کشمیریونیورسٹی میں پی جی داخلہ عمل پھر شروع
سرینگر//کشمیریونیورسٹی میں پوسٹ گریجویٹ کورسوں میں داخلے کاعمل31اگست سے دوبارہ شروع ہوگا۔ یہ عمل یونیورسٹی کے خصوصی کانوکیشن کے انعقاد کی وجہ سے معطل کیا گیاتھا ۔خواہشمندامیدواروں سے کہاگیاکہ وہ 31اگست منگلوار کویونیورسٹی پہنچ جائے اورمزیدیونیورسٹی کی ویب سائٹ www.kashmiruniversity.netبھی دیکھیں۔
سب ضلع اسپتال کپوارہ کی کارکردگی سے متعلق الزامات بے بنیاد:انتظامیہ
اشرف چراغ
کپوارہ//بلاک میڈیکل افسرکپوارہ نے ان خبروں کی تردیدکی ہے کہ سب ضلع اسپتال کپوارہ میں ملازمین کی من مانی کی وجہ سے اسپتال کا نظام درہم برہم ہوکررہ گیا ہے،جس کی وجہ سے مریضوں کو سخت مشکلات کاسامنا ہیں اوروہ دوسرے اسپتالوں کورُخ کرنے پرمجبورہورہے ہیں ۔بلاک میڈیکل افسر نے سول سوسائٹی اور بیوپار منڈل کپوارہ کے ان الزامات کوبے بنیادقرار دیا ہے اور کہا ہے کہ ان الزامات میں کوئی صداقت نہیں ہے بلکہ سب ضلع اسپتال میں معمول کا کاج کاج خوش اسلوبی سے ہو رہا ہے ۔انہو ں نے کہا کہ مذکورہ اسپتال کی کار کردگی بہت اچھی ہے اور روازنہ یہا ں پر سینکڑوں مریض اپنا علاج و معالجہ کرنے کے لئے دور دور علاقوں سے آتے ہیں ۔انہو ں نے کہا کہ یہا ں کی ایمرجنسی وارڈ اور آئی پی ڈی 24گھنٹہ کھلا رہتے ہیں ،جہا ں پر مریضوں کو بہتر طبی سہولیات میسر ہے جبکہ لیبر روم میں روانہ حاملہ خواتین کا بھی علاج و معالجہ ترجیحی بنیادو ں پر کیا جاتا ہے۔اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسپتال میں سی ٹی سکین کے علاوہ ایکسرے اور دیگر ٹیسٹ بہترین انداز سے کئے جاتے ہیں اور اسپتال انتظامیہ ہر وقت بہتر علاج ومعالجہ کے لئے کو شا ں ہے اور سال رواں کے دوران اسپتال میں گردوں کی بیماری میں مبتلا 15سو مریضوں کا علاج کیا گیا ۔ان کا کہنا ہے کہ سو ل سوسائٹی اور بیوپار منڈل کپوارہ نے جو الزامات لگائے ان میں کوئی بھی صداقت نہیں ہے بلکہ ایک مخصوص گروپ اسپتال کی کارکردگی کو بد نام کرنے کی کوشش کرتے ہیں ۔
دو سال گزرنے کے باوجود رابطہ پل تعمیر نہ ہو سکا
لچن پورہ کھاگ کی آبادی کو عبور و مرور میں مشکلات
بڈگام// ضلع بڈگام کے خان محلہ لچن پورہ کھاگ میں کئی برس قبل ایک رابطہ پل تعمیر کیا گیا تھا جو دو برس قبل پانی کے تیز بہاوکے سبب ڈہہ گیا۔دو برس گزرنے کے باوجود اسکی مرمت نہیں کی گئی۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ انہوں نے کئی مرتبہ متعلقہ حکام سے پل کی تعمیرو تجدید کی اپیل کی تاہم آج تک کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔انہوں نے کہا ’’ ڈی ڈی سی اور پنچایتی انتخابات میں علاقے کی تعمیر و ترقی کی خاطر ہم نے ووٹ ڈالے لیکن علاقے کو پھر بھی نظرانداز کیا گیا‘‘۔ مقامی لوگوں نے ایک عارضی پل بنایا ہے تاہم وہ کسی خطرے سے خالی نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بارش یا برفباری کے دوران لکڑی کے بنے اس عارضی پل کو پار کرنا محال ہو جاتا ہے جس کے نتیجے میں لوگوں کا زمینی رابطہ دیگر علاقوں سے منقطع ہو جاتا ہے۔کے این ایس
شیری بارہمولہ میں محکمہ بجلی کے خلاف احتجاج
بستی سے گزررہی ترسیلی لائن ہٹانے کا مطالبہ
فیاض بخاری
بارہمولہ //ضلع بارہمولہ کے شیری ناروائو علاقے میں گذشتہ روز بجلی کرنٹ لگنے سے ایک ترکھان رہائشی مکان کے چھت پر کام کرنے کے دوران 33 ہزار کے وی ترسیلی لائین سے کرنٹ لگنے سے جھلس کر شدید زخمی ہوگیا جس کے بعد علاقے کے لوگوں نے محکمہ پی ڈی ڈی کے خلاف احتجاجی دھرنا دیا۔احتجاجی لوگوں نے متعلقہ محکمہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ 33 ہزارکے وی ترسیلی لائین پوری بستی سے گزرتی ہے جو لوگوں کیلئے خطرے کا باعث ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر چہ لوگوں نے کئی بار متعلقہ محکمہ کو اس سلسلے میں آگاہ کیالیکن کوئی توجہ نہیں دی گئی۔انہوں نے کہا کہ آج تک علاقے میں کئی حادثات پیش آئے ہیں۔لوگوں نے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اس ترسیلی لائین کو بستی سے ہٹا کر کسی دوسرے راستے سے نصب کیا جائے۔
خانہ بدوشوں کے صحت کی دیکھ بھال اور موبائل ویٹر نریاں
قبائلی امور نے 20 کروڑ روپے کے منصوبے کو منظوری دی
سرینگر//قبائلی امور کے محکمہ نے خانہ بدوشوں کی صحت کی دیکھ بھال ، موبائیل ویٹر نری ڈسپنسریوں ، قبائلی علاقوں میں طبی آلات اور بنیادی ڈھانچے کی سہولیات کیلئے موبائیل ہسپتالوں اور ڈسپنسریوں کی فراہمی کیلئے کنور جنس کے طریقوں کو حتمی شکل دی ۔ اس منصوبے کیلئے 20 کروڑ روپے کا بجٹ رکھا گیا ہے ۔ سیکرٹری قبائلی امور ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے محکمہ صحت اور خاندانی بہبود ، محکمہ حیوانات جموں /کشمیر اور بھیڑ پالنے والے محکمہ جموں /کشمیر کے علاوہ قبائلی امور کے ڈائریکٹوریٹ ، پلاننگ اور فائنانس افسران کے ساتھ ایک میٹنگ میں طریقوں پر تبادلہ خیال کیا ۔ ڈائریکٹر اسٹیٹ موٹر گیراج نے خریداری اور قیام کے طریقوں کے بارے میں آگاہ کیا ۔ محکمہ نے ان سہولیات کی فراہمی کیلئے 20 کروڑ روپے کے اخراجات کی منظوری دی ہے جس میں خانہ بدوش قبائلی آبادی کی جانب سے نقل مکانی کیلئے اختیار کئے گئے راستوں پر موبائیل میڈیکل یونٹس اور ہیلتھ کلینک کی فراہمی ، قبائلی علاقوں میں صحت کے اداروں کیلئے ایمبو لینسز ، موبائیل ویٹر نری کلینک اور بھیڑوں کی پرورش کیلئے سہولیات شامل ہیں ۔ راجوری ، پونچھ ، ریاسی ، اودھمپور ، ڈوڈہ ، کشتواڑ ، بانڈی پورہ ، اننت ناگ ، پلوامہ اور کپواڑہ میں موبائیل ہیلتھ کلینک کیلئے 5 کروڑ روپے کے اخراجات فراہم کئے گئے ہیں ۔ محکمہ کو 5 کروڑ روپے کے اضافی اخراجات کے بارے میں بھی بتایا گیا جس کیلئے باقی اضلاع کیلئے منصوبہ مانگا ہے ۔ مختلف ہیلتھ اداروں کیلئے 3.50 کروڑ روپے کی مشینری اور آلات کی بھی منظوری دی گئی ۔ ڈاکٹر شاہد نے قبائلی فلاح و بہبود کیلئے فوری طور پر ترقیاتی اقدامات کی منصوبہ بندی کیلئے محکمہ صحت اور ایف ڈبلیو ، بھیڑ پالنے اور جانوروں کے پالنے کے فعال کردار کو سراہا ۔ انہوں نے فیلڈ افسران کا شکریہ ادا کیا کہ ان کی سرشار کاوشوں نے بہت کم وقت میں دکھائی دینے والی کارروائی میں تبدیل کیا ۔ اس موقعہ پر کلسٹر ٹرائبل ماڈل ولیج اور دودھ گاؤں کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔
لولاب کی طالبہ نے ایم اے اردو میں طلائی تمغہ حاصل کیا
اشرف چراغ
کپوارہ//شمالی ضلع کپوارہ کے خوبصورت وادی لولاب سے تعلق رکھنے والی ایک ہونہار طالبہ نے ذہانت کا لوہا منوا کر کشمیر یونیورسٹی کے شعبہ اردو میں بہترین کار کردگی کا مظاہرہ کر کے طلائی تمغہ حاصل کیا ۔صائمہ مقبول کو ایس کے آئی سی سی میں منعقدہ کشمیر یونیورسٹی کے 25ویں سالانہ کنونشن کی تقریب کے دوران بہترین کار کردگی پر طلائی تمغہ عطا کیا گیا ۔سائمہ مقبول کو یہ اعزاز جمو ں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے دیا۔صائمہ مقبول وادی لولاب کے میدان پورہ ٹکی پورہ سے تعلق رکھتی ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ انہو ں نے اپنی ابتدائی تعلیم اسلامیہ ماڈل ہائی سکول دیور سے حاصل کی اور اس کے بعد گورنمنٹ ڈگری کالج سوگام سے گریجویشن حاصل کی ۔بعد میں شعبہ اردو کشمیر یونیورسٹی سے ایم اے کی ڈگری امتیازی پوزیشن کے ساتھ مکمل کی ۔انہوںنے کہا ’’ مجھے اردو سے بہت لگائو ہے اور یہی وجہ ہے کہ میں نے اردو میں ہی ایم اے کی ڈگری حاصل کی ‘‘۔انہوں نے مزید کہا’ ’مجھے فخر ہے کہ میں نے شعبہ اردو میں امتیازی پوزیشن حاصل کر کے جمو ں و کشمیر کے ایل جی کے ہاتھو ں اعزاز حاصل کیا اور اس سے میرے ضلع اور علاقہ کا نام روشن ہوا‘‘ ۔
کپوارہ میں 3حفاظ کی دستار بندی
اشرف چراغ
کپوارہ//شمالی ضلع کپوارہ میں قائم الفیاض حفاظ سینٹر میں ایک پروقار تقریب پر3زیر تعلیم طلباء کو قرآن پاک حفظ کرنے پر دستار بندی کی گئی اور اعزاز سے نوازا گیا ۔تقریب میں کپوارہ پبلک سکول کے ذمہ داران کے علاوہ والدین اور بچو ں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی ۔ الفیا ض حفاظ سنٹر ایک اقامتی ادارہ ہے جہا ں بچو ں کو حفظ قرآن کرانے کے ساتھ ساتھ مروجہ تعلیم کا بندوبست ہے ۔ادارہ میں زیر تعلیم 3طلباء مرتضیٰ مقبول ،پیرزداہ توفیق ،اور پیر زادہ اسرارالحق نے قرآن پاک حفظ کیا اور ان کی دستار بندی کی گئی ۔الفیاض حفاظ سنٹر کے مہتمم عبدالرحمن ندوی نے ادارہ کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ الفیاض حفاظ سنٹر جدید اسلوب سے آہنگ ایک اقامتی ادارہ ہے جہا ں حفاظ قرآن اور مروجہ تعلیم کا مکمل انتظام ہے ۔
شریف آباد میں نوجوانوں کی پکڑ دھکڑ
انجمن شرعی شیعیان نے مذمت کی
سرینگر// انجمن شرعی شیعیان نے شریف آباد میں نوجوانوں کی پکڑ دھکڑ اور خوف و ہراس کا ماحول پیدا کرکے بستی کی آبادی کو ہراسان کرنے کی پولیس کارروائی پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کئی علاقوں میں عشرہ محرم کے دوران جلوس ہائے عزا میں شرکت کرنے والے عزاداروں پر طرح طرح کے الزامات عائد کرکے انکا عرصہ حیات تنگ کیا جا رہا ہے۔ایک بیان میں ترجمان نے کہا کہ ایسی کاروائیوں سے ایک اشتعال انگیز فضا جنم لے رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی گرفتاریوں سے کوئی مسئلہ حل نہیں ہوگا بلکہ نئے مسائل ابھر کر سامنے آئیں گے ۔ترجمان نے کہا کہ جن نوجوانوں کو پولیس کی ان نا مناسب کاروائیوں کا سامنا ہے، انہیں انجمن کی طرف سے قانونی مدد اور معاونت فراہم کی جائے گی ۔
عزاداروں کو گرفتارکرنا افسوسناک:روح اللہ
سرینگر// نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر آغا روح اللہ نے جموں و کشمیر پولیس کی جانب سے دو عزاداروں کو UAPAکے تحت گرفتار کرنے کی سخت مذمت کی ہے۔انہوں نے ایک ٹویٹ میں کہا ’’شریف آباد سے تعلق رکھنے والے دو عزاداروں نے بڈگام میں عاشورہ جلوس کے دوران جھنڈا لہرایا تھا جس پر ’مظلوم کشمیر‘ تحریر کیا ہوا تھا۔ پولیس نے دونوں عزاداروں کو یو اے پی اے (UAPA) کے تحت گرفتار کرکے یہ ثابت کرنے کی کوشش کی ہے کہ وہ مظلوم نہیں ہیں‘‘۔انہوںنے ٹویٹ میں طنز کرتے ہوئے کہا ’’پولیس کا یہ نمونہ دنیا کے سبھی جمہوری ممالک کو اپنانا چاہئے‘‘۔
کووِڈ ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں
کپوارہ انتظامیہ کی ضلع کے لوگوں سے اپیل
کپوارہ//ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نذیر احمد میر نے ضلع کپوارہ کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ کووِڈ۔19 طرزِ عمل ( سی اے بی ) اور ایس او پیز پر سختی سے عمل کریںتاکہ ضلع کو وَبائی مرض پر قابو پایا جاسکے۔اِن باتوں کا اِظہار ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کپوارہ نے جمعہ کو میڈیا سے وابستہ افراد کو ضلع میںموجودہ کووِڈ ۔19 صورتحال کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ضلع میں 39 مثبت معاملات سرگرم ہیں جن میں سے 27 گھریلو قرنطین میں ہیں اور 12 اِنتظامی قرنطین میں ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ صحتیابی کی شرح 98.55 فیصد تک پہنچ گئی ہے جو ضلع کے لئے اطمینان بخش علامت ہے اور ہفتہ وار مثبت معاملات کی شرح تھوڑی کم ہوکر 0.30 فیصد رہ گئی ہے۔اُنہوں نے ٹیکہ کاری کے حوالے سے کہا کہ 45برس عمر سے اوپر کی آبادی کی صد فیصد ٹیکہ کاری پہلے ہی مکمل ہوچکی ہے اور 18برس عمر سے 44برس عمر تک کے لوگوں کو 45.59 فیصد ٹیکے لگائے گئے ہیں۔ا ے ڈی سی نے 45 برس سے کم عمر کے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ آگے آئیں اور خود کو قریبی ٹیکہ کاری سینٹر میں جاکر کووِڈ مخالف ٹیکے لگائیں۔اُنہوں نے ضلع کپواڑہ کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ماسک کا استعمال کریں ، ہاتھوں کی صفائی اور سماجی فاصلے کو برقرار رکھیںاور تمام کووِڈ طرز ِ عمل ( سی اے بی ) اور ایس او پیز پر من و عن عمل کریں۔اِس موقعہ پر چیف میڈیکل آفیسر کپواڑہ معراض الدین صوفی اور نوڈل آفیسر کووِڈ غلام نبی شیخ موجود تھے۔قارئین اس خبر کو ڈی سی کپواڑہ کے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ@dckupwara اور ڈی آئی سی کپواڑہ کے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ@infokupwaraپر بھی دیکھ سکتے ہیں۔
ترال سے پانپور تک رابطہ سڑک کی تعمیر
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ترال نے پروجیکٹ کا جائزہ لیا
سرینگر//ترال سے پانپور تک انتظامیہ رابطہ سڑک تعمیر کررہی ہے جس سے دونوں علاقوں کے درمیان مسافت کم ہوگی ۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ترال شبیر احمد رینہ نے اس سلسلے میں بتایا کہ پستونہ وہاب صاحب سڑک کی تعمیر سے نہ صرف ترال اور پانپور سب اضلاع کے درمیان مسافت کم ہوگی بلکہ اس سے مقامی سیاحت کو فروغ ملے گا۔ ترال کے بالائی دیہات کو وستورون جنگلات سے گزر کر وہاب صاحب شار شالی پانپور کے ساتھ ملانے والی اس اہم سڑک کا خواب اب شرمندئہ تعبیر ہو رہا ہے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے انتظامیہ کے دیگر افسران کے ہمراہ سعید آباد کی طرف رابطہ سڑک کی بحالی کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیا ۔انہوں نے بتایا کہ پستونہ وہاب صاحب سڑک کی تعمیر سے نہ صرف ترال اور پانپور سب اضلاع کے درمیان مسافت کم ہوگی بلکہ اس سے مقامی سیاحت کو فروغ ملے گا جس کی وجہ سے لوگوں کی اقتصادی حالت بہتر ہونے کے امکانات ہیں۔کے این ایس
کولگام میں تین افراد نشیلی اشیاء سمیت گرفتار
سرینگر//منشیات مخالف مہم کے دوران کولگام پولیس نے نے 3افرادکو گرفتارکرکے نشیلی اشیاء سمیت گرفتارکرلیا۔ دمحال ہانجی پورہ کی پولیس پارٹی نے ایس ڈی پی اوشیخ طاہر امین کی نگرانی میں نندی مارگ کراسنگ پر ناکہ قائم کیا اور چیکنگ کے دوران تین افراد کو مشکوک انداز میں گھومتے ہوئے دیکھا ۔پولیس کو دیکھتے ہی تینوں افراد نے موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی لیکن پولیس نے ان کا پیچھا کیا اور انہیں حراست میں لے لیا۔ تلاشی کے دوران اُن کے قبضے سے70گرام براؤن شوگر جیسا مادہ برآمد ہوا۔دمحال ہانجی پورہ نے ان کے خلاف کیس درج کرلیا ہے ۔
اپنی پارٹی کی ایس ٹی ونگ میں تقرریاں
سرینگر// اپنی پارٹی نے جمعہ کو خالد شجا ع بڈھانہ کو ایس ٹی ونگ جے اینڈ کا جنرل سیکریٹری اور رفیق بلوٹ کو صوبائی صدر ایس ٹی ونگ کشمیر مقرر کیا۔ان تقرریوں کا اعلان ایس ٹی ونگ قیادت کی سفارش پر پارٹی صدر الطاف بخاری کی منظوری کے بعد کیاگیا۔
این سی لیڈر کو برسی پرخراج عقیدت
سرینگر// نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے پارٹی کے سینئر لیڈر اور سابق ممبر اسمبلی راجپورہ ایڈوکیٹ نذیر احمد وانی (نیلورہ) کی برسی پرانہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ نذیر احمدوانی نے اپنے فرائض اور عوامی خدمات نہایت ایمانداری سے انجام دیں۔ پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ اورجنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے بھی مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وانی کی خدمات ناقابل فراموش ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اُن کی جدائی سے نیشنل کانفرنس کو ایک بڑا نقصان ہوا جس کو پُر کرنا ناممکن ہے۔
امام زین العابدینؓ کے عرس پر تقاریب
سرینگر// امام زین العابدینؓ کے عرس پرریاست کی مساجد ، زیارت گاہوں اور خانقاہوں میں علماء نے اُن کی سیرت اور اسلامی خدمات پر روشنی ڈالی۔مولانا شوکت حسین کینگ نے خانقاہِ حضرت شیخ صبور صاحبؒ بربرشاہ جبکہ خانقاہِ حضرت مرزا اکمل الدین بدخشیؒ حول میں مولوی خورشید احمد قانونگو نے خطاب کئے ۔ مسجد قاضی یار زینہ کدل میں مولوی لطیف احمد نے امام زین العابدینؓ کے تقویٰ اور انکساری پر خطاب کیا۔ جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ مولانا ریاض احمد ہمدانی نے کہا کہ شہدائے کربلا نے اسلام کی زینت اور پیغمبر آخرزمانؐ کی سنتوں کو زندہ رکھنے کیلئے عظیم قربانیاں پیش کیںجن پر دنیاعش عش کرتی رہی گی۔
کشمیر کرائون کا ایڈمن ساتھی سمیت گرفتار
فیاض بخاری
بارہمولہ//فیس بک پر ’کشمیر کرائون ‘نامی پیج سے وابستہ عاشق میر کے بعد پولیس نے اس پیج کے ایڈمن اور کشمیر کرائون ٹرسٹ کے سربراہ عمران احمد گنائی عرف شاہد عمران کو گرفتارکر لیا ہے۔ اس سلسلے میں پولیس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ رفیع آباد کی ایک لڑکی سے بھتہ خوری اور مجرمانہ دھمکی دینے کے معاملے میں ڈنگی وچھہ تھانہ میں مقدمہ درج تھا۔ معاملے کی نسبت کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے اس پیج کے منیجنگ ایڈیٹر عاشق میر کو گزشتہ روز گرفتار کیاجو اس سے قبل ایک اور کیس میں ضمانت پر رہا کیا گیا تھا ۔ پولیس نے بتایا کہ شاہد عمران کو گرفتار کیا گیا جس نے اپنی پیشگی ضمانت حاصل کی تھی تاہم اس ضمانت کی معیاد ختم ہونے کے فوراًً بعد پولیس نے عمران کو گرفتار کیا ۔ڈنگی وچھہ تھانہ میں دونوںکے خلاف بھتہ خوری اور بلیک میلنگ کے سلسلے میں ایف آئی آر نمبر 145 درج ہے اورآئی پی سی دفعات 384/506 کے تحت ملزم قرار دیا گیاہے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمین کو آئی پی سی کی دفعہ 384،506 کے تحت ضمانت پر رہا تھے لیکن جمعہ کو 420،120 اورB – 506 کے تحت باقاعدہ گرفتار کیا گیا ۔
ڈاکٹر فاروق کا سینئر پارٹی کارکن کے انتقال پر اظہار تعزیت
سرینگر//نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کرگل سے وابستہ پارٹی کے سینئر رکن حاجی موسیٰ چکتان کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیاہے۔انہوںنے سوگوارکنبے کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔ حاجی موسیٰ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے پارٹی صدر نے کہاکہ پارٹی ایک بے لوث اور عوام دوست رکن سے محروم ہوئی۔پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ ،جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر مصطفی کمال، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، سینئر لیڈران عبدالرحیم راتھر، آغا سید روح اللہ ، حسنین مسعودی، قمر علی آخون، فیروز خان، تنویر صادق اور حاجی حنیفہ نے بھی تعزیت کا اظہار کیا ۔
معروف اداکار بشارت حسین کے والد فوت
سماجی اور ادبی حلقوں کا اظہار تعزیت
سرینگر//آبی یار علمگری بازار سرینگرکے معروف اداکار بشارت حسین کے والد محمد اشرف ملہ کے نتقال پر کئی دینی، سماجی، ادبی اور سیاسی حلقوں نے رنج وغم کا اظہار کیاہے۔ریڈیو، ٹی وی اداکار خورشید میر ،جویمبر زل یوتھ کلب کے صدر بھی ہے ،نے صدمے کا اظہار کر تے ہوئے سوگوار خاندان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔ آل انڈیا ریڈیو سرینگر کے انائونسراور ادا کار طاریق جمیل،یمبر زل یوتھ کلب سے وابستہ دیگر کئی اداکاروں جن میں شہزاد شبیر،شوکت ماگرے ، بشارت بخاری، میرمشتاق، سمیر جان، مہجبین انکساری، مبلغ اور پبلسٹی سیکریٹری جاویدکشمیری نے اداکاربشارت حسین کے والد کے انتقال پر دُکھ کا اظہار کیاہے۔