے قافلے پر ہونے والے بزدلانہ حملے کی سخت مذمت کرتے ہیں۔
کووند اور مودی کی مذمت
نئی دہلی// صدر رام ناتھ کووند اور وزیر اعظم نریندر مودی نے منی پور میں آسام رائفلز کے قافلے پر حملے میں فوجیوں کی ہلاکت کی سخت مذمت کی ہے ۔ ایک پیغام میں مسٹر کووند نے کہا ‘‘آسام رائفلز کے قافلے پر حملہ انتہائی قابل مذمت ہے ۔اپنے پیغام میں مسٹر مودی نے کہا ‘‘منی پور میں آسام رائفلز کے قافلے پر حملے کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ میں مہلوک فوجیوں اور ان کے اہل خانہ کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ ان کی قربانی کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ غم کی اس گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ میری تعزیت’’۔