ناظم زراعت کا کسانوںکی بہبودی پروگراموں کا جائزہ
جموں // کسانوں کی بھلائی کی متعدد سکیموں کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے محکمہ زراعت کے افسروں کا ایک جائزہ اجلاس کا اہتمام زیر قیادت ناظم زراعت جموں پی ایس راٹھور منگل کے روز منعقد ہوا۔اس موقعہ پر اپنے خطاب میں انہوں نے جائزہ اجلاس کے دوران عملہ پر متعدد تکنیکی ایجادات کا لاگو کرنے اور مختلف فصلوں کی کاشت کیلئے بہتر زرعی عمل کو متعارف کرنے پر زور دیا ۔انہوں نے فیلڈ عملہ کو کسانوں کے کھیتوں میں پہنچنے اور انہیں کسانوں کی متعدد بھلائی سکیموں جیسے کہ سوئل ہیلتھ کارڈ(SCHS)، پردھان منتری فصل بیمہ یوجنا (PMFSBY)،کسان کریڈٹ کارڈ سکیم(KCCS)، نیشنل مشن آن اگریکلچر ایکسٹینشن اینڈ ٹیکنالوجی (NMAET-ATMA)، پردھان منتری کرشی سینچائی یوجنا (PMKSY) وغیرہ کی جانکاری دینے پر زور دیا ۔انہوں نے انہیںحالیہ گائیڈ لائنز اور تکنیک سے واقف رکھنے کو کہا،تاکہ کسانوں کی آمدنی میں اضافہ کیا جا سکے۔انہوں نے عملہ کو باقاعدگی سے اپنے فرائض انجام دینے کو کہا۔ اس موقعہ پر انہوں نے جوائنٹ ڈائریکٹروں اور چیف اگریکلچر افسروں سے انتظامی معاینہ،فزیکل ویرفکیشن اور متعدد سکیموںکے تحت پلان مرتب کرنے کے لئے کمیٹیاں تشکیل دینے کو کہا ۔اجلاس کے دوران زمینی سطح پرنچلے عملہ اور انفراسٹریکچر سہولیات پر بھی مباحثہ ہوا۔اجلاس میں جوائنٹ ڈائریکٹر بلیش کمار زتشی، انیل اروڑہ، ڈپٹی ڈائریکٹر اگریکلچر ٹریینگز سنیل کول، اگریکلچر اکنامسٹ کے کے شرما ،اکاونٹس افسر کرن بالا، تما م اضلاع کے چیف اگریکلچرل افسروں،سیکٹورل ہیڈوں ،ضلع اگریکچر افسروں اور سب ۔ڈویژنل اگریکلچرل افسروںنے بھی شرکت کی۔
بیشتر مائیگرنٹ حق رائے دہی سے محروم : این سی پی
جموں // نیشنلسٹ کانگریس پارٹی نے ریاست جموں و کشمیر میں بیشتر مائیگرنٹوں کو اپنی حق رائے دہی کا استعمال کرنے سے محروم رکھا ہے۔ ایک بیان میں پارٹی کی سٹوڈنٹس ونگ کے نیشنل ایگزیکٹو کونسل کے ممبر انجینئر ریشی کیلم نے کہا ہے کہ تقریباً 80فیصد کے پی مائیگرنٹوں کو جان بوجھ کے اپنی حق رائے دہی سے محروم رکھاگیا ہے ،جو سراسر بنیادی حقوق کی پامالی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ حیرانگی کی بات ہے کہ کشمیری مائیگرنٹوں کو تمام ضروری لوازمات یہاں تک کہ ایم ۔فارم پُر کرنے کے باوجود بھی حق رائے دہی سے محروم رکھا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری پنڈتوں نے یہ مدعا پہلے بھی اُٹھایا تھا لیکن انکی شنوائی کسی نے نہیں کی ۔انہوں نے کہا کہ ایسی کاروائیوں سے لگ رہا ہے کہ کشمیری مائیگرنٹوں کو بطور بی۔کلاس شہری تصور کیا جاتا ہے۔انہوںنے نام نہاد کشمیری لیڈروں کو کسی مخصوص سیاسی پارٹی کے لئے ووٹ ڈالنے کو کہنے کی نکتہ چینی کرتے ہوئے ان لیڈروںپر کیمونٹی کو گمراہ کرنے کا الزام لگایا ہے۔کیلم نے ان لیڈروں پر طبقہ کے لئے کچھ نہیں کرنے کا الزام لگایا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حیرت کی بات ہے کہ کشمیری پنڈت مائیگرنٹوں نے مطلوبہ لوازمات پُر کرنے کے بعد جب ووٹ ڈالنے کیلئے پولنگ بوتھ پر پہنچے تو ووٹر فہرستوں میں اپنا نام نہ پا کر حیرن رہ گئے ،جسکی وجہ سے وہ ووٹ ڈالنے کے حق سے محروم رہ گئے ۔کیلم نے اس فعل میں ملوث اہلکاروں کے خلاف سنگین کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
نگروٹہ میںNCCتربیتی کیمپ کا اہتمام
جموں/ /این سی سی جموں کی دوسری بٹالین کی جانب سے نگروٹہ میں تربیتی کیمپ کا اہتمام کیا گیا ،جس میں کل ملاکر 35 ۔اداروں ،پلاٹون اور سروس سول سٹاف کے 500 این سی سی کیڈٹ شرکت کر رہے ہیں۔کیمپ منعقد کرنے کا بنیادی مقصد این سی سی کیڈٹوں کو فوجی تربیتی عمل بشمول جسمانی مشق، روکاوٹی کورس، ڈرل، ہتھیاروں کی تربیت، فائرنگ، نقشے کا مطالعہ کرنا تھا۔کیمپ کمانڈنٹ کرنل سنجیو چوہان نے کیمپ کا افتتاح کیا ۔افتتاحی خطبہ میں انہوں نے تمام کیڈٹوں اور انسٹرکٹروں کا خیر مقدم کیا۔انہوں نے اپنے خطاب میں اداروں کے سٹاف سے کیڈٹوں کو جامع تربیت فراہم کرنے پر زور دیا ،انہوں نے صحت و صفائی و دیگر سماجی خدمات میں تربیت دینے پر زور دیا۔کیمپ یکم مئی 2019 کو اختتام پذیر ہوگا۔
نیپال میں ہندوستانی سفیر گورنر سے ملاقی
جموں//نیپال میں تعینات ہندوستانی سفیر منجیو سنگھ پوری نے یہاں راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک سے ملاقات کی۔گورنر اور پوری نے جموں وکشمیر اور نیپال کے درمیان سماجی ، اقتصادی اور تمدنی بندھنوں کو مضبوط بنانے کے سلسلے میں تمام ممکنہ امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔
مالک سنگھ وفاجہانِ فانی سے چل بسے
جموں//ادب کی دُنیا میں یہ خبر بڑے افسوس کے ساتھ پڑھی اور سُنی جائے گی کہ ادبی کُنج جے اینڈ کے کے جنرل سیکرٹری اور اُردوُ غزل کے میدان میں بلند مرتبہ کامیاب نامور شاعر مالک سنگھ وفا آج اِس جہانِ فانی سے چل بسے ہیں ۔ آج صُبح دو بجے کے قریب اچانک بیمار ہونے کی وجہ سے اُن کو ہسپتال لے جایا جا رہاتھا کہ راستے میں ہی وہ دم توڑ گئے۔ اُن کا جنم 23ستمبر 1943ء میں پاکستان مقبوضہ کشمیر کے میرپور جومک میں سردار محکم سنگھ بھاٹیہ کے ہاں ہوُا تھا۔جو 1947ء سے جموں میں آباد ہو گئے تھے۔ وفا اپنے پیچھے پریوار میںاپنی بیوہ، دو شادی شُدہ بیٹیاں ، ایک بیٹااوراُن کے بچّے چھوڑ گئے ہیں۔ایشور اﷲ واہیگوروُ اُن کو سورگ میں سکون عطا کرے۔
گھگوال میں SSP سانبہ کے ہاتھوں جِم کا افتتاح
جموں//گھگوال علاقہ کے نوجوانوں کو صحت کی سہولیت پہنچانے کیلئے ایس ایس پی سانبہ ڈاکٹر کوشل شرما نے تپیال گھگوال میں ایک جم کا افتتاح کیا ۔پولیس نے سیوک ایکشن پروگرام کے تحت جم میں فٹنس کے تمام سسٹم رکھے مہیا رکھے ہیں۔اس موقعہ پر ایس ایس پی سانبہ نے کہا کہ جسمانی کثرت صحت مند طرز زندگی کو بہتر بنانے کیلئے ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ جم لوگوں کو اپنے معمول کی سرگرمیوں سے باہر نکلنے کے لئے مدد دیتا ہے ۔انہلوں نے امید ظاہر کی کہ نو جوان جم میں جا کر فائدہ اٹھائیں گے۔اس موقعہ پر ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر سانبہ ،ایس ایچ او گھگوال،نائب تحصیلدار گھگوال ،معزز شیری،اور علاقہ کے سر پنچ اور پنچوں نے شرکت کی۔مقامی لوگوں نے جم کھولنے کیلئے سانبہ ضلع پولیس کی ستائش کی۔
منشیات فروش 50گرام چرس سمیت گرفتار
جموں//منشیات کے خلاف جاری مہم میں سانبہ پولیس نے پولیس سٹیشن بڑی براہمناں کے دائرہ اختیار میں ایک منشیات سمگلر کو گرفتار کیا جس کے قبضہ سے 50گرام کی دو عدد چھلیاںبر آمد کیں ۔اطلاع کے مطاببق بڑی براہمناں پولیس سٹیشن کی ایک پولیس ٹیم پیٹرولینگ کرتے ہوئے کندن پور علاقہ میں ایک شخص کو مشکوک حالات میں پایا جس کی تلاشی کے دوران اس کے قبضہ سے 50گرام کی چرس کی دو چھلیاں بر آمد کی گئیں۔ملزم کی پہچان بشیر احمد ولد علی محمد ساکنہ ماگام کوکر ناگ انت ناگ،حال کالا گیٹ بڑی براہمناں کے طور سے ہوئی ہے کو موقعہ پر گرفتار کر لیا گیا ۔اس سلسلہ میں پولیس نے ایک کیس FIR No. 54/2019 U/S 8/20 NDPS Actدرج کیا گیا ہے ۔
جے سی سی آئی کی ایس آر او 231 پر نظر ثانی کرنے کی درخواست
جموں //جموں چیمبر آف کامرس انڈسٹریز نے انتظامیہ سے ایس آر او 231 پر نظر ثانی کرنے کی درخواست کی ہے ۔ ایک مکتوب میں جے سی سی آئی نے گورنر کے صلاح کار کے سکندن سے ڈسپوزیبل اشیا پر پابندی لگانے کے سلسلہ میں جاری ایس آر او پر نظر ثانی کرنے کی درخواست کی ہے۔ چیمبر نے سرکار پر اُن یونٹوں کے لئے ایک بازآباد کاری پلان لانے کو کہا ہے جن کو مذکورہ حکم سے اپنی پروڈکشن بند کرنا پڑی ہے۔چیمبر کے صدر راکیش گپتا نے ایسے یونٹوں کو تین سال کی مہلت دینے کی گُذارش کی ہے،مکتوب کی کاپیاں پرنسپل سیکرٹری انڈسٹریز اینڈ کامرس نوین کمار چودھری،کمشنر سیکرٹری محکمہ جنگلات ایم کے دیویدی ،ممبر سیکرٹری جے اینڈ کے پولیوشن کنٹرول بورڈ بی ایم شرما ،ڈائریکٹر انڈسٹریز اینڈ کامرس انو ملہوترہ کو بھی ارسال کئے گئے ہیں۔