یواین آئی
نئی دہلی//تجارت و صنعت کے وزیر پیوش گوئل نے جمعہ کو کہا کہ ہندوستان اس وقت 14ممالک اور ممالک کے گروپوں کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدوں (ایف ٹی اے)پر بات چیت کر رہا ہے، جن کی کل تعداد 50ہے یہاں صنعتی ادارے فکی کی سالانہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گوئل نے کہا کہ حالیہ دنوں میں ہم نے دیکھا ہے کہ کس طرح تجارت کو ہتھیار کے طور پر استعمال کیا گیا ہے۔ اس دوران ہم نے دنیا میں قابل اعتماد شراکت داروں کی ضرورت کو بھی محسوس کیا ہے اور یہ سمجھا ہے کہ ہمیں ان ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہیے جو منصفانہ تجارت اور مساوی مواقع پر یقین رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان پہلے ہی آسٹریلیا، متحدہ عرب امارات، ماریشس، برطانیہ اور چار ملکی یورپی فری ٹریڈ ایسوسی ایشن (ای ایف ٹی اے)گروپ کے ساتھ ایف ٹی اے کو حتمی شکل دے چکا ہے۔ ہندوستان اس وقت 14 ممالک یا ممالک کے گروپوں کے ساتھ بات چیت کر رہا ہے، جن کی کل تعداد 50 ہے۔مرکزی وزیر نے کہا کہ ہندوستان ان ممالک کے ساتھ ایف ٹی اے پر بات چیت کر رہا ہے جو ہماری تجارت کے لیے اہم ہیں اور ترقی یافتہ ممالک ہیں تاکہ ہم ایک دوسرے کی تکمیل کرسکیں۔انہوں نے کہا کہ دنیا کے تمام ممالک ہندوستان کے ساتھ ایف ٹی اے کرنا چاہتے ہیں کیونکہ ہماری حکومت ہے جس کی پالیسیاں کاروبار اور عوامی مفاد کو فروغ دیتی ہیں۔ یہاں کاروبار کرنے میں آسانی ہے اور ہم نے پرانے قواعد کو تبدیل کر دیا ہے جو مطابقت کھو چکے ہیں۔ یہاں ایک نوجوان آبادی ہے جو تیزی سے ٹیکنالوجی کو اپنانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔