جموں //سیول سیکریٹریٹ سرینگر میں کام کررہے تمام محکمہ جات کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ملازمین کی روزانہ کی بنیاد پر حاضری رپورٹ تیار کرکے محکمہ عمومی انتظامی کو بھیجیں۔محکمہ عمومی انتظامی کی طرف سے اس سلسلے میں سرینگر سیکریٹریٹ کے نگراں پرنسپل سیکریٹری ایجوکیشن اصغر سامون کی ہدایت پر ایک حکمنامہ جاری کیاگیاہے جس میں تمام محکمہ جات کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ سرینگر میں تعینات کل ملازمین، گزیٹیڈ اور نان گزیٹیڈعملہ ، ان کے حق میں جاری ہونے والے مومنٹ پاس اور یومیہ حاضری کی رپورٹ پیش کریں۔غیر حاضر رہنے والے ملازمین کو متنبہ کیاگیاہے کہ ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔تاہم کئی ملازمین اس بات پر پریشان ہیں کہ انہیں نہ ہی ٹرانسپورٹ کی سہولت ہے اور نہ ہی رہنے کیلئے جگہ کا بندوبست ۔کئی ملازمین نے بتایاکہ دفتر وہی جاسکتاہے جس کے پاس اپنی گاڑی ہے اور زیادہ تر کاانحصار پبلک ٹرانسپورٹ پر ہے جو بند ہے ۔سیول سیکریٹریٹ نان گزیٹیڈ یونین ایمپلائز یونین کے صدر رئوف احمد بٹ نے بتایاکہ انہوں نے ملازمین سے کہہ دیاہے کہ اگران کے پاس پاسز اور ٹرانسپورٹ سہولت نہیں تو وہ گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ انہوں نے بتایاکہ کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے جاری ہونے والی ہدایات پر عمل کیاجائے اور سماجی دوریوں کے اصول پر کاربند رہاجائے۔