پہاڑی قبائل کے معززین کا اجلاس | نئی حد بندی سے قبل ایس ٹی کا درجہ دینے کا مطالبہ
جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن میں پہاڑی قبائل کے معززین کی جانب سے ایک اجلاس منعقد کیا گیا جس کے دوران معززین نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ پسماندہ پہاڑی قبائل کو جلدازجلد ایس ٹی کا درجہ دیا جائے ۔حاجی محمد عظم ساگر کی قیادت میں منعقدہ اجلاس میں مقررین نے کہاکہ گزشتہ کئی برسوں سے پہاڑی قبائل کے لوگوں کیساتھ حکومتی سطح پر نا انصافیاں کی جارہی ہیں جبکہ ہر ایک پارٹی کی حکومت اقتدار میں آنے کیلئے پہاڑی قبائل کیساتھ جھوٹے وعدے اقتدار میں آنے کے بعد کھوکھلے ثابت ہوتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ پہاڑیوں کو سیاسی ریزرویشن سے قبل ایس ٹی کا درجہ دیا جائے ۔انہوں نے کہاکہ قبائل کیلئے سیاسی ریزرویشن سے زیادہ ایس ٹی کا درجہ اہم ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہا کہ نئی حد بندی سے قبل ایس ٹی کا درجہ دیا جائے جبکہ اس کے بعد نئی حد بندی کے دوران سیاسی ریز رویشن دی جائے تاکہ پسماندہ قبائل کی فلاح و بہبود ممکن ہوسکے ۔ اجلاس میں مرتضی خان ،اقبال ملک ضلع ترقیاتی کونسل ممبر درہال ،شہباز پہاڑی ،ایڈوکیٹ معروف خان ،ایڈوکیٹ ندیم خان ،ایڈوکیٹ راجہ محمود خان ،سبکدوش تحصیلدار مغل حسین خان ،شیراز اظہری سرپنچ ،وسیم احمد خان ،دویندر کمار ٹنڈن ،ببلو گپتا ،رشید خان ،ذوالفقار پٹھا ن ،سعید خان سرپنچ منکوٹ ،افتاب احمد سرپنچ ،ظہیر خان ،راجہ وسیم خان ،بابی خان ،رزاق خان سبکدوش ایس پی ،حاجی ایاز خان ودیگران نے شرکت کی۔
سخی میدان واٹر لفٹ سکیم 1ماہ سے مکمل بند | 4دیہات میں پینے کے صاف پانی کی شدید قلت
جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر کے سخی میدان علاقہ میں قائم کردہ لفٹ واٹر سپلائی سکیم گزشتہ 1ماہ سے خراب ہو ئی ہے لیکن متعلقہ محکمہ کی جانب سے واٹر سپلائی سکیم کو بحال کرنے میں کوئی دلچسپی ظاہر نہیں کی جارہی ہے ۔مکینوں نے محکمہ پی ایچ ای اور شعبہ کے میکینکل شعبہ کے ملازمین مشینری اور سکیم کی بحالی میں کوئی دلچسپی ظاہر نہیں کررہے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ ملازمین سکیم میں تکنیکی خرابی کا بہانہ بنا کر گھر میں بیٹھ گئے ہیں جس کی وجہ سے مقامی لوگوں کو کئی کلو میٹر کی پیدل مسافت طے کر کے پینے کیلئے صاف پانی لانے پر مجبور ہیں ۔واٹر سپلائی سکیم بند ہونے کی وجہ سے سخی میدان ،ٹھیرا ٹوپہ ،جگال ،پیر بابا چھوٹے شاہ وغیرہ علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے ۔مقامی معززین و پنچایتی اراکین نے بتایا کہ متعلقہ آفیسران سے رابطہ کرنے کے باوجود بھی زمینی سطح پر سکیم کی بحالی کیلئے عملی کام نہیں کیاجارہاہے ۔غور طلب ہے کہ سخی میدان واٹر سپلائی بند ہونے کی وجہ سے ایک وسیع آبادی کو مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ واٹر سپلائی سکیم کو جلداجلد بحال کیاجائے تاکہ لوگوں کو پانی سپلائی ہوسکے ۔
بینک فراڈز اور سائبر سیکورٹی پرآگاہی ورکشاپ
حسین محتشم
پونچھ//ضلع پولیس پونچھ نے (ڈی پی او پونچھ) میں بینک فراڈز کے حوالے سے خصوصی طور پر سائبر سیکورٹی آگاہی پر ایک ورکشاپ کا انعقاد کیا۔یہ ورکشاپ ایس ایس پی پونچھ ڈاکٹر ونود کمار کی سربراہی اور نگرانی میں منعقد کی گئی ۔ورکشاپ میں پولیس افسران اور ضلع پونچھ کی جے اینڈ کے بینک کی شاخوں کے مختلف عہدیداروں نے شرکت کی، ورکشاپ کا بنیادی مقصد بیداری پیدا کرنا اور افسران کو بینک فراڈ سے متعلق جرائم سے نمٹنے، اس طرح کے معاملات سے نمٹنے/روکنے کے اقدامات کے بارے میں آگاہ کرنا تھا۔
انٹرنیشنل اکیڈمی پونچھ میں مسابقۃ القرآن کا انعقاد
حسین محتشم
پونچھ//عصری تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم کو عام کرنے اور فنِ تجوید کی ترقی و ترویج کے لیے ، قرآن پاک کی صحیح تلاوت کا شوق پیدا کرنے کی غرض سے علامہ انور شاہ کشمیری اسلامک انٹرنیشنل اکیڈمی (ہاکیہ) پونچھ کے شیخ عبدالقادر جیلانی رحمہ اللہ ہال میں مسابقے کا اہتمام کیا گیا جس میں طلبہ وطالبات نے تین فروعات کی شکل میں حصہ لے کر اپنی صلاحیتوں کا اظہار کیا۔اس موقع پر طلباء وطالبات کے درمیان چیک کی صورت میں انعامات والدین وسرپرستان نے تقسیم کئے۔ اس مسابقہ قرآت( قرآن کریم) فرعِ اول کے فائنل گروپ میں پہلی پوزیشن صوفیہ اقبال، سمیہ طارق، دوسری پوزیشن سیدہ ادیبہ کرمانی، عائشہ فردوس،آیت کرمانی تیسری پوزیشن ردا فاطمہ، نعمان الاسلام اور چوتھی پوزیشن عمیر قاسم نے حاصل کی۔مسابقہ قرآت (قرآن کریم ) فرعِ ثانی کے فائنل گروپ میں پہلی پوزیشن حیاء اعجاز کرمانی، عمارہ انوار قاضی، فرحان اخلاق کوہلی، آصف مرتضیٰ ،دوسری پوزیشن محمد عزیر، تیسری پوزیشن محمد حمزہ، چوتھی پوزیشن ایان اقبال اور پانچوی پوزیشن ماریہ شہناز نے حاصل کی۔مسابقہ قرآت (قرآن کریم) فرعِ ثالث کے فائنل گروپ میں پہلی پوزیشن محمد افتخار، دوسری پوزیشن اریبہ فلک، تیسری پوزیشن مہناز چودھری، چوتھی پوزیشن محمد عرفان اور پانچویں پوزیشن فرحان کوہلی نے حاصل کی۔اکیڈمی کے چیئرمین مولانا شہزاد انوری نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم سب قرآن شریف کی تلاوت کرتے ہیں لیکن ہم میں سے اکثریت کو یہ نہیں معلوم کہ ناظرہ قرآن شریف پڑھنے والوں میں 95 فیصد سے زائد افراد اْس طرح قرآن شریف نہیں پڑھتے جیسے پڑھنا چاہیے۔ یعنی پانچ فیصد سے بھی کم لوگ درست طریقے سے قرآن شریف کی تلاوت کرتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ طلبہ وطالبات کی حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے اور حوصلہ شکنی سے بچنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ طلبہ وطالبات اپنے حفظ میں مزید پختگی لائیں گے اور والدین ان کا خصوصی خیال رکھیں گے ۔
مینڈھرمیں فوج نے طبی کیمپ لگایا
مینڈھر //فوج کی جانب سے مینڈھر سب ڈویژن میں ایک طبی کیمپ کا اہتمام کیا گیا جس کے دوران مقامی لوگوں کیساتھ ساتھ مویشیوں کو بھی طبی سہولیات فراہم کی گئی ۔کرشنا گھاٹی بریگیڈ کی جانب سے عام لوگوں کو طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے منکوٹ ،چوئی و دیگر ملحقہ علاقوں کے لوگوں کا طبی معائینہ کیا گیا ۔فوجی آفیسران کی جانب سے مقامی لوگوں کو طبی سہولیات بالخصوص ابتدائی علاج معالجہ کے سلسلہ میں مکمل و تفصیلی جانکاری فراہم کی گئی ۔اس موقعہ پر ایک توسیعی لیکچر بھی دیاگیا جس میں 7سو سے زائد مقامی معززین نے شرکت کی ۔اس دوران کووڈ ویکسی نیشن مہم بھی چلائی گئی جس کے دوران مکینوں کو کووڈ ویکسین دی گئی ۔اس کے علاوہ مقامی لوگوں کو مختلف بیماریوں کے سلسلہ میں جانکار ی فراہم کی ۔اس خصوصی کیمپ کے دوران علاقہ کے باصلاحیت نوجوانوں کو کھیلوں کی جانب راغب کرنے کیلئے ایک خصوصی پروگرام کا اہتمام بھی کیا گیا تھا ۔اس دوران ویٹرنری کیمپ کا اہتمام بھی کیا گیا تھا ۔
دعوت اسلامی کے زیر اہتمام میلاد النبی ؐ کانفرنس
جاوید اقبال
مینڈھر //عید میلاد النبی کے سلسلے میں عید گاہ بنولہ بھاٹی دھار مینڈھر میں کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں کثیر تعداد میں معززین نے شرکت کی۔ تقریب میںمولانا مفتی محمد جاوید بطور مہمان خصوصی شامل ہوئے ۔انہوں نے اپنے خطاب میں مفتی جاوید نے رسول پاک ﷺ کی دی ہوئی تعلیمات و خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔انہوں نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت کے خوبصورت خدوخال اور ان کے بلند مرتبہ کو بیان کیا ۔موصوف نے کہاکہ معاشرے میں پھیل رہی برائیوں کو ختم کرنے کیلئے دینی تعلیمات کو عام کرنے کی اشد ضرورت ہے ۔انہوں نے والدین پر زو ر دیتے ہوئے کہاکہ وہ اپنے بچوں کو دیگر نوعیت کی تعلیمات کیساتھ ساتھ دینی تعلیم کی جانب خصوصی طور پر توجہ مرکوز کریں ۔تقریب میں مقامی معززین کی ایک بڑی تعداد نے شرکر کی ۔
کوٹرنکہ میں اکثر پانی سپلائی لائنیں مرمت کی منتظر
محمد بشارت
کوٹرنکہ //سب ڈویژن کوٹرنکہ میں کئی پانی کی سپلائی لائنیں گزشتہ کئی عرصہ سے خستہ حال پڑی ہوئی ہیں جس کی وجہ سے نالیوں کا الودہ پانی لوگوں کے گھروں میں سپلائی کیا جارہاہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ سب ڈویژن میں اکثر واٹر سپلائی سکیموں کی لائنوں کی کئی عرصہ سے مرمت ہی نہیں کی جاسکی جس کی وجہ سے مکینوں کو شدید مشکلات درپیش ہیں ۔انہوں نے کہاکہ کوٹرنکہ مرکزی پنچایت میں بچھائی گئی پاپئیں انتہائی خستہ حال ہیں جبکہ گلیوں و نالیوں سے گزرنے والی لائنوں میں نالیوں کا پانی داخل ہو رہا ہے جبکہ متعلقہ محکمہ کے ملازمین مذکورہ لائنوں کی مرمت کرنے میں پوری طرح سے لاپرواہی کا مظاہرہ کررہے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ مقامی تحصیلدار کو اس سلسلہ میں بھی جانکاری فراہم کی گئی لیکن ان کی یقین دہانی کے بعد بھی کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا ہے ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ پانی کی بوسیدہ لائنوں کی جلدازجلد مرمت کی جائے تاکہ لوگوں کی مشکلات کم ہو سکیں ۔
درہال میں عظیم الشان سیرت النبی کانفرنس کا انعقاد
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // درہال کے کھوڑی والی علاقے میں حضرت میاں عبداللہ کی درگاہ پر ایک عظیم الشان سیرت النبی کانفرنس کا انعقاد کیاگیا۔ پروگرام کی صدارت زیارت کے سجادہ نشین ماسٹر جنید نے کی۔اس پرنور محفل میں درہال اور بیرون درہال سے متعدد علماء اور عوام نے شرکت کی۔شرکت کرنے والوں میںڈاکٹر محمد تفسیر ایوبی ریسرچ سکالر ،مولوی محمد صدیق قادری اور مولانا آصف رامپوری قابلِ ذکر ہیں۔ پروگرام میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے عالم باعمل سید امتیاز حسین شاہ نے شرکت کی اور اپنے مخصوص انداز میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت طیبہ پر مفصل روشنی ڈالی۔ پروگرام کا آغاز حسب دستور تلاوت قرآن پاک سے ہوا اس کے بعد مرتضیٰ مرزا درہالوی، مولانا نوشاد نوری اور حافظ نوید نے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی بارگاہ میں نعت پاک کا نذرانہ پیش کیا۔ اس عظیم الشان پروگرام میں نظامت کے فرائض نامور عالم دین اور جامع مسجد کھوڑی والی کے امام و خطیب حافظ مختار احمد نقشبندی رامپوری نے انجام دیے۔ میلاد کے موقع پر مولانا محمد صدیق اور ڈاکٹر محمد تفسیر ایوبی نے بھی رسول پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت طیبہ پر مفصل روشنی ڈالی۔ پروگرام کے آخر میں مہمان خصوصی سید امتیاز حسین شاہ نے اپنے خوبصورت انداز میں تقریر کی اور نبی رحمت صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت طیبہ پر روشنی ڈالی۔ میلاد کمیٹی کے چیئرمین میاں جنید کے فرزند میاں اشرف جنید نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ یہ پروگرام ہر سال بڑی شان و شوکت کے ساتھ مناتے ہیں جس میں ہزاروں کی تعداد میں فرزندان توحید حصہ لے کر فیوض و برکات حاصل کرتے ہیں ۔سماجی کارکن مرتضیٰ مرزا نے بھی نمائندہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ میاں عبداللہ جامع مسجد کھوڑی والی میاں عبداللہ زیارت کے بالکل پاس ہے یہاں ہر سال میاں جنید کی رہنمائی میں ایک عظیم الشان محفل میلاد کا انعقاد کیا جاتا ہے۔
ڈی سی راجوری نے بال آشرم منجا کوٹ کا دورہ کیا
پرویز خان
منجا کوٹ //ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری راجیش کمار شون نے بال آشرم منجا کو ٹ کا دورہ کر کے بچوں کو فراہم کی جارہی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا ۔ڈی سی نے بال آشرم میں رہ رہے بچوں کو دی جارہی سہولیات کے سلسلہ میں جانکاری حاصل کرتے ہوئے بچوں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ وہ محنت و لگن کیساتھ کام کریں تاکہ وہ اپنے مستقبل کو روشن بنا سکیں ۔انہوں نے بچوں کو تلقین کرتے ہوئے کہاکہ پڑھائی کیساتھ ساتھ آپس میں اتحاد پیدا کریں تاکہ مستقبل میں وہ ملکی تعمیر وترقی میں ایک اہم رول ادا کریں ۔آفیسر موصوف نے ملازمین کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ بچوں کی ہر ممکن مدد کرنے کیساتھ ساتھ ان کو بنیادی سہولیات فراہم کریں ۔اس موقعہ پر ان کے ہمراہ تحصیلدار منجا کوٹ کے علاوہ دیگر محکموں کے اعلیٰ آفیسران بھی موجود تھے ۔