کشتواڑ//جے اینڈ کے اَن۔آرگنائزڈ ورکرس کانگریس نے مقامی بیروزگار انجینئروں کو ضلع کے پائور پروجیکٹوں میں روزگار مہیا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ جمعرات کو منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس کے لیڈر جتن منہاس نے حُکام پر زور دیا کہ وہ اُن زمین مالکان کو پکل ڈول پائور پروجیکٹ میں روز گار فراہم کرے جنھوں نے پائور پروجیکٹوں کے لئے اپنی اراضی فراہم کی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پائور پروجیکٹ میںتمام ہنر مند، غیر ہنر مند اور اعلیٰ ہنر مند وں کے علاوہ بیروزگار انجینئروں کو روز گار فراہم کرنے کے لئے مناسب طریقہ کار اپنایا جائے۔کانگریس کے ایک اور لیڈر راکیش شرما نے کہا کہ ہم افکان اور جے پی کمپنی کو مکمل حمایت دیں گے لیکن انہیں چاہیے کہ وہ کشتواڑ کے مقامی نوجوانوں کو روزگار فراہم کرے۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ریاست کے گورنر این این ووہرہ سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنے ایک صلاح کار کو پکل ڈول پائور پروجیکٹ کشتواڑ کے کام و کاج کی نگرانی کیلئے معمور کریں ۔پریس کانفرنس کے دوران راکیش شرما ،آکاش بھنڈاری، امت شان، دانش لطیف و دیگران بھی موجود تھے۔