عظمیٰ نیوز سروس
نوئیڈا// وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو کہا کہ ہندوستان مغربی ایشیا میں جاری تنازعات سے پیدا ہونے والے چیلنجوں کا پوری طاقت کے ساتھ مقابلہ کر رہا ہے۔ نوئیڈا بین الاقوامی ہوائی اڈے کے افتتاح کے موقع پر ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے زور دے کر کہا کہ ملک اپنے شہریوں کی حفاظت کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہا ہے۔
مودی نے کہا کہ مغربی ایشیا میں ایک ماہ سے زیادہ عرصے سے تنازعہ جاری ہے، ہندوستان پوری طاقت کے ساتھ اس چیلنج کا مقابلہ کر رہا ہے۔اس بات کو اجاگر کرتے ہوئے کہ ہندوستان تنازعات سے متاثرہ علاقوں سے خام تیل اور گیس پر انحصار کرتا ہے، مودی نے کہا: “حکومت اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات کر رہی ہے کہ یہ بوجھ خاندانوں اور کسانوں پر نہ پڑے۔”نوئیڈا بین الاقوامی ہوائی اڈے کا افتتاح کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے کہا کہ “آج وِکشٹ اتر پردیش اور وِکشٹ بھارت کی طرف سفر کے ایک نئے باب کا آغاز ہے۔”مودی نے کہا کہ نوئیڈا بین الاقوامی ہوائی اڈہ خطے میں اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دے گا۔ انہوں نے کہا کہ نوئیڈا بین الاقوامی ہوائی اڈہ مغربی اتر پردیش کے کسانوں، چھوٹے تاجروں اور نوجوانوں کے لیے نئے مواقع پیدا کرے گا۔دورے کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔