الطاف بخاری کی 12ویں کے کامیاب طلاب کو مبارکباد
سرینگر//اپنی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری نے بارہویں جماعت کے امتحان میں شان دار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے جموں وکشمیر کے ہونہار طلبا کو مبارک باد پیش کی ہے۔ اپنے پیغام میں بخاری نے کہا ہے کہ یہ طلبا، والدین اور اُساتذہ کے لئے خوشی اور فخر کا وقت ہے جن کی مشترکہ کوششوں سے امتحانی نتائج شاندار رہے۔ انہوں نے کہاکہ اُن ہونہار طلباء کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ مجھے پختہ یقین ہے کہ اِن کی قابلیت اور مثبت فکر اُنہیں آگے کی زندگی میں نئی بلندیوں کو حاصل کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ وہ طلباء جنہیں مایوسی کا سامنا کرنا پڑا یا جو اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکے اُنہیں اپنے دل چھوٹے نہیں کرنے چاہئے بلکہ اپنے مزیدجوش وجذبہ اور محنت ولگن کرنی چاہئے اور حوصلے بلند رکھنے چاہئے۔ انہوں نے اُمید ظاہر کی ہے کہ وہ اِس عارضی ناکامی سے تحریک لے کر اپنے بہتر مستقبل کے لئے محنت کریں گے۔
13پولیس اہلکاروں کو ترقیوںکے احکامات صادر
نیوز ڈیسک
سرینگر//ڈپٹی انسپکٹرجنرل پولیس وسطی کشمیر نے محکمانہ ترقیاتی کمیٹی کی منظوری کے بعد تیرہ پولیس اہلکاروں کی ترقی کے احکامات صادر کئے۔ترقی یافتہ اہلکاروں میں تین سلیکشن گریڈ کانسٹیبل،آٹھ ہیڈکانسٹیبل اوردواسسٹنٹ سب انسپکٹرشامل ہیں۔ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس وسطی کشمیر امیت کمار نے ترقی پانے والے اہلکاروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ تندہی اور لگن کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں گے۔
پرائمری اور مڈل کلاسوں کا تدریسی عمل شروع کرنے پر لائیگروکوتشویش
سرینگر//پیپلزڈیموکریٹک پارٹی کے یوتھ سیکریٹری عارف لائیگرو نے وادی میں کورونامعاملوں میں سرنواضافہ ہونے کے دوران اسکولوں میں مڈل اور پرائمری جماعتوں کاتدریسی عمل شروع کرنے پرتشویش کااظہار کیا ہے۔انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ ایک سال سے زیادہ کے عرصے کے بعد اسکولوں میں درس وتدریس کا کا م شروع کرنے کافیصلہ کیا گیا جبکہ وادی میں کوروناکیسوں میں پھر سے اضافہ ہورہا ہے۔لائیگرو نے سوال کیا کہ اسکولوں کو کھولنے کے پیچھے کیا منطق ہے جبکہ جموں کشمیرمیں کووِڈ- 19سے ہرروزمزیداموات ہورہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ تعلیم لازمی ہے لیکن بچوں کی جان اس سے زیادہ قیمتی ہے ۔بچوں کے والدین برہم ہیں اورکہہ رہے ہیں کہ یہ احمقانہ فیصلہ ہے جو بچوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال دے گا۔انہوں نے مزیدکہا کہ حکام ہمارے بچوں کو آسان نشانہ بنا کر کیاحاصل کرناچاہتے ہیں ۔لائیگرو نے حکام سے اس فیصلے پرنظر ثانی کرنے کا مطالبہ کیا۔
جیالوجی اینڈ مائننگ محکمہ میں تبدیلیاں
سرینگر// محکمہ عمومی انتظامی نے جیالوجی اینڈ مائننگ محکمہ کشمیرکے جوائنٹ ڈائریکٹر کے چارج سنبھال رہیں امتیاز احمد خان کو مزید احکامات تک ڈائریکٹر جیالوجی اینڈ مائننگ کشمیر کے دفتر میں رپورٹ کرنے کے احکامات صادر کئے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر جیالوجی اینڈ مائننگ نثار احمد کو اپنے کام کے علاوہ جوائنٹ ڈائریکٹر کے معمول کے کام کو فی الحال سنبھالنے کی ہدایت دی گئی۔
وتہ نار کوکر ناگ میں نقاب پوشوں کاخاتون پرحملہ
500 روپے اڑا لے گئے
کولگام//عارف بلوچ//وتہ نار کوکر ناگ میں نقاب پوش افراد نے منگلوار دیر شام کو ایک خاتون پرحملہ کرکے اس سے نقدی پانچ سو روپے لوٹ لئے۔اطلاعات کے مطابق شہنوازاحمد خان نامی دکاندار وتہ نار میں نمازعشاء اداکرنے کیلئے مسجد روانہ ہوااور اس دوران اس کی اہلیہ 37سالہ مسماۃ صبورا نے دکان کی نگرانی کیلئے بیٹھی۔اس دوران دو نامعلوم نقاب پوش افراد نمودار ہوئے اور اُس سے دکان کی چابیاں چھیننے کی کوشش کی ،لیکن اس نے چیخ پکارکی اور نقاب پوش افراد نے اس کے سر پر چوٹ ماری اور اس سے500روپے چھین لئے۔
ہوٹلوں اورریستورانوں کیلئے گوشت کہاں سے آتاہے؟ٹریڈالائنس
سرینگر// کشمیر ٹریڈ الائنس نے انتظامیہ اور قصابوں اورکوٹھداروں کے درمیان گوشت کی قیمتوں پر تنازعہ کے بیچ بیماروں کیلئے گوشت کی قلت پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سرکار صارفین کیلئے گوشت کی دستیابی کو یقینی بنائے۔ کشمیر ٹریڈ الائنس کے صدر اعجاز شہدار نے کہا کہ میڈیا رپورٹوں کے مطابق سرکار نے گوشت کی قیمتوں کے جائزے کے دوران35 روپے صرف4ماہ میں فی کلو اضافہ کیا،تاہم قصابوں کو اس کے باوجود ضد اور ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرنا زیب نہیں دیتا۔ شہدار نے سوال کیا کہ اگر قصابوں اور ہول سیلروں کیلئے سرکارکی طرف سے مقررکئے گئے نرخوں پر گوشت فروخت کرنا نقصان دہ ثابت ہو رہا ہے،تو ریستورانوں اور ہوٹلوں کے علاوہ سڑک کنارے پر سیخ کباب اور بھنا ہوا گوشت کس طرح دستیاب ہے۔ شہدار نے کہا کہ بیماروں اور ضرورتمندوں کے علاوہ شادی بیاہ والے گھروں کو گوشت دستیاب نہیں ہو رہا ہے اور اضافی قیمتوں پر منظور نظر افراد،سرمایہ داروں اور ہوٹل مالکان کو گشت فراہم کیا جا رہا ہے۔ شہدار نے انتظامیہ سے بھی مطالبہ کیا کہ چور بازاری میں گوشت فروخت کرکے عام صارفین کیلئے گوشت کی عارضی قلت کرنے والوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈائون شروع کیا جائے۔ الائنس کے صدر نے اس بات پر شرمندگی کا اظہار کیا کہ معراج العالم ؐجیسے بڑے اور متبرک دن پر وادی کے لوگوں کو گوشت دستیاب نہیں ہے اور یہ انتظامیہ وکوٹھداروں اورقصابوں کیلئے نہ صرف لمحہ فکر یہ ہے، بلکہ ان کو شرمندگی کا احساس بھی ہونا چاہے۔ انہوں نے سرکار کو مشورہ دیا کہ وہ وادی میں گوشت کی دستیابی کیلئے متبادل طریقہ کار تلاش کریں،یا افہام و تفہیم کے ساتھ اس مسئلے کو حل کیا جائے۔