وزارتی کونسل کی فاروق عبداللہ پر حملے کی مذمت
سرینگر//جموں و کشمیر کابینہ نے منگل کو متفقہ طور پر نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے اس کی گہری تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ایک سرکاری ترجمان کے مطابق، کابینہ نے مسافر گاڑیوں کے کرائیوں میں 18 فیصد اضافے کی بھی منظوری دے دی ۔ یہ مطالبہ ٹرانسپورٹرز پچھلے پانچ سالوں سے کر رہے تھے۔ ٹرانسپورٹرز نے 50 فیصد اضافے کا مطالبہ کیا تھا تاہم حکومت نے 18 فیصد اضافے کی منظوری دے دی۔ترجمان نے کہا کہ حکومت مزید 200بسیں بھی سڑکوں پر لا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کابینہ نے وزرا، ایم ایل ایز، سپیکر اور قائد حزب اختلاف (ایل او پی)کے لیے ٹی اے ڈی اے اور میڈیکل الائونسز میں اضافے کی بھی منظوری دی۔ایل پی جی کے جاری بحران پر ترجمان نے کہا کہ جموں و کشمیر میں ایل پی جی کا کافی ذخیرہ ہے اور لوگوں سے نہ گھبرانے کی اپیل کی ہے۔انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ حکام کے ساتھ تعاون کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی ممکنہ بلیک مارکیٹنگ کو روکنے کے لیے ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔