آل انڈیا راجیو گاندھی بریگیڈ کا اجلاس
جموں //آل انڈیا راجیو گاندھی بریگیڈ کی اراکین کی جانب سے جموں میں ایک اجلاس کا اہتمام کیا گیا جس میں متعدد اراکین نے شرکت کی ۔اس اجلاس کے دوران محمد اسمٰعیل زرگر نے دوبارہ سے تنظیم میں شمولیت اختیار کر لی ۔آل انڈیا راجیو گاندھی بریگیڈمیں شمولیت کے بعد ان کو کشمیر صوبہ کاانچارج بنا یا گیا جبکہ موہن لعل کو جموں ضلع کا نائب صدر اور ایڈو کیٹ فرودس عاشق کو لیگل ایڈوائزر نامزد کیاگیا ہے ۔اس اجلاس میں آل انڈیا راجیو گاندھی بریگیڈکے بانی جوگیندر منہاس ،جنرل سیکریٹری ونود کوہلی ،رومیش شرما ،سنجیو کمار جنڈیال ،وکاس شرما ،انیل کمار ودیگران بھی موجود تھے ۔
پنتھرس کارکنوں کا جموں میں احتجاج
جموں //وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ جموں کے دوران نیشنل پنتھرز پارٹی کے کارکنوں نے احتجاج کرتے ہوئے بھاجپا کی مرکزی قیادت پر الزام عائد کیا کہ 2014کے انتخابات کے دوران کئے گئے وعدوں کو پورا نہیں کیا گیا ۔پارٹی لیڈر نے کہا کہ بھاجپالیڈران کی جانب سے صوبہ جموں کی تعمیر وترقی کے متعدد وعدے کئے گئے تھے لیکن اقتدارمیں آنے کے بعد پارٹی کی جانب سے اس طرف کو ئی توجہ نہیں دی گئی ۔اپنے خطاب میں ہر ش دیو سنگھ نے کہاکہ 2014کے پارلیمانی اور اسمبلی انتخابات کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے تعمیرو ترقی کے بڑے بڑے وعدے کئے تھے لیکن اقتدار میں آئے ان کو پانچ برس ہو چکے ہیں لیکن ابھی تک ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا گیا ۔پارٹی اراکین نے جموں پونچھ پارلیمانی حلقہ سے بھاجپا کے ممبرپارلیمنٹ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے پانچ برسوں کے دوران پارلیمانی حلقہ کی تعمیرو ترقی کیلئے کوئی بھی کام نہیں کیا جبکہ بھاجپاکے 25ممبران اسمبلی بھی صوبہ جموں کی تعمیر وترقی کو یقینی نہیں بنا سکے ۔احتجاج میں راجیش پڈوترہ ،منجو سنگھ ،کیسر پروین ،رینو سنگھ ،گگن پرتاب ،شنکر سنگھ ،مہندر سنگھ ودیگران بھی موجود تھے ۔
قیوم وانی کا پی ڈی پی میں پُر جوش استقبال
جموں //سابقہ ٹرینڈیو نین لیڈر ور پی ڈی پی میں گزشتہ روز شمولیت اختیار کرنے والی قیوم وانی کا پارٹی ہیڈ کواٹر جموں میں پُر جوش استقبال کیا گیا ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ پارٹی کو زمینی سطح پر مزید مضبوط کرنے کیلئے اپنا رول ادا کرینگے تاکہ ریاستی عوام کی سماجی و اقتصادی حالت بہتر بنانے کیساتھ ساتھ سیاسی استحکام لایا جاسکے ۔انہوں نے پارٹی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ پی ڈی پی کی ریاستی سیاست میں آمد کے بعد عوام کو سہولیات میسر ہو ئیں ۔انہوں نے پارٹی کارکنوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ پارٹی کے ایجنڈے کو عام کرنے کیلئے زمینی سطح پر کام کریں ۔اس موقعہ پر پارٹی جنرل سیکریٹری عبدالحق خان ،عبدالمجید پڈر ،ایم ایل سی فردوس ٹاک ،عزیز میر ،آر کے بالی ،ایس سکھویندر سنگھ ،بلبیر سنگھ ،رومیش کول ،رجندر مہناس ،ندیم خان ،دویندر ڈوگرہ ،دلجیت سنگھ ودیگران بھی موجود تھے ۔
مرکزی حکومت کا بجٹ جملوں تک محدود :شام لعل شرما
جموں //کانگریس سنیئر لیڈر شام لعل شرما نے بھاجپا پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ مرکزی حکومت کی جانب سے پیش کردہ بجٹ صرف جملوں تک ہی محدود ہے ۔اکھنور میں پارٹی کارکنوں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بھاجپا کی مرکزی حکومت نے گزشتہ 4برسوں کے دوران پیش کردہ بجٹ میں عوامی فلاح و بہبود کی جانب کوئی توجہ نہیں دی جبکہ انتخابات قریب آنے کے ڈر سے عوام کو جال میں پھنسانے کیلئے کوششیں کی جارہی ہیں ۔انہوں نے بجٹ کو کسان مخالف قرار دیتے ہوئے کہاکہ آئندہ پارلیمانی انتخابات میں کسان پارٹی کی ناکام پالیسیوں کیخلاف اپنی ووٹ کا استعمال کرینگے ۔کانگریس لیڈر نے کہاکہ بھاجپا کے دور حکومت میں بے روز گاری کی شرح نے گزشتہ 45برسوں کا ریکارڈ توڑ دیا ہے جس کی وجہ سے اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوانوں کو شدید مشکلات درپیش ہیں ۔انہوں نے کہاکہ حکومت جملوں سے نہیں بلکہ کام اور تعمیرو ترقی سے چلائی جاتی ہے ۔شام لعل شرما نے پارٹی کارکنوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ کانگریس کی آئندہ کامیابی کیلئے زمینی سطح پرعوامی مسائل کو حل کروانے کیلئے کام کریں ۔
نیرون اکیڈمی کا کشور کمار کر خراج عقیدت پیش
جموں //نیرون اکیڈمی کی جانب سے معروف گلو کار کشور کمار کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ابھنیو تھیٹر میں ایک محفل موسیقی کا اہتمام کیا گیا ۔اس پروگرام میں جموں مئیر چندر موہن گپتا بطور مہمان خصوصی شامل ہوئے جبکہ ان کے ہمراہ ضلع کانگریس کمیٹی جموں کے صدر وکرم ملہوترہ ودیگران بھی موجود تھے ۔اس موقعہ پر گلو کار دیپک کمار نے کشور کمار کی یاد میں ایک پروگرام پیش کیا جبکہ ان کے علا وہ دیگر گلو کاروں نے کشور کمار کے مختلف گانوں کو پیش کرتے ہوئے ان کو خراج عقیدت پیش کیا ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے چندر موہن گپتا نے گلو کاروں کی صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے ان کے مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ نیرون اکیڈمی آئندہ بھی اس طرح کے پروگراموں کا اہتمام کرکے نوجوانوں گلو کاروں کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا موقعہ فراہم کرئے گی ۔
نہر و یوا کیندر نے شجرکاری مہم شروع کی
جموں //نہرو یوا کیندر کی جانب سے نگروٹہ میں شجر کاری مہم کا آغاز کیا گیا ۔اس مہم کے دوران ڈائریکٹر یوتھ سروس اینڈ سپورٹس سلیم الرحمن بطور مہمان خصوصی شامل ہوئے ۔اس شجر کاری مہم کے دوران پانچ ریاستوں کے نوجوانوں اور نہرو یوا کیندر کے اراکین نے پودے لگائے اور کیندریہ ودیالہ کے طلباء کو شجر کاری مہم میں شر کت کرنے اور عام لوگوں کو بیدار کرنے کیلئے اپنا رول ادا کرنے کی تلقین کی گئی ۔اس مہم کے دوران رضا کاروں کی جانب سے تمدنی پروگرام کا اہتمام بھی کیاگیا تھا جس کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں انعامات بھی تقسیم کئے گئے ۔
ادبی کنج کے زیر اہتمام کثیر اللسانی ادبی نشست
جموں //کثیر اللسانی ادبی تنظیم ادبی کنج جموں وکشمیر کی طرف سے یوم جمہوریہ کی مناسبت سے ایک کثیر اللسانی ادبی نشست کا اہتمام کیا گیا ۔ادبی کنج کے مرکز کڈز ی سکول تالاب تلو میں منعقدہ اس تقریب کے دوران میں مختلف زبان و ادب کے شعراء نے بڑی تعداد میںشرکت کی۔اِس تقریب میں کشمیر سے آئے ہوئے اُردوُ کے جانے مانے بزرگ شاعر بشیر الحق بشیرمہمانِ خصوصی تھے۔ تقریب کے دوران آرشؔ دلموترہ نے ملکی یوم جمہوریہ پر روشنی ڈالی جبکہ ادبی کنج کے صدر شام طالب نے عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کنج کی جانب سے ادب کی خدمت کیلئے اٹھا ئے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی ۔پروگرام کی شعری مجلس میں شرکت کرنے والوں میں آرش دلموترہ ،بشیر الحق بشیر ،سنتوش نادان ،چمن سگوچ ،اتم سنگھ راہی،جتیندر بسن،شام طالب ،وغیرہ موجود تھے جبکہ اس موقعہ پر ڈوگری میں رامائن لکھنے ونوین ڈوگری سنستھا کے نائب صدر موہن لعل کومل کو خراج عقیدت بھی پیش کیا گیا ۔
عالمی کینسر مخالف دِن پر گورنر کا پیغام
جموں//گورنر ستیہ پال ملک نے عالمی کینسر مخالف دِن پرجاری کئے گئے ایک پیغام میںکہا ہے کہ اس دِن کو منانے کی بدولت اس مہلک بیماری سے بچائو اور علاج سے متعلق لوگوں میں بیداری پیدا کی جاتی ہے اور اس تکلیف میں مبتلا افراد کی زندگی بچانے کے مواقعوں میں اضافہ ہوتا ہے۔گورنر نے مزید کہا کہ اس بیماری کے ساتھ مقابلے کے دوران لوگوں کو اس تکلیف کے اثرات کم کرنے پر میں کئی اقدامات اُٹھانے کی قوت پیدا ہوتی ہے۔ اُنہوں نے کہاکہ اِس دِن کی وساطت سے عالمی سطح پر لوگوں کو کینسر سے بچائو کے تدابیر کے بارے میں جانکاری حاصل ہوتی ہے۔اِس موقعہ پر گورنر نے صحت مند رہنے کی اہمیت متوازی غذا، کھیل کود اور تفریح کے ذریعے پریشانی کم کرنے پر زور دیا تاکہ ہر ایک فرد تندرست رہے۔