سٹیٹ بینک چیئرمین لیفٹینٹ گورنر سے ملاقی
سرینگر//اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے چیئرمین دنیشن کمارکھارایہاں راج بھون میں لیفٹینٹ گورنر سے ملاقی ہوئے۔چیئرمین نے لیفٹینٹ گورنرکو اسٹیٹ بینک کی طرف سے جموں کشمیرمیں مالیاتی خدمات انجام دینے کیلئے کئے گئے اقدامات کی جانکاری دی۔انہوں نے لیفٹینٹ گورنرسے جمون کشمیرمیں مزیدمالیاتی سہولیات شروع کرنے پربھی تبادلہ خیال کیا۔لیفٹینٹ گورنرنے اسٹیٹ بینک کے چیئرمین پرزوردیاکہ جموں کشمیرمیں نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ مالی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ وہ اپنا روزگار کمانے کیلئے کاروبار شروع کرسکیں۔
حکومت جموںوکشمیر کی دستکاریوں کو فروغ دینے کی وعدہ بند | بصیر خان نے انڈیاپوسٹ کاخصوصی پوسٹل کور جاری کیا
سری نگر//لیفٹیننٹ گورنرمنوج سِنہا کی قیادت میں حکومت دستکاری بالخصوص جموںوکشمیر کے دستکاری شعبے کو فروغ دینے کے لئے وعدہ بند ہے۔اِن باتوں کا اِظہار لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمدخان نے کشمیر ہاٹ نمائش گاہ گرائونڈ میں دستکاری شعبے میں کاریگروں کو سٹیٹ ایوارڈ دیتے ہوئے اور اِنڈیا پوسٹ کی طرف سے خصوصی پوسٹل کور جاری کرتے ہوئے کیا۔یہ ایوارڈ مختلف زمروں بشمول سوزنی ، پیپر ماشی ، چین دلائی ، کریول اور کارپٹ میں دئیے گئے ہیں۔جی آئی ٹیگ جاری ہونے والی کشمیری مصنوعات جیسے کشمیر ی شال ، کشمیری پشمینہ ، کشمیری سوزنی کرافٹ ، کشمیر پیپر ماشی ، کشمیری اخروٹ لکڑی کی نقش و نگار ، ختم بند اور کشمیر ہینڈ نوٹیڈ قالین پر خصوصی کور شامل ہیں۔مشیر موصوف نے کہا کہ کاریگروں کو ایوارڈ دینا ایک حوصلہ افزائی ہے اور کشمیر ی ہنر اور تجارت کو زندہ رکھنے کی ان کی کوششوں کا اعتراف ہے۔اُنہوںنے کہا کہ حکومت جموں و کشمیر کے تمام دستکاریوں کو فروغ دینے کے لئے پُر عزم ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر خطے کی دستکاری صنعت کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر اعلیٰ مقام پر لے جانا چاہتے ہیں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے جموںوکشمیر یوٹی کے روایتی دستکاری کو زندہ رکھنے کے لئے کاریگروں اور بُنکروں کے لئے کار خانہ دار سکیم کا آغاز کیا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ اِس سکیم کا بنیادی مقصد ایسے دستکاری ہنر کو اَپ گریڈیشن کے لئے تربیت دینا ہے جو کہ اِنسانی وسائل کی کمی کا سامنا کر رہے ہیں جس میں اخروٹ لکڑی کی نقش و نگار ، چاندی کی پٹہ ، قالین ، کنی شال بنائی ، ختم بند اور پیپر ماشی دستکاری شامل ہیں۔مشیر موصوف نے ایوارڈ یافتہ اَفراد کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ یہ تقریب ان کاریگروں کو پہچاننے کی ہے جو اَپنے متعلقہ دستکاری کی نمائندگی کرتے ہیں کیوں کہ آرٹ کی ایسی مثال دُنیا میں کہیں نہیں مل سکتی ۔اُنہوںنے مزید کہا کہ دُنیا بھر میں کشمیر کی دستکاری کو فروغ دینے اور اس کی تشہیر کے لئے مختلف اِقدامات کئے گئے ہیں۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر پوسٹل سروس رجو گنگولی نے کہا کہ انڈیا پوسٹ دنیا بھر میں دستکاری کو فروغ دینے کے لئے کئی اقدامات کر رہی ہے اور ایسا ہی ایک قدم یادگاری خصوصی پوسٹل کور جاری کررہا ہے۔اِس موقعہ پر ہینڈلوم اینڈ ہینڈی کرافٹس کشمیر محمود احمد شاہ نے بھی اَپنے خیا لات کا بھی اِظہار کیا ہے۔
تینوں خطوں کی وحدت اولین ترجیح:اکبرلون | نیشنل کانفرنس اپنے موقف پر چٹان کی طرح قائم
سرینگر// نیشنل کانفرنس اپنے مؤقف پر چٹان کی طرح قائم و دائم ہے اورجموں کشمیرکے تینوں خطوں کی انفرادیت، اجتماعیت،وحدت کوقائم و دائم رکھنے کیلئے ہر چیلنج کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہے اور جموں و کشمیر کے عوام کے حقوق کی بحالی کیلئے ہر سطح پر جدوجہد میں محوہے۔ایک بیان کے مطابق ان باتوں کا اظہار نیشنل کانفرنس کے رکن پارلیمان محمد اکبر لون نے حاجن، نائد کھائے، بہارآباد اور سمبل سوناواری کے کارکنوں کے ایک اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ نئی دلی کے سخت گیر حکمرانوں کو برصغیر کے سیاسی حالات کا مشاہدہ کرکے کشمیری عوام کے ساتھ وہ تمام وعدے پورے کرنے چاہئیں جو انہوں نے جموں وکشمیر کے عوام سے وقت وقت پر کئے ہیں۔ اس موقع پر محمد اکبر لون نے حلقہ انتخاب سمبل سوناواری کے ساتھ ساتھ شمالی کشمیر کی تمام رابطہ سڑکوں پر موسم کے رہتے میکڈیم بچھانے اور لوگوں کو بجلی اور پینے کے پانی کے علاوہ دیگر مسائل و مشکلات کا ازالہ کرنے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے شادی پورہ اور شلوت کے باندھوں میں دراڑیں پڑنے پر تشویش کا اظہار کیا اور ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پر زور دیا کہ ان باندھوں کی فوری مرمت کی جائے کیونکہ اس سے لوگ زبردست تشویش میں مبتلا ہوگئے ہیں۔
جہانگیر چوک میں صحافیوں کی مارپیٹ پرصحافتی اورسیاسی تنظیمیں برہم| نیشنل کانفرنس،اپنی پارٹی،پی ڈی ایف ،سول سوسائٹی فورم کی مذمت
سرینگر//صحافتی اور سیاسی تنظیموں نے جہانگیر چوک میں عزاداروں کے جلوس کی کوریج کرنے کے دوران پولیس کی طرف سے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کی مارپیٹ کرنے اور ان کے کیمرے توڑنے کی مذمت کرتے ہوئے اس واقعہ کی تحقیقات کرکے قصورواراہلکاروں کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ کشمیر پریس کلب کی جانب سے جاری بیان میں مطالبہ کیاگیاہے کہ پولیس حکام واقعہ میں ملوث متعلقہ پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کریں اور پولیس افسروں واہلکاروںکو یہ واضح ہدایت دیں کہ وہ میڈیا کی آزادی کا احترام کریں۔بیان میں کشمیر پریس کلب نے مزیدکہاکہ میڈیا سے وابستہ افراد اپنی پیشہ ورانہ ڈیوٹی سرانجام دے رہے تھے لیکن پولیس نے اُن کیخلاف کارروائی کی جو بلاجواز اور بدقسمتی ہے۔کشمیرپریس کلب نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پولیس حکام کو آزادی صحافت کا احترام کرنے کی ضرورت ہے جیسا کہ آئین کے تحت بیان کیا گیا ہے اور اس واقعے میں ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔ایڈیٹرس فورم نے جہانگیر چوک میں منگلوار کو محرم کے سلسلے برآمدہوئے جلوس کااحاطہ کرنے کے دوران پولیس کی طرف سے ذرائع ابلاغ سے وابستہ افراد کی مارپیٹ کرنے اورایک فوٹوجرنلسٹ کا کیمرہ توڑنے کوانتہائی افسوسناک اورباعث تشویش قراردیا۔ فورم کے ترجمان نے بتایاکہ پریس کلب میں منعقدہ فورم کے ایک اجلاس میں ارکان نے کہا کہ محرم جلوس کوکور کرنے کے دوران پولیس کی طرف سے میڈیا سے وابستہ افرادکی مارپیٹ اورایک فوٹو جرنلسٹ کاکیمرہ توڑناانتہائی افسوسناک اورباعث تشویش ہے ۔جموں وکشمیر ایڈیٹرس فورم کے ارکان نے بتایاکہ کشمیر میں میڈیا سے وابستہ افراد دہائیوں سے مشکل ترین حالات میں بھی اپنے پیشہ وارانہ فرائض بخوبی انجام دیتے آرہے ہیں ،لیکن صحافیوں کوآئے دنوں پریشانی اورہراسانی کاسامنا کرناپڑتا ہے،جسکے باعث میڈیا سے وابستہ افرادکواپنے پیشہ وارانہ فرائض انجام دینے میں سخت مشکلات درپیش ہیں ۔اس دوران اپنی پارٹی کے سینئر نائب صدر غلام حسن میر نے جہانگیر چوک میں محرم جلوس کی کوریج کرنے کے دوران صحافیوں کی مارپیٹ کو غیر جمہوری اور نا مناسب کارروائی قرار دیا ہے۔ ایک بیان میں میر نے کہاکہ صحافت جمہوریت کا چوتھا ستون ہے اور معمول کے حالات وواقعات کی کوریج کرنا اُن کی پیشہ وار ذمہ داری ہے اور اُن پر کسی بھی قسم کی طاقت کا استعمال نہیں ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ آج کا واقعہ جس میں صحافیوں نے الزام لگایا ہے کہ پولیس نے اُن کی فرائض کی انجام دہی کے دوران مارپیٹ کی، لاٹھی چارج کا استعمال کیا، وہ انتہائی قابل ِ مذمت ہے، یہ صحافی اپنی معمول کی پیشہ وارانہ ڈیوٹی انجام دے رہے تھے۔ اِس طرح کی کارروائیوں سے باز رہنا چاہئے جوکہ ہمارے ملک کے جمہوری اقدار کے منافی ہے۔ میر نے حکومت پر زور دیا کہ وہ طاقت کے استعمال کو چیک کریں اورپولیس کو تحمل مزاجی کا حکم دیاجائے تاکہ اِن معصوم صحافیوں کو تکلیف نہ پہنچے جو اپنی پیشہ وارانہ ڈیوٹی پر ہیں۔پیپلزڈیموکریٹک فرنٹ کے چیئرمین حکیم محمد یاسین نے منگلوار کو جہانگیر چوک میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کی محرم کے عزاداروں کی جلوس کی کوریج کرنے کے دوران پولیس کے ہاتھوں مارپیٹ کرنے کی مذمت کی ہے۔ایک بیان میں حکیم یاسین نے کہاکہ ذرائع ابلاغ جمہوریت کاچوتھاستون ہے اوراِسے اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاںآزادی کے ساتھ انجام دینے کی اجازت دی جانی چاہیے۔انہوں نے ذرائع ابلاغ سے وابستہ افراد کی مارپیٹ کرنے کے بدقسمت واقعہ کی تحقیقات کرنے کا مطالبہ کیاتاکہ قصورواروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔نیشنل کانفرنس کے ڈاکٹر کمال نے صحافیوں کیخلاف بلاجواز طاقت کے استعمال میں ملوث اہلکاروں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ بھی کیا۔ ادھرایک بیان میں جے کے سی ایس ایف کے چیئرمین عبدالقیوم وانی نے صحافیوں کی پٹائی اور لاٹھی چارج کرنے پر تشویش کا اظہار کیا ۔وانی نے کہا کہ صحافی چاہے وہ فوٹوجرنلسٹ ہوں یا ویڈیو صحافی ہمیشہ اپنے پیشہ ورانہ فرائض انجام دیتے ہیں جو ان کے آلات اور پیشے کی کارگزاری سے ظاہر ہوتا ہے، ان پر تشدد اور لاٹھی چارج کرنا سراسر ناانصافی اور آزادی صحافت پر حملہ ہے۔جے کے سی ایس ایف اس معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کرتا ہے اورحکام پر زور دیتا ہے کہ وہ تمام زمروں کے صحافیوں کو آزاد اور منصفانہ ماحول میں اپنے فرائض انجام دینے کی اجازت دیں۔اس دوران نیشنل کانفرنس نے پولیس کی طرف سے محرم جلوسِ عزاء پرطاقت کے استعمال کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ پارٹی کے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال نے محرم کے سلسلے میں نکالے جارہے جلوسوں اور عزاداروں کے خلاف طاقت کا بے تحاشا استعمال کرنے اور انہیں گرفتار کرکے تھانوں میں بند کرنے کو مداخلت فی الدین سے تعبیر کرتے ہوئے حکومتی اقدامات کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ عزاداروں کیخلاف طاقت کا استعمال ، ٹیئر گیس شلنگ اور صحافیوں کی مارپیٹ ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ پہلے انتظامیہ نے محرم کے جلوس نکالنے کیلئے اجازت دینے کے ڈھنڈورے پیٹے اور آخر پر لوگوںکو ماتمی جلوسوں کونکالنے کی اجازت نہیں دی اور کئی مقامات پر لاٹھی چارج کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ماتمی جلوسوں کیخلاف اس قسم کے طاقت کا بے تحاشہ استعمال سراسر غیر جمہوری، غیر اخلاقی اور مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو مجروح کرنے نیز مذہبی معاملات میں مداخلت کے مترادف ہے۔
بیرسٹرسلطان محمودچوہدری پاکستانی زیرانتظام کشمیرکے صدرمنتخب
اسلام آباد//بیرسٹر سلطان محمودچوہدری پاکستانی زیرانتظام کشمیرکے صدرمنتخب ہوئے ہیں۔پاکستانی زیرانتظام کشمیر کے حالیہ عام انتخابات میں میرپور سے رکن قانون ساز اسمبلی منتخب ہونے والے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے 34 ووٹ حاصل کیے جبکہ متحدہ اپوزیشن کے امیدوار میاں عبدالوحید نے 16 ووٹ حاصل کیے۔ریڈیو پاکستان کے مطابق پاکستانی زیرانتظام جموں و کشمیر کے موجودہ صدر سردار مسعود خان 24 اگست کو اپنی آئینی مدت صدارت پوری ہونے پر سبکدوش ہوجائیں گے، جس کے بعد بیرسٹر سلطان محمود چوہدری ان کی جگہ لیں گے۔سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق صدارتی انتخاب کے لیے قانون ساز اسمبلی کا خصوصی اجلاس دو گھنٹے تاخیر سے شروع ہوا۔پی ٹی آئی کے سینیٹر فیصل جاوید خان نے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی کامیابی کے اعلان ہوتے ہیں ٹوئٹر پر انہیں مبارک باد دی۔انہوں نے کہا کہ ’پی ٹی آئی‘ کے بیرسٹر سلطان محمود کو پاکستانی زیرانتظام کشمیر کا صدر منتخب ہونے پر مبارک باد اور ڈھیروں دعائیں، انشااللہ آپ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق کشمیریوں کے حقوق کے لیے اعلیٰ کردار ادا کریں گے اور کشمیر میں حقیقی تبدیلی لے کر آہیں گے۔
کولگام میںبھاجپا کارکن کی ہلاکت پر سیاسی جماعتوںکی مذمت | بلاجواز:حکیم ،ناقابل قبول:اپنی پارٹی،جنگجوئوں کی بوکھلاہٹ:الطاف ٹھاکر
سرینگر//کولگام میں بھاجپا کارکن کی نامعلوم بندوق برداروں کے ہاتھوں ہلاکت کی سیاسی جماعتوں نے مذمت کی ہے۔ایک بیان میںبھارتیہ جنتاپورٹی کے ترجمان الطاف ٹھاکور نے ہوم شالی بگ حلقہ انتخاب کے بھاجپاصدرکی ہلاکت کو جنگجوئوں کی بوکھلاہٹ سے تعبیر کیا ہے۔انہوں نے سوگوار کنبے کے ساتھ تعزیت کااظہار کرتے ہوئے اس واردات میں ملوثین کوفوری طور کیفرکردار پہنچانے کامطالبہ کیا۔پیپلزڈیموکریٹک فرنٹ کے چیئرمین حکیم محمدیاسین نے کولگام میں نامعلوم بندوق برداروں کے ہاتھوں بھاجپاکارکن جاویداحمدڈار کوقتل کئے جانے کی مذمت کی ہے۔ایک بیان میں حکیم یاسین نے کہا کہ غیرمسلح معصوم افراد کاقتل تمام مذاہب کے اصولوں کے خلاف ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسی ہلاکتوں سے کشمیر میں لوگوں کی مصیبتوں اورخون ریزی میں اضافہ ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی طرح کی ہلاکتیں ناقابل قبول اورقابل مذمت ہیں۔انہوں نے مزیدکہا کہ تشدد کسی مسئلہ کاحل نہیں ہے اور لاقانونیت ست کشمیر میں صرف قبرستان آباد ہوئے ہیں۔ دریں اثناء اپنی پارٹی صوبائی صدر کشمیر محمد اشرف میر نے منگل کے روز برازلو کولگام میں بی جے پی ورکر کوہلاک کرنے کی پرزور مذمت کی ہے۔ ایک بیان میں میر نے اس واقعہ کو انتہائی قابل مذمت قرار دیتے ہوئے فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے تاکہ اس گھناؤنے فعل کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔انہوں نے کہاکہ اپنی پارٹی اس خوفناک واقعہ کی پرزورمذمت کرتی ہے جس کے نتیجے میں بی جے پی کارکن جاوید احمد ڈار کا قتل کیاگیا۔ اس طرح کے تشدد سے عام لوگوں کی تکالیف میں اضافہ کے علاوہ کچھ حاصل نہیں ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ کسی بے گناہ کو قتل کرنے کی کوئی جوازیت نہیں ہے اور دنیا بھر کے کسی بھی مہذب معاشرے میں اس طرح کے تشدد کی کوئی گنجائش نہیں۔
متوفی پولیس اہلکاروں اور ایس پی اوزکے لواحقین کے حق میں75لاکھ کی امداد منظور
سری نگر//پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے مہلوک پولیس اہلکاروں اورایس پی اوئوزکے لواحقین کیلئے فلاحی امدادکومنظوری دی ۔ ان پولیس اہلکاروںو ایس پی اوئوز جو سروس کے دوران فوت یاجا ں بحق ہوچکے ہیں،کے قانونی وارثوں کو مالی مدد فراہم کرنے کی کوشش کو جاری رکھتے ہوئے ، ڈائریکٹر جنرل پولیس دلباغ سنگھ نے مختلف احکامات کے تحت75 لاکھ روپے بطور اسپیشل ویلفیئر ریلیف منظور کئے ہیں۔پولیس ہیڈکوارٹرکی جانب سے جاری بیان میں جانکاری فراہم کی گئی کہ مقتول اے ایس آئی عبدالغنی بٹ ، سی ٹی اشرف حسین اور پیروکار اشونی کمار کے قانونی ورثاء کے حق میں فی کنبہ20 لاکھ روپے کی خصوصی ویلفیئر ریلیف منظور کی گئی ۔اس رقم میں سے ایک لاکھ روپے فوری طور پر ریلیف کے طور پر مقتول پولیس اہلکاروں کو ان کے متعلقہ یونٹس کے ذریعے پولیس ہیڈکوارٹر کے ذریعہ آخری رسومات انجام دینے کیلئے ادا کئے جا چکے ہیں۔یہ مالی معاونت پولیس ویلفیئر فنڈ سے دی گئی ہے۔ڈی جی پی نے مہلوک ایس پی ائوز بلبیر راج ، امتیاز احمد بٹ اور اقبال سنگھ کے قانونی وارثوں کے حق میں فی کنبہ 5 لاکھ روپے کی خصوصی ریلیف بھی منظور کی ہے جو محکمہ میں اپنی خدمات انجام دینے کے دوران انتقال کر گئے۔ مالی امداد ایس پی اوئوز کے کنٹری بیوٹری ویلفیئر فنڈ سے دی گئی ہے۔
فارغ طلاب کی تقرریاں یونیورسٹیوں کی کارکردگی جانچنے کا بہترین معیار:پروفیسررومشو
اونتی پورہ//اسلامک یونیورسٹی اونتی پورہ میں منگلوار کودوروزہ آن کیمپس پلیسمنٹ مہم شروع ہوئی جس دوران طلبہ کوبزنس ڈیولپمنٹ ایگزیکیٹو کے طورایکسٹرامارکس ایجوکیشن انڈیاپرائیویٹ لمیٹیڈ میں تقررکیاجائے گا۔اس دوران یونیورسٹی کے انجینئرنگ،منیجمنٹ او رسائنس شعبوں سے350طلاب نے اس مہم میں حصہ لینے کیلئے ناموں کا اندراج کیا۔اس موقعہ پرتقریر کرتے ہوئے یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرشکیل احمد رومشو نے کہا کہ پلیسمنٹ یونیورسٹیوں کی کارکردگی کی جانچنے کابہترین معیار ہے۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی طلبہ کے فائدے کیلئے پلیسمنٹ مہموں اورآئوٹ ریچ پروگراموں میں اضافہ کرے گی۔انہوں نے کہا کہ وقت کاتقاضا ہے کہ قومی سطح پرطلبہ کی پلیسمنٹ کیلئے آئوٹ ریچ پروگراموں کومضبوط بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی طلبہ کو پلیسمنٹ کیلئے بہترین پلیٹ فارم مہیا کرے گی ۔
قبائلی ریسرچ انسٹی چیوٹ کا قیام | ورکنگ گروپ کی پہلی میٹنگ میں مختلف امورپرتبادلہ خیال
سرینگر //حکومت کی طرف سے قبائلی ریسرچ انسٹی چیوٹ کے قیام کیلئے قائم کردہ ورکنگ گروپ نے اپنی پہلی میٹنگ منعقد کی جس میں انفراسٹریکچر ، افرادی قوت ، انسانی وسائل کے علاوہ ثقافتی اور تحقیقی شعبوں کے منصوبے کو حتمی شکل دی گئی ۔ سیکرٹری قبائلی امور اور ڈائریکٹر ٹی آر آئی ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے ورکنگ گروپ کے اجلاس کی صدارت کی جس میں سیکرٹری جے اینڈ کے اکیڈمی آف آرٹ ، کلچر اینڈ لینگویجز /ڈائریکٹر آرکائیوز اینڈ آرکیالوجی راہول پانڈے ، ڈائریکٹر ٹرائیبل افئیرز مشیر مرزا ،ڈائریکٹر لائیبریری اور ریسرچ رفیع احمد ، داکٹر جسبیر سنگھ اور پروفیسر دیپانکر سینگپتا ، جموں یونیورسٹی کے ایچ او ڈی پروفیسر پیر زادہ امین ( کشمیر یونیورسٹی ) اور پروفیسر جی ایم ملک ( بی جی ایس بی یو ) کے علاوہ ورکنگ گروپ کے تمام ممبران نے شرکت کی ۔ ورکنگ گروپ نے قبائلی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ اور یو ٹی میں متعلقہ کلچر سنٹرز کے وقت کے پابند کرنے کے مختلف منصوبوں ایجنڈے میں ٹی آر آئی کے قیام کا روڈ میپ ، عملے کی منظوری کی تجویز ، مختلف تنظیموں اور محکموں سے عملے کی تقرری ، قبائلی ریسرچ فیلو شپ ، عجائب گھروں کا قیام ، قبائلی ریسرچ چئیرز ، انسٹی ٹیوٹ آف ریسرچ آف ٹرائیبل ہیلتھ ، انسٹی ٹیوٹ آف ایوارڈز کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ۔ ڈاکٹر شاہد چودھری نے ٹی آرآئی کے قیام کیلئے روڈ میپ پیش کیا جس میں مختلف شعبوں پر محیط تحقیقی اور ثقافتی ونگ شامل ہوں گے ۔ سیکرٹری جے کے اے اے سی ایل اور ڈائریکٹر آرکائیوز اینڈ آرکیالوجی راہول پانڈے نے میوزیم اور ٹیکنیکل سٹافنگ کیلئے ہر طرح کے تعاون کی تجویز پیش کی ۔ ڈائریکٹر لائیبریریز اینڈ ریسرچ رفیع احمد نے قبائلی زبانوں اور ثقافت کے مختلف پہلوؤں کے ساتھ ساتھ نئے ادبی منصوبوں پر لائیبریریوں کے قیام کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ۔
لطیف چیف سیکریٹری کے پرائیویٹ سیکریٹری مقرر
سرینگر//جے کے اے ایس (گزیٹیڈسروس)کے لطیف احمدکوچیف سیکریٹری کاپرائیویٹ سیکریٹری مقرر کیا گیا ہے۔اس سلسلے میں جنرل ایڈمنسٹریشن محکمہ کی طرف سے ایک حکم جاری کیا گیا ہے۔لظیف احمداس سے قبل فائنانشل کمشنر کے دفترمیں پرائیویٹ سیکریٹری کے عہدے پر مقرر تھے اوراب انہیں تبدیل کرکے چیف سیکریٹری کے دفتر میں تعینات کیاگیاہے۔
سکم میں زعفران کی ممکنہ کاشت،اعلیٰ سطحی میٹنگ میں غور
سرینگر//سکم میں زعفران کی کاشت کے مختلف پہلوئوں کاجائزہ لینے اور ان پرغور کرنے کیلئے کشمیرصوبے کے زراعت محکمہ کے ڈائریکٹر چودھری محمد اقبال اور سکم یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسر اویناش کھارے کی صدارت میں ایک میٹنگ منعقد ہوئی۔میٹنگ کے دوران سکم کے مختلف مقامات پر زعفران کا کاشت کو ممکن بنانے کے مختلف پہلوئوں پرغور کیاگیا۔اس موقعہ پر زراعت کے ڈائریکٹر نے زعفران شعبے کوفروغ دینے کے عزم کودہرایا۔انہوں نے کہا کہ کشمیرمیں پیدا ہونے والازعفران اعلیٰ معیار کاہوتا ہے اور زعفران کے معاملے میں ہم ٹیکنالوجی اورڈھانچے میں ہم کافی آگے بڑھ چکے ہیں ۔ سکم میں زعفران کا کاشت کومتعارف کرانے کیلئے ایک طویل المدتی منصوبے پر کام ہورہا ہے ۔ناظم زراعت نے میٹنگ کے دوران سکم سے آئے شرکاء کو یقین دلایا کہ ان کا محکمہ سکم میں زعفران کی کاشت کوممکن بنانے کیلئے انہیں ہر ممکن تعاون دے گا۔اس دوران سکم یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے محکمہ زراعت کے ڈائریکٹر کا شکریہ اداکیا۔
گگن گیر میں آوارہ بندرکی ہڑبونگ | بچے اور دوخواتین کو زخمی کردیا
کنگن//غلام نبی رینہ//گگن گیر سونہ مرگ میں ایک آوارہ بندر نے ایک ہفتے میں دو خواتین سمیت تین افراد کو ذخمی کردیا جس کی وجہ سے مقامی بستی میں تشویش پائی جاتی ہے۔ مقامی لوگوں نے کشمیر عظمی بتایا کہ گگن گیر سونہ مرگ میں ایک بندر نمودار ہوگیا جس نے ایک ہفتے میں ایک بچے اور دو خواتین کو زخمی کردیا جس کے نتیجے میں بچے اور عورتیں گھروں سے باہر نکلنے میں خوف محسوس کررہے ہیں ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ اگرچہ تین روز قبل محکمہ جنگلی حیات کے اہلکاروں نے بندر کو پکڑ کر نزدیکی جنگل میں چھوڑ دیا لیکن وہ جنگل سے دوبارہ واپس آکر مقامی بستی میں داخل ہوگیا۔ ایک مقامی شہری نے بتایا کہ بندر وہاں سے گذرنے والے لوگوں پر حملہ کرتاہے جس کی وجہ سے لوگوں میں خوف پیدا ہوگیاہے۔ مقامی لوگوں نے محکمہ جنگلی حیات کے افسران سے مطالبہ کیا ہے کہ آوارہ بند کو پکڑ کر دوسری جگہ پر منتقل کیا جائے تاکہ لوگ راحت کی سانس لے سکیں۔
ٹرائوٹ مچھلیوں کے 7لاکھ انڈے دیگر ریاستوں کو سپلائی
سرینگر//ایشیاء کے سب سے بڑے فش فارم کوکرناگ سے سات لاکھ سے زائد مچھلوں کے زندہ انڈوں کوبیرون یوٹی مختلف ریاستوں کو بھیج دیا گیا ہے جبکہ یہاں سے بیرون ممالک بھی ٹرائوٹ مچھلیوں کے زندہ انڈوں کو برآمد کیا جاتا ہے۔سی این آئی کے مطابق ضلع اننت ناگ کے کوکرناگ میں قائم ایشیاء کے سب سے بڑے فش فارم ، جہاں سے ہر برس ہزاروں کی تعداد میں زندہ انڈوں کو بیرون یوٹی کے علاوہ ملک سے باہر کے بھی برآمد کیاجاتا ہے، اس سال اب تک سات لاکھ سے زائدرینبو ٹرائوٹ کے زندہ انڈوں کو باہر بھیج دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں چیف پروجیکٹ آفیسر کوکرناگ محمد مظفر بزاز نے بتایا کہ اس سال اب تک یہاں سے اروناچل پردیش، ناگا لینڈ، اْتراکھنڈ اور دیگر ریاستوں کو قریب 7 لاکھ انڈے برآمد کئے گئے جن میں’’رینبو ٹروٹ‘‘مچھلیوں کے زندہ انڈے بھی شامل ہیں۔ کوکرناگ فش فارم سے ہی جموں کشمیر کے مختلف فش فارموں کیلئے ٹرائوٹ مچھلیوں کی سپلائی کی جاتی ہے جبکہ اس فارم سے بیرون ممالک جیسے بھوٹان، نیپال ، بنگلہ دیش، اور دیگر ملکوں کو بھی ٹرائوٹ مچھلیوں کے انڈے سپلائی کئے جاتے ہیں۔ یہ فش فارم وسیع رقبے پر قائم ہے۔
ملازمین،طلاب اور دیگر افرادکی نمایاں کارکردگی | ضلع کمشنر سرینگر کی مبارکباد، اسناد سے نوازا
سرینگر// ضلع انتظامیہ سرینگر نے مختلف شعبوں بشمول تعلیم ، سماجی خدمات، کھیل کود اور کووِڈ ۔19 میں شاندار خدمات انجام دینے والے افراد کو مبارکباد دی ہے۔اس سلسلے میں ڈی سی آفس کے میٹنگ ہال میں ایک تقریب کا اِنعقاد کیاگیا۔ ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر محمد اعجاز اَسد نے اس پروگرام کی صدارت کی ۔انہوں نے یوم آزادی کے موقعہ پر سرکاری ملازمین ، کووِڈ ۔19 واریرر ، طلباء اور کھیل اَفراد کو توصیفی اَسناد اور مومنٹوز سے نوازا۔ انہوںنے تین ہونہار طالب علموں کو بھی نوازا جنہوں نے حالیہ بارہویں جماعت کے اِمتحانات میں امتیازی پوزیشن حاصل کی ہے اور دو لڑکیاں جنہوں نے قومی اور بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لیا ۔اِن میں عشرت رشید او راِنشاء بشیر نے بالترتیب تھائی لینڈ او رامریکہ میں اِنڈین باسکٹ بال ٹیم کی نمائندگی کی ہے۔اِس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سرینگر نے تمام شرکأ کو مبارک باد دی او رکہا کہ محنت او راَپنے پیشے کے لئے لگن ،محنت کامیابی اور معاشرے میں منفرد مقام حاصل کرنے کی کلید ہے۔اُنہوں نے کووِڈ۔19 وَبائی اَمراض سے نمٹنے کے علاوہ ضلع میں فوری اور مؤثر عوامی ترسیلی نظام کو یقینی بنانے میں اِنتظامیہ کے دیگر تمام اہلکاروں کی شراکت کو سراہا۔اِس موقعہ پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر خورشید احمد شاہ ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سیّد حنیف بلخی ، جوائنٹ ڈائریکٹر پلاننگ محمد یاسین لون ، تمام سیکٹورل اَفسران اور دیگر متعلقہ اَفراد موجود تھے ۔پروگرا م کے اختتام پر ایڈیشنل حنیف بلخی نے شکریہ کی تحریک پیش کی اور معاشرے میں ان کی شراکت پر سب کی تعریف کی۔
روز گار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے پالی ٹیکنک کالجوں میں داخلہ لیں :ڈاکٹر سامون
سرینگر //پرنسپل سیکریٹری سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر اصغر حسن سامون نے منگل کو کشمیر گورنمنٹ پالی ٹیکنک کالج سرینگر کا دورہ کیا ۔ ان کے ہمراہ سیکرٹری جے کے بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن بھی تھے ۔ ڈاکٹر سامون نے ادارے کے پرنسپل سے داخلے کے عمل کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کیلئے کئے گئے اقدامات کے بارے میں دریافت کیا ۔ انہوں نے پرنسپل اور فیکلٹی پر صد فیصد داخلہ ہدف حاصل کرنے پر زور دیا ۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ ناقابلِ استعمال آلات /مشینری اشیاء کی جلد سے جلد نیلامی کریں تا کہ نئے جدید آلات کی خریداری ممکن ہو ۔ لائبریری کا دورہ کرتے ہوئے انہوں نے کتابوں کے ذخیرے کو بہتر بنانے پر زور دیا ۔ انہوں نے لائیبریری کے فرنیچر کی دیکھ بھال کیلئے ہدایات دیں ۔ اپنے دورے کے دوران پرنسپل سیکرٹری نے ایک سالہ ورثہ کرافٹ کورس کی موجودہ صورتحال کا بھی جائیزہ لیا ۔ یہ کورس خاص طور پر انسٹی ٹیوشن کی جانب سے لکڑی کے نقش و نگار کورس میں دلچسپی رکھنے والے طلباء کیلئے منعقد کیا جاتا ہے ۔ پرنسپل سیکرٹری نے ہدایت دی کہ ادارے کی طرف سے کی گئی صفائی مہم کے دوران کچرے کو دو دن کے اندر اندر ٹھکانے لگایا جائے ۔ ٹریننگ اور پلیس منٹ کا جائیزہ لیتے ہوئے انہیں بتایا گیا کہ رواں ماہ کے دوران مختلف پرائیویٹ تنظیموں میں 15 اُمیدوار رکھے گئے ہیں ۔ پرنسپل سیکرٹری نے ہدایت دی کہ 2014 کے سیلاب کے دوران تباہ ہونے والے 100 کلو واٹ کے سولر پاور پلانٹس کی جلد از جلد مرمت کی جائے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے جموں کشمیر یو ٹی کے نوجوانوں کوپیغام دیا کہ وہ اپنا اہم وقت ضایع نہ کریں بلکہ پالی ٹیکنک کالجوں میں تربیت حاصل کریں تا کہ مستقبل کے بہتر مواقع مل سکیں ۔ انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ ہر ضلع کے پالی ٹیکنک کالجوں میں اب جدید ترین انفراسٹریکچر موجود ہے اور نوجوانوں کو انڈسٹری کی ضروریات کے مطابق تربیت دی جا رہی ہے ۔
میاں خانوادے کے ساتھ تعزیت پرسی کا سلسلہ جاری | سیاسی، سماجی ،مذہبی اور ادبی تنظیموں کا خراج عقیدت
غلام نبی رینہ
کنگن// بابانگری وانگت کنگن میں تیسرے روز بھی تعزیت پرسی کرنے والوں کا تانتا بندھا رہا۔کئی سیاسی ،سماجی ،مذہبی اور ادبی تنظیموں سے وابستہ افراد نے سوگوار کنبے سے یکجہتی کا اظہار کیا اور مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈران ڈاکٹر بشیر احمد ویری، ایڈوکیٹ عبدالمجید لارمی، ترجمان عمران نبی ڈار، اعجاز جان، احسان پردیسی، قیصر گنائی، راجوری اور پونچھ کے یوتھ ضلع صدور اور دیگر زعماء بھی بابانگری گئے اور مرحوم کے پسماندگان خصوصاً سجادہ نشین درگاہِ میاں نظام الدین لاروی میاں الطاف احمد کی ڈھارس بندھائی ۔ اس دوران پارٹی کی اقلیتی سیل کے کنوینیر جگدیش سنگھ آزاد کی صدارت میں منگل کو ایک تعزیتی اجلاس منعقد ہوا جس میں پارٹی کے سینئر لیڈر میاں الطاف کے والد میاں بشیر احمد لاروی کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا گیا۔ آزاد نے کہا کہ میاں بشیر روحانی بزرگ ہونے کے ساتھ ساتھ سیاسی، سماجی اور ادبی دنیا میں بھی ایک خاص مقام رکھتے تھے۔ انہوں نے مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اُن کی جنت نشینی کیلئے دعا کی ۔ ادھر پنڈت اقلیتی سیل کے صدر ایم کے یوگی، سابق ایم ایل سی بھوشن لعل بھٹ اور ڈاکٹر سمیر کول نے بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن نے معروف دینی و سیاسی رہنما میاں بشیر احمد لاروی کے سانحہ ارتحال پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے لواحقین و پسماندگان سے تعزیت کی ۔آغا حسن نے کہا کہ میاں بشیر احمد لاروی اور ان کے والد کی دینی و سیاسی خدمات اظہر من الشمس ہیں جنہوں نے اپنی ساری زندگی ریاست کے گجر طبقہ کے فلاح و بہبود میں صرف کی۔ انہوں نے کہا کہ میاں بشیر ایک سیاسی رہنما ہونے کے ساتھ ساتھ سیاسی شخصیت بھی تھے اور انکی سیاسی زندگی نے گجر طبقے کو کافی راحت پہنچائی ۔انہوںنے مرحوم کے بلند درجات و جنت نشینی کی دعا کی ۔اس دوران خاندانی ذرائع نے بتایا کہ مرحوم کا چہارم آج انجام دیا جارہا ہے۔
پی سی آر کی شکایت سیل میں ایک اور نمبر شامل
سرینگر//عام لوگوں کی شکایات دور کرنے کیلئے پولیس کنٹرول روم کشمیر میں خصوصی شکایت سیل متحرک کی گئی ہے ۔ شکایت سیل کو عام لوگوں کی طرف سے مختلف نوعیت کی کالیں موصول ہو رہی ہیں جنہیں متعلقہ محکموں کو فوری ازالہ کیلئے منتقل کیا جا تا ہے۔پی ڈی ڈی، پی ایچ ای، ایم ای ڈی ، ایس ایم سی ، آر اینڈ بی،فائراینڈایمرجنسی سروسز، صحت ، ایف سی اور سی اے محکموں کے نما ئندے ان شکایات کا سننے اورازالہ کیلئے دستیاب رہتے ہیں۔عام لوگ کی مزید سہولیت کیلئے شکایت سیل میں ایک اور موبائل نمبر 7889373200 شامل کیا گیا ہے جس پر عام لوگ بہ آسانی اپنی شکایات وٹز ایپ یا کال کرکے کر سکتے ہیں ۔ اس کے علاوہ شکایت سیل میں پہلے سے ہی نصب فون نمبر0194-2506548 کے ذریعے بھی اپنی شکایات کو درج کیا جاسکتا ہے۔
منشیات مخالف مہم | جنوبی کشمیر میں3 ہزار کنال پر پھیلی بھنگ کی کاشت تباہ
سرینگر//جنوبی کشمیر میں بھنگ کے خلاف جنگ جاری رکھتے ہوئے محکمہ ایکسائز نے پولیس اور دیگر محکموں کے عملہ کے ہمراہ گزشتہ ایک ماہ سے تین ہزار سے زائد اراضی پر پھیلی بھنگ کی کاشت کو تباہ کیا ۔محکمہ کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ جنوبی کشمیر میں بھنگ کے خلاف فیصلہ کن مہم شروع کی گئی ہے جس دوران انہوں نے گزشتہ ایک ماہ سے جنوبی کشمیر کے مختلف علاقوں میں تین ہزار سے زائد کنال اراضی پر پھیلی بھنگ کی کاشت تباہ کی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ مختلف علاقوں میں ایکسائز محکمہ نے مال اور پولیس کے افسران کے ہمراہ بھنگ کی کاشت کو تباہ کیا ۔انہوں نے مزید بتایا کہ بھنگ کے خلاف مہم جاری رہے گی ۔
یوم عاشورہ پرسکمز کی طبی خدمات
سرینگر//شیر کشمیر میڈیکل انسٹی چیوٹ صورہ سرینگر کی جانب سے یوم عاشورہ کے موقع پر جڈی بل اور دیگر شیعہ برادری والے علاقوں میں ایمبولینس اورطبی خدمات دستیاب رکھی جارہی ہیں ۔ ڈائریکٹر سکمز ڈاکٹر اے جی آہنگر، میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر فاروق جان ، ڈاکٹرغلام حسن ایتو ، ایچ او ڈی ہاسپٹل ایڈمنسٹریشن ،نگوا صدر اشتیاق بیگ اور ترجمان اعلیٰ شبیر حسین نے ان طبی کیمپوں کے قیام میں اہم رول اداکیا ہے تاکہ ایام متبرکہ کے دوران عزاداروں کو ممکنہ طبی سہولیات بہم رکھی جائیں ۔
ڈین کالجز کشمیر یونیورسٹی کا دورئہ پلوامہ
سرینگر// کشمیر یونیورسٹی کے ڈین کالجز پروفیسر محی الدین سنگامی نے میکس ویل کالج آف ایجوکیشن پلوامہ میں دستیاب سہولیات کا معائنہ کیا۔کالج انتظامیہ نے ڈین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس سے ان کے حوصلے بلند ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ مستقبل میں بھی اس طرح کے دوروں کے لئے پرامید ہیں۔
کارپوریٹ سماجی ذمہ داری | ایس بی آئی نے بیت الہلال کو چارکمپیوٹر عطیہ کئے
سرینگر// کارپوریٹ سماجی ذمہ داری(سی ایس آر)کے تحت اسٹیٹ بینک آف انڈیا نے جے اینڈ کے یتیم فانڈیشن کے زیراہتمام یتیم خانہ بیت ہلال جواہرنگر کو چار نئے کمپیوٹر عطیہ کئے۔اس سلسلے میں انیتا کھارا صدر ایس بی آئی لیڈیز کلب نے بینک کے دیگر عہدیداروں کے ہمراہ کمپیوٹر اور دیگر سامان چیئرمین جے کے وائی ایف محمد احسن راتھر ، سابق چیئرمین محمد رفیق لون اور پروگرام ایگزیکٹو بیت الہلال بشیر احمد بٹ کے حوالے کیا۔ایس بی آئی گروپ کے سربراہ کا یہ پہلا دورئہ کشمیر تھا۔اُن کے ہمراہ سنگیتا بھٹناگر ، آشا مشرا ، راجیو مینگی ، پرویز احمد ، فاروق احمد ، میرات ، زینت آرا ، وجاہت بشیر اور محمد ماجد تھے۔یہ گروپ بیت الہلال میں رہنے والے طلبا کیلئے فائونڈیشن کی جانب سے رکھی گئی سہولیات سے بہت متاثر ہوا۔ ایس بی آئی حکام نے مستقبل میں بھی تنظیم کیلئے اپنے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔چیئرمین محمد احسن راتھر نے بیت ہلال میں مقیم طلباکی تعلیمی اور پیشہ ورانہ ضروریات کے لیے درکار قیمتی اشیاء عطیہ کرنے کیلئے ایس بی آئی حکام کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے دیگر کارپوریٹ اور کاروباری تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ کارپوریٹ سماجی ذمہ داری کو پورا کرتے ہوئے ضرورتمندوں اور غریبوں کیلئے آگے آئیں۔ انہوں نے خیرخواہوں اور عطیہ دہندگان سے بھی اپیل کی کہ خدمت خلق میں زیادہ سے زیادہ حصہ لیں تاکہ جموں و کشمیر میں غریب اور ضرورت مند یتیموں ، بیواں اور بے سہاروں کو فائدہ پہنچانے کے لیے فلاحی اور بحالی کی سرگرمیاں بڑے پیمانے پر کی جاسکیں۔
صحافی امداد ساقی سے اظہار تعزیت
سرینگر//جموںوکشمیر عوامی مجلس عمل نے سینئر صحافی امداد ساقی کی والدہ کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے ۔ بیان میں سربراہ تنظیم میرواعظ محمد عمر فاروق کی طرف سے سوگوارخاندان بالخصوص امداد ساقی کے ساتھ دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کی مغفرت اور جنت نشینی کیلئے دعا کی ۔ تنظیم کے ایک وفد غلام قادر بیگ، مشتاق احمد صوفی، حاجی محمد یوسف بٹ، اور مولانا ایم ایس رحمن شمس پر مشتمل وفد نے باغوان پورہ لالبازار جاکر تعزیت پرسی کی اور مرحومہ کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔اس دوران سیول سوسائٹی بڈگام نے امداد ساقی کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔سوساٹی ممبران نے غمزدہ خاندان کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے دعاکی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جوار رحمت میں اعلیٰ مقام عطا کرے۔
ملازمین کے جائز مسائل حل کرنا ترجیح:ڈائریکٹر ہارٹی کلچر
سرینگر//ڈائریکٹر جنرل ہارٹی کلچر نے ملازمین کو یقین دلایا کہ آنے والے وقت میں جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی سعی کی جائے گی۔ انہوںنے کہاکہ محکمہ کو بلندیوں تک پہنچانے میں ملازمین کا بھی اہم رول رہا ہے۔بڈگام میں نان گزیٹیڈ ہاٹی کلچر ایمپلائز یونین کی جانب سے ایک کنونشن کا اہتمام ہوا جس میں ڈائریکٹر جنرل ہارٹی کلچر اعجاز احمد بٹ، چیف ہارٹی کلچرافسر بڈگام جاوید احمد بٹ موجود تھے۔