کوٹرانکہ //سب ضلع کوٹرنکہ بدھل میں ٹریفک پولیس کی لاپرواہی اور پارکنگ نہ ہونے کی وجہ سے ٹریفک نظام بری طرح متاثر ہے کوٹرنکہ اور بدھل بازار میں گاڑیوں کی پارکنگ کا کوئی نظم و ضبط نہیں ہے ،وہیں کوٹرنکہ بازار میں مسا فر گاڑیاں دن بھر چکر کاٹتی رہتی ہیں کیونکہ تنگ سڑکوں پر لوگ گاڑیاں کھڑا نہیں کر سکتے ہیں ۔ لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ہم نے متعداد بار معاملہ انتظامیہ کی نوٹس میں لایا کہ گاڑیوں کو سٹیشن پر ہی کھڑا رکھا جانا چاہئے اور جب گاڑیاں سواریوں سے بھر جائیں تو انہیں چلنے کی اجازت دی جانی چاہئے لیکن اس جانب کوئی توجہ نہیں دی جاتی ۔انہوں نے کہا کہ دن بھر گاڑیوں کے تنگ سڑکوں پر چکر کاٹنے سے ٹریفک میں خلل پڑتا ہے اور لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔بدھل اور کوٹرنکہ ہسپتال کی طرف جانے والی سڑک کے گردو نواح میں گاڑیاں کھڑی ہونے کی وجہ کے ایمبولنس گاڑیوں کو بھی چلنے میں دقتیں پیش آتی ہیں ۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ کوٹرنکہ اور بدھل میں سرکاری زمین دستیاب ہے لہٰذا پارکنگ کےلئے جگہ کا انتخاب کیا جائے۔