رام بن ضلع میں کووڈ ایس او پیز کی خلاف ورزی
14000 روپے کا جرمانہ وصول، 784 نمونے جمع
رام بن //ضلع رام بن میں کووڈ پروٹوکول کے نفاذ کے لئے مہم کو جاری رکھتے ہوئے انفورسمنٹ ٹیموں نے چہرے کے ماسک پہنے بغیر گھومنے اور جسمانی فاصلہ برقرار نہ رکھنے پر متعدد خلاف ورزی کرنے والوں کو جرمانہ کیا۔انفورسمنٹ ٹیموں نے اپنے اپنے دائرہ اختیار میں معائنے کے دوران14000 روپے جرمانہ وصول کیاجبکہ 1 اپریل 2021 سے جرمانے کی کل رقم 10ہزار 90ہزار روپے وصول ہوئی ہے۔انفورسمنٹ افسران نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ چہرے کے ماسک پہنیں اور جسمانی فاصلہ برقرار رکھیں اس کے علاوہ وہ اپنے قریبی سی وی سی میں کوویڈ ویکسی نیشن کی خوراکیں لیں۔چیف میڈیکل آفیسر رام بن ڈاکٹر محمد فرید بھٹ کی طرف سے جاری کردہ روزانہ بلیٹن کے مطابق محکمہ صحت نے 784 نمونے جمع کیے ہیں جن میں 201 آر ٹی پی سی آر اور 583 آر اے ٹی نمونے شامل ہیں۔
ڈوڈہ سے کووڈ کے 47 نئے کیس ،85 مریض شفایاب
ضلع میں114195 افراد کو ٹیکے لگائے گئے
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ سے آج کورونا وائرس کے 47 نئے مثبت کیس سامنے آئے ہیں اور 85 مریض صحتیاب ہوئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق اتوار کے روز ڈوڈہ، بھدرواہ، عسر ،ٹھاٹھری و گندوہ میں ہوئی کووڈ جانچ کے دوران 47 افراد کی ٹیسٹ رپورٹ مثبت آئی ہے اور 85 مریض شفایاب ہوئے ہیں۔اس طرح سے ضلع میں فعال کیسوں کی تعداد 1030 رہ گئی ہے اور 4926 مریض شفایاب ہوئے ہیں۔ضلع میں کورونا وائرس سے اب تک 93 ہلاکتیں ہوئیں ہیںاور 114195 افراد میں ٹیکے لگائے گئے۔
جعلی ڈرائیونگ لائسنس نیٹ ورک کا پردہ فاش
پولیس نے دوکان کو کیا سربمہر، ایک شخص گرفتار
عاصف بٹ
کشتواڑ// پولیس نے جعلی ڈرائیونگ لائسنس جاری کرنے کے نیٹ ورکا پردہ فاش کرتے ہوئے ایک دکان کو سربمہر کرنے کے علاوہ ایک شخص کو گرفتار کرلیا۔ایک مخصوص کمپیوٹر دکان،جوتحصیل چھاترو کے بس سٹینڈ میں واقع ہے،کو پولیس نے سربمہرکیا۔دکان مالک کی پہچان مدثر حسین ولدحبیب اللہ ساکنہ بٹواری تحصیل چھاترو کے طور ہوئی ۔ انسپکٹر سندیپ پریہار ایس ایچ تھانہ چھاترو نے اپنی ٹیم کے ہمراہ مذکورہ دکان پر چھاپہ مارا جس دوران دوکان سے جعلی ڈرائیونگ لائسنس برآمد کیا اور ملزم کو گرفتار کرلیا اور کمپیوٹر ڈیوائس بھی قبضے میں لے لئے۔ اس سلسلے میں پولیس نے ایف آئی آر نمبر 30/2021 U / S 420/467/468 IPC 66 D IT ایکٹ پولیس تھانہ چھاترو میں درج کرلیااور تفتیش شروع کردی۔
پلماڑ میں پولیس کمیونٹی پارٹنرشپ گروپ کا اجلاس منعقد
عاصف بٹ
کشتواڑ//عوامی رسائی پروگرام کے حصے کے طور پر ایس ایس پی کشتواڑ شفقت حسین بٹ کے ہمراہ ایڈیشنل ایس پی نے سوزنا پلماڑ میں پولیس کمیونٹی پارٹنرشپ گروپ کا اجلاس منعقد کیا ۔اجلاس میں علاقے کے معزز افراد ، ڈی ڈی سی/بی ڈی سی ممبران ، سرپنچ ، پنچوں اور نوجوانوں نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران شرکا نے مختلف امور اٹھائے۔ ایس ایس پی کشتواڑ نے انکے سبھی مطالبات کو بغور سنا اور شرکا کو یقین دلایا کہ پولیس سے متعلقہ معاملات کو ترجیحی طور پر حل کیا جائے گا اور ان کے ازالے کے لئے سول انتظامیہ سے متعلق امور ضلع انتظامیہ کے ذریعہ اٹھائے جائیں گے۔ ملاقات کے دوران ایس ایس پی کشتواڑ نے شرکا کو بری سرگرمیوں سے آگاہ کیا اور زور دیا کہ وہ نشے ، شراب نوشی سے بچیں اور قومی مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے سے باز رہیںجبکہ قومی مخالف سرگیوں میں ملوث افراد جن کی سرگرمیاں معاشرتی مخالف ہیں انکی تفصیلات فراہم کریں تاکہ پولیس ان افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کرسکے۔
پتنی ٹاپ میں گولی چلانے پر 4افراد گرفتار
ایم ایم پرواز
رام بن//بٹوت پولیس نے دیر رات پہاڑی صحت افزاء مقام پتنی ٹاپ میں فضا میں کچھ گولیا ں چلانے پر چار افراد کو گرفتار کیا۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ چار نوجوان جوسیر کے لئے پتنی ٹاپ آئے تھے ، ان میں سے ایک کے پاس ایک ریوالور تھا ، جس نے ہوائی فائرنگ کے کچھ راؤنڈ کھولے تاہم فائرنگ کی اطلاع ملنے پر پولیس ٹیم موقع پر پہنچی اور چاروں افراد کو گرفتار کرلیا۔پولیس نے بتایا کہ شراب کے زیر اثر انہوں نے فائرنگ کی۔پولیس نے ان کی شناخت ادھم سنگھ ساکن وجے پور سانبہ ،روی کمار ،وکرم سنگھ اور احد شرما ساکنان وجے پور اور رام گڑھ ضلع سانبہ کے طور کی ہے۔پولیس نے تھانہ بٹوت میں ایف آئی آرزیر نمبر61/2021 زیر دفعات 333/510/109 آئی پی سی ،بی / 25 اسلحہ ایکٹ درج کر لیا ہے۔ان کے قبضے سے ایک ریوالور اور ایک گولی برآمد ہوئی ہے۔
جی آر میموریل ٹرسٹ کا پونچھ میں مفت طبی کیمپ
400مریضوں کو مفت ادویات فراہم کی گئیں
جموں//جی آر بیگ میموریل ٹرسٹ کی جانب سے اتوار کو پونچھ میں ایک طبی کیمپ کا انعقاد کیا گیا ۔ کیمپ کی افتتاحی تقریب میں ڈی سی پونچھ اور ایس ایس پی پونچھ بطور مہمان خصوصی شامل ہوئے جبکہ تقریب میں جی آر بیگ میموریل ٹرسٹ کے چیرمین اشتیاق بیگ بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی سی پونچھ نے کورونا صورتحال میں مفت طبی کیمپوں کی افادیت اجاگر کی‘‘۔ڈی سی پونچھ نے بتایا کہ جی آر میوریل ٹرسٹ کی جانب سے مفت طبی کیمپ کے دوران مریضوں کا معائنہ کرانے اور مفت ادویات فراہم کرنے سے غریب مریضوں کو راحت ملی ہے۔ انہوں نے جی آر ٹرسٹ کے منتظمین سے پونچھ میں دوبارہ مفت طبی کیمپ منعقد کرنے کی درخواست بھی کی ہے۔اشتیاق بیگ نے بتایا کہ کیمپوں کے دوران 400مریضوں کو مفت معائنہ کرنے کے علاوہ ادویات بھی فراہم کی گئیں۔ اس موقع پر جی آر میموریل ٹرسٹ کے چیرمین اشتیاق بیگ نے میڈیکل کیمپ کے منعقد کرنے کیلئے ضلع انتظامیہ پونچھ کی سراہنا کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرسٹ پونچھ اور راجوری میں جلد دوبارہ میڈیکل کیمپوں کا انعقاد کرے گا۔