تھنہ منڈی کے معذور کو فلاحی سکیموں سے بھی فائد نہ مل سکا | دونوں آنکھوں سے محروم محمد صدیق بچوں کی روزی روٹی کیلئے پریشان
عظمی یاسمین
تھنہ منڈی //حکومت کی جانب سے معذور افراد کی فلاح و بہبود کیلئے کئی سکیمیں شروع کی گئی ہیں لیکن دونوں آنکھوں سے محروم تھنہ منڈی کا محمد صدیق خان گزشتہ 27برسوں سے مرکزی معاونت والی سکیموں سے محروم ہے ۔تھنہ منڈی کے منہالی گلی کا رہائشی محمد صدیق خان ولد ثناء اللہ خان فوج میں بھرتی ہونے کی غرض سے 1994میں سرینگر جارہا تھا جس کے دوران پیش آئے ایک حادثے میں وہ اپنی دنوں آنکھوں سے محروم ہو گیا۔محمد صدیق نے بتایا کہ جموں سرینگر قومی شاہراہ پر رام بن میں پیش آئے حادثے نے اس سے اُس کی دنیا ہی چھین لی اور وہ اپنی معمول کی زندگی بسر کرنے کے بجائے گزشتہ 27برسوں سے معذوری کی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اس حادثے کو کئی برس بیت جانے کے بعد بھی وہ کسی بھی مرکزی معاونت سے محروم ہے ۔اُس نے بتایا کہ وہ اب بھی انصاف اور اپنے حقوق کی خاطر در بدر کی ٹھوکریں کھانے کو مجبور ہے لیکن کوئی پرسانِ حال نہیں ہے۔ متعدد مرتبہ سیول انتظامیہ اور رمحکمہ دیہی ترقی کے علاوہ پنچایتی نمائندوں سے بھی اس سلسلے میں رابطہ کیا گیا لیکن ابھی تک کسی بھی جانب سے مایوسی کے سوا کوئی مثبت جواب نہیں ملا اور نہ ہی کوئی مددمل پائی۔ محمد صدیق نے بتایا کہ وہ اپنے بچوں کی پڑھائی اور بہتر مستقل کیلئے کئی طرح کی مشکلات میں مبتلا ہو کر مشکل ترین وقت گزار رہا ہے ۔ اپنی درد بھری کہانی سناتے ہوئے پرنم آنکھوں سے موصوف نے کہا کہ میرے بچے روزانہ میرے دلی ارمانوں کا خون ہوتے دیکھتے ہیں لیکن میں ان کیلئے کچھ نہیں کر سکتا۔معذور محمد صدیق کی دو بیٹیاں اور دو بیٹے ہیں جن کی کفالت کی ذمہ داری انہیں کے کندھوں پر ہے۔محمد صدیق کی اہلیہ نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے لاک ڈاؤن میںان کو کئی طرح کے مسائل نے گھیر لیا تھا اور لاک ڈائوں نے ان کی مشکل زندگی کومزید مشکل بنا دیاہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم ایک بوسیدہ اور کچے مکان میں رہتے ہیں۔موجودہ حالات کے پیشِ نظر محمد صدیق نے اْمید بھرے لہجے میں کہا کہ ہمارا معاون و مددگار اللہ کے سوا کوئی نہیں ہے۔معذور نے جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر اور ضلع انتظامیہ راجوری سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ اس کو مرکزی معاونت والی سکیموں کے زمرے میں لاکر پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت رہائشی مکان دیا جائے جبکہ دیگر بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے متعلقہ حکام کو بھی ہدایت جاری کی جائیں ۔
دھنوٹ میں خاتوں کی لاش برآمد
راجوری //راجوری ضلع کے دھنوٹ گائوں میں ایک خاتون کی لاش بر آمد ہونے کے بعد پولیس نے مزید تحقیقات شروع کر دی ہے ۔خاتون کی شناخت گل جان بیگم زوجہ جلال دین سکنہ دھنوٹ بدھل کے طورپر ہوئی ہے ۔پولیس نے بتایا کہ مذکورہ خاتون اپنے ہی گھر کے قریب مویشیوں کے ساتھ تھی جہاں پر وہ مردہ پائی گئی ۔انہوں نے بتایا کہ اطلاع ملنے کے بعد لاش کو تحول میں لیا گیا جبکہ اس سلسلہ میں قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی گئیں ۔
15لاکھ روپے معاوضہ دیا گیا
پونچھ //ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ کی قیادت میں ضلع سطحی کو آ رڈی نیشن کم سکریننگ کمیٹی کے منعقدہ اجلاس میں مختلف واقعات میں متاثر ہوئے افراد کی معاونت کیلئے 15لاکھ روپے معاوضے کو منظور دی گئی ۔مرکزی حکومت کی جانب سے چلائی جارہی سکیموں کے تحت ملی ٹینسی ،فرقہ ورانہ سرگرمیوں کیساتھ ساتھ حد متارکہ پر ہونے والی فائرنگ سے متاثر ہوئے افراد کیلئے معاوضہ کی فراہمی کو منظوری دی گئی ۔اس اجلاس میں ایس ایس پی پونچھ ،چیف میڈیکل آفیسر ،اکائونٹ آفیسر ،ڈسٹر کٹ سوشل ویلفیئر آفیسر ،ڈسٹر کٹ چائلڈ ڈیولپمنٹ آفیسر بھی موجود تھے ۔اس اجلاس کے دوران کل تین کیسوں کو کلئیر کیا گیا ۔مذکورہ تینوں کیس تحصیل حویلی کے تھے ۔
سرکاری عمار ت کو خالی کروایا گیا
راجوری //ضلع انتظامیہ راجوری نے بتایا ہے کہ ایک مزید سرکاری عمارت پر کئے گئے غیر قانونی قبضہ کوہٹا دیا گیا ہے ۔انتظامیہ ے مطابق تحصیل منجا کوٹ کی پنچایت نیلی میں تعمیر کردہ پنچایت گھر گزشتہ چھ برسوں سے غیر قانونی قبضہ میں تھا تاہم ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری راجیش کے شون نے ایگز یکٹو مجسٹریٹ کی قیادت میں ایک ٹیم کو قبضہ ہٹانے کیلئے تعینات کیا جبکہ اس ٹیم کے ہمراہ پولیس پارٹی بھی موجودتھی ۔پنچایت گھر کو خالی کروا کر محکمہ دیہی ترقی کے حوالے کر دیا گیا ہے ۔غور طلب ہے کہ ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری نے اس سلسلہ میں پہلے سے ہی ایک حکم نامہ جاری کیا ہوا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ان سرکاری عمارتوں کی نشاندہی کی جائے جن پر غیر قانونی طورپر قبضہ کیا گیا ہے ۔
مینڈھر میں خون کے عطیہ کیلئے کیمپ کا انعقاد
جاوید اقبال
مینڈھر //سب ڈسٹر کٹ ہسپتال مینڈھر میں خون کا عطیہ دینے کیلئے ایک کیمپ کا اہتمام کیا گیا ۔بلاک میڈیکل آفیسر مینڈھر ڈاکٹر پرویز خان کی قیادت میں لگائے گئے کیمپ کے دوران بی ایس ایف اہلکاروں کیساتھ ساتھ مقامی نوجوانوں نے بھی خون کا عطیہ دیا جبکہ کیمپ میں مجموعی طورپر 21یونٹ خون جمع کر کے ضلع ہسپتال پونچھ میں قائم کر دہ بلڈ بینک میں بھیج دیا گیا تا کہ کسی بھی مشکل وقت میں اس خون کا استعمال کیا جاسکے ۔مینڈھر کے مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ کیساتھ ساتھ طبی شعبہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ مینڈھر ہسپتال میں بھی بلڈ بینک کا قیام عمل میں لایا جائے تاکہ کسی بھی مشکل وقت میں عوام کو سہولیات میسر ہو سکیں ۔
طبی ادارو ں کا اچانک معائینہ
کئی ملازمین ڈیوٹی سے غیر حاضر پائے گئے
جاوید اقبال
مینڈھر //ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ کی ہدایت پر ایس ڈی ایم مینڈھر نے نائب تحصیلدار کے ہمراہ مینڈھر سب ڈویژن کے مختلف طبی اداروں کا معائینہ کیا جس کے دوران کئی ملازمین غیر حاضر پائے گئے ۔ایس ڈی ایم مینڈھر کی قیادت والی ٹیم نے معائینہ کے دوران 2پرائمری ہیلتھ سنٹروں کو مکمل بند پایا جبکہ سب ضلع ہسپتال مینڈھر اور پرائمری ہیلتھ سنٹر منکو ٹ میں کئی ملازمین غیر حاضر پائے گئے ۔ایس ڈی ایم نے غیر حاضر ملازمین کے ساتھ ساتھ مزید کارروائی کیلئے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ کو تحریری طورپر لکھ دیا ہے ۔
پونچھ میں شب برأت عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی
حسین محتشم
پونچھ //جموں کشمیر کے دوسرے اضلاع کی طرح پونچھ ضلع میں شب برأت نہایت عقیدت و احترام اور مذہبی جذبے کے ساتھ منائی گئی۔ اس موقع پر مساجد اور امام بارگاہوںمیں شب برأت کے حوالے سے روح پرور اجتماعات منعقد ہوئے، جن میں علمائے کرام نے شب برأت کی فضیلت بیان کی۔مختلف مساجد میں پیر کو بعد نماز مغرب خصوصی نوافل ادا کئے گئے۔ بعد نماز عشاء عبادات الٰہی، توبہ استغفار، شب بیداری مساجد میں علمائے کرام نے شب برأت کے فضائل بیان کیے۔ صلوٰۃ التسبیح، محافل ذکر و نعت، درود شریف اور خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا۔مساجد کے علاوہ گھروں پر نفلی عبادات اور شب بیداری کا خصوصی اہتمام کیا گیا، اس دوران فرزندان توحید نے گناہوں کی معافی اور ملک سے کورونا وبا سے نجات کے لیے خصوصی دعائیں کی۔تحصیل منڈی، سرنکوٹ، مینڈھر میں تمام علاقوں میں لوگوں نے اپنے مرحومین کی قبروں پر فاتحہ خوانی کے لیے قبرستانوں کا رخ کیا اور وہاں چراغان بھی کیا۔ پورے ضلع کے قبرستانوں میں رش دیکھنے میں آیا شہری اور دیہی علاقہ جات پر اگربتی، عرق گلاب ، آتش بازی اور دیگر اشیاء کی فروخت کے لئے عارضی اسٹالز لگائے گئے جن پر لوگوں نے خوب آتش بازی کی۔ شب برأت میں جہاں ایک طرف لوگ عبادت اور شب بیداری میں مصروف رہے وہیں دوسری جانب بچوں اور جوانوں نے خوب آتش بازی کی۔
وسیم رضوی کا بھاجپا سے کوئی تعلق نہیں: چستی
حسین محتشم
پونچھ// قرآن مقدس کی بے حرمتی کرنے والے وسیم رضوی کے خلاف پوری دنیا میں فرزندان توحید غم وغصہ کا اظہار کر رہے ہیں۔اس سلسلہ میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے ضلع صدر محمد رفیق چستی ایک پریس بیان میں کہا کہ وہ وسیم رضوی کے بیان کی مذمت کرتے ہیں ۔محمد رفیق چستی نے وسیم رضوی کے بیان پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی قرآن شریف سے کوئی بھی آیت ہٹائے جانے کی بابت وسیم رضوی کی ناپاک سوچ سے متفق نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی قرآن شریف سمیت تمام پاکیزہ کتابوں کا احترام کرتی ہے اور کسی طرح کی چھیڑچھاڑ کی سخت مخالفت کرتی ہے۔انہوں نے کہا قرآن پاک پر وسیم رضوی کا بیان محض بکوا س ہے جس کی وہ شدید مذمت کرتے ہیں۔ اس موقع پر موجود دیگرلیڈران نذیر چوہدری اور راجہ شیر خان نے بھی قرآن پاک پر وسیم رضوی کا بیان پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے بکواس کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی سے وسیم رضوی کا دور دور تک کسی طرح کا کوئی تعلق نہیں ہے، ان کی پارٹی تمام مذاہب کا احترام کرتی ہے۔انہوں نے رضوی کے بیان پر شدید اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی حرکت کرنے والوں کو ماحول خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔تمام لیڈران نے وسیم رضوی کے خلاف سخت سے سخت کاروائی کا مطالبہ کیا۔
پونچھ قصبہ میں ناجائز پارکنگ | راہگیر پریشان ،انتظامیہ سے کارروائی کا مطالبہ
حسین محتشم
پونچھ//ضلع پونچھ صدر بازار میں غیر قانونی پارکنگ سے تاجر اور صارفین کو کئی طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ضلع انتظامیہ کی جانب سے حالیہ دنوں صدر بازار میں تاجروں کی جانب سے فٹ پاتھ پر کئے گئے قبضے تو ہٹایا گیا تھا لیکن اب ان جگہوں میں لوگ اپنے موٹر سائیکل کھڑے کر رہے ہیں جس کی وجہ سے ناجائز پارکنگ جیسے مسائل میں اضافہ ہوا ہے اور بازار سے پیدل گزرنا محال ہو رہا ہے۔ تاجروں نے اعلی حکام سے بازار میں پولیس گشت کا نظام بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ بیوپار منڈل پونچھ کے اہم رکن نیشو گپتا نے کہا کہ بازار میں کئے گئے ناجائز تجاوزات دکانداروں نے خود ہی ہٹا کر ضلع انتظامیہ کا بھر پور تعاون کیاتھا لیکن اب دو پہیہ گاڑیوںا اور تین پہیہ گاڑیاں ان جگہوں پر لوگ کھڑی کر کے اپنے کاموں میں مصروف ہو جاتے ہیں جس کی وجہ سے صارفین اور دکانداروں کو مسائل کاسامنا ہے ۔ انہوں نے کہا اکثر غلط پارکنگ کے باعث ٹریفک جام ہو جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس کی جانب سے موثر اقدامات نہ ہو نے کے باعث غلط پارکنگ کرنے والوں کو کھلی چھوٹ ملی ہوئی ہے ۔انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ پولیس گشت کانظام بحال کیا جائے اور بازار میں گاڑیوں کے داخلے پر مکمل پانبدی عائدکر کے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف موثر کارروائی کی جائے۔
ایس ایس پی پونچھ کا والہانہ استقبال
حسین محتشم
پونچھ//حال ہی میں پونچھ تعینات ہوئے ایس ایس پی ڈاکٹر ونود کمار نے منگل وار کو پونچھ بازار کا دورہ کیا تو تاجروں نے ان کا والہان استقبا ل کیا۔اس دوران باضابطہ ڈھول بجا کر بھولوں کے ہار اور شال پہنا کر تاجروں نے انھیں خوش آمدید کہا ۔اس دوران تاجروں کی تنظیموں کے اعلیٰ عہدیداران بھی ایس ایس پی سے ملاقی ہوئے اورت ان سے اپیل کی کہ بازار میں سرکاری یا غیر سارکاری پارکنگ کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں۔ایس ایس پی نے پونچھ کے تمام تاجروں اور دیگر عوام کا ان کی عزت افزائی کے لئے شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ پورے شہر کا دورہ کر رہے ہیں اور عوام کو درپیش مسائل کے بارے میں جانکاری حاصل کی ہے انہوں نے کہا کہ تاجروں کی جانب سے جو مطالبات ان سے کئے گئے ہیں وہ کوشش کریں گے کہ ان کو جلد سے جلد حل کیا جائے۔
اپنی پارٹی کا وفد ڈی سی پونچھ سے ملاقی
حسین محتشم
پونچھ// جموں و کشمیر اپنی پارٹی کے سینئر یوتھ لیڈر تنویر چوہدری کی قیادت میںایک وفد نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے ملاقات کی۔ وفد میں پارٹی لیڈران سید ساحل بخاری سید منظور حسین شاہ و افضل خان جنجوعہ بھی شامل تھے۔ وفد کا مقصد نہرو یووا کیندرا میں حال ہی میں ہوئی بھرتی میں ہونے والی دھاندلیوں کیلئے ضلع ترقیاتی کمشنر کو آگاہ کرنا تھا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز ضلع پونچھ میں نہرو یووا کیندرا میں ایک بھرتی عمل میں لائی گئی جس کی سلیکشن کمیٹی پر پہلے ہی اعتراض ہوامگر انتظامیہ نے کوئی توجہ نہیں دی جس کی بعداعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوانوں کو سلکشن لسٹ سے باہر نکال دیا گیا ۔ضلع ترقیاتی کمشنر سے ملاقات کرنے کے بعد اپنی پارٹی کے سینئر یوتھ لیڈر تنویر چوہدری نے پریس کے نام جاری اپنے ایک بیان میں بتایا ہے کہ انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر سے تفصیلی گفتگو کی ہے جس کے بعد موصوف نے انہیں یقین دہانی کروائی ہے کہ وہ آنے والے دو چار دنوں میں ہی مسئلے کا حل ڈھونڈیں گے اور جہاں کوئی ناانصافی ہوئی ہے اس کو دور کیا جائے گا۔
منڈی کے دو ہوٹلو میں آتشزدگی
عشرت حسین بٹ
منڈی//تحصیل صدر مقام منڈی کے بس اڈہ میں دو ہوٹلوں میں منگل کو اچانک آگ نمو دار ہوئی جس کی وجہ سے ہوٹلوں میں رکھا سامان جل گیا ۔اطلاعات کے مطابق بس اڈہ منڈی میں منگل کوبعد اچانک آتش زدگی کی وورداد رونما ہوئی جس دوران بشیر احمد ولد عبدل جبار اور عبدل مجید ولد محمد بشیر کے ہوٹلوں میں رکھا سامان جل گیا ۔عینی شاہدین کے مطابق مقامی لوگوں اور فایر اینڈ ایمر جنسی محکمہ کی کوششوں سے آگ پر بہت جلد قابو پایا گیا اور پوری مارکیٹ کو جلنے سے بچا لیا گیا ۔آگ لگنے کی وجہ سے بجلی کا شارٹ سرکٹ بتایا جارہا ہے ۔
پونچھ میں محکمہ تعلیم کی داخلہ مہم شروع
پونچھ// ڈائریکٹرسکول ایجوکیشن جموں کی ہدایت کے مطابق نئے تعلیمی سال میں سرکاری اسکولوں میں طلباء کے داخلے کے سلسلہ میں شروع کی گئی داخلہ مہم کا گورنمنٹ بوائزہائی سکول پُرانی پونچھ میں گزشتہ روز باقاعدہ آغاز کیا گیا۔ اس موقع پر سکول ہیڈ ماسٹر دیوندر کور نے سکول سٹاف کے ہمراہ سکول کے گردو نواح میں مقیم والدین سے مُلاقات کی۔ اُنہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو نئے تعلیمی سال میںچھٹی تا دسویں جماعت میں داخلہ کے لئے ہائی سکول پُرانی پونچھ کا رُخ کریں۔ موصوفہ نے بچوں اور والدین سے کہا کہ ہائی سکول پُرانی پُونچھ میںاعلیٰ تعلیم و تربیت یافتہ اساتذہ موجودہیں جو طلباء کے تمام تر تعلیمی خدشات کو دُور کرکے اُنہیں بہتر طور ذہن نشین کرانے کی بھر پُور صلاحیت رکھتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ سکول میں معمول کی تعلیمی سرگرمیوں کے علاوہ دیگر غیر نصابی سرگرمیوں میںسمارٹ کلاس، آئی سی ٹی لیب، این سی سی وِنگ ، لائبریری، مِڈ ڈے مِیل اور کھیل کُود کے مقابلے بھی شامِل ہیں جو طلباء کی ہمہ گیر ترقی کے لئے نہایت اہم ہیں۔ ہیڈ ماسٹر نے مزید کہا کہ بچوں کو تربیت یافتہ اساتذہ سے مستفید ہونے ، اِنہیں تمام تر نصابی و غیر نصابی سہولتوںکا فائدہ اُٹھانے اور اچھے تعلیمی ماحول کے لئے ہائی سکول پُرانی پونچھ کا اسٹاف آپ کا خیر مقدم کرتا ہے۔