سرینگر//سول سوسائٹی فورم نے وادی میں منشیات کے چلن میں اضافہ ہونے پرتشویش کااظہار کرتے ہوئے گستاخ قران کے وکیل کی لائسنس منسوخ کرنے اوراُسے سخت سزادینے کا مطالبہ کیا ہے۔ایک بیان کے مطابق سول سوسائٹی فورم کے ایک اجلاس میں وادی میں منشیات کے استعمال اور دیگر سماجی برائیوں میں اضافہ ہونے تشویش کااظہار کیا گیااور مقررین نے کہا کہ حکومت شراب کی نئی پالیسی کیلئے پرتول رہی ہے جو ہم سب کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔عبدالقیوم وانی کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں عہد کیا گیا کہ سماجی برائیوں کا قلع قمع کرنے کیلئے سول سوسائٹی فورم علمائے دین،دانشوروں ،وکلاء اور طلباء کے نمائندوں کے ساتھ مشترکہ سمینار منعقد کرے گی اور عملی طور سماجی برائیوں کا خاتمہ کرنے کیلئے زمینی سطح پر کام کرے گی۔اجلاس میں کہا گیا کہ اگر سرکار نے شراب کی نئی دکانیں کھولنے کی کوشش کی تو اس کی سخت مخالفت کی جائے گی۔اجلاس میں وسیم رضوی کے وکیل کی لائسنس منسوخ کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ۔