ٹنگمرگ میں دکاندار حرکت قلب بند ہونے سے فوت
مشتاق الحسن
ٹنگمرگ//چندی لورہ ٹنگمرگ میں دوکاندار حرکت قلب بند ہونے سے فوت ہو گیا۔سابق ماسٹر غلام حسن گنائی ولد عبدالصمد ساکنہ چندی لورہ ،جو کہ چندی لورہ مارکیٹ میں کریانہ دوکان چلا رہا تھا ،دوپہر کے وقت کھانا کھانے گھر کی طرف جارہا تھا اور اچانک غشی کھا کر گر پڑا اورموقع پر ہی اس کی موت واقع ہوئی۔جوں ہی اس کی موت کی خبر قصبے ٹنگمرگ میں پھیل گئی تو وہاں صف ماتم بچھ گئی۔ اپنی پارٹی کے سینئر نائب صدر غلام حسن میر اور سابق ممبر اسمبلی گلمرگ محمد عباس وانی نے رنج و غم کااظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کااظہار کیاہے۔
حبک ملہ باغ میں جھگڑا
۔2 لڑکے زخمی، ایک کی حالت نازک
گاندربل //ارشاد احمد//عمر کالونی ملہ باغ حبک حضرتبل میں آپسی جھگڑے کے دوران دو نوعمر لڑکے زخمی ہوگئے جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔عمر کالونی ملہ باغ میں معصیب مخدومی ولد فیاض احمد ساکنہ سکھ باغ اور میر رابن ولد مرحوم رحمان میر ساکنہ حضرت بل حال بٹہ شاہ محلہ لال بازار کے درمیان کسی بات پر جھگڑا ہوا اور نوبت ہاتھاپائی پر پہنچ گئی جس کے دوران دونوں زخمی ہوگئے۔ دونوں کو زخمی حالت میں میڈیکل انسٹیچوٹ صورہ منتقل کر دیا گیا جہاں معصیب مخدومی کو سر پر چوٹ آنے کی وجہ سے حالت تشویشناک بنی ہوئی ہے۔پولیس تھانہ زکورہ حضرت بل میں اس معاملے کی نسبت کیس زیر نمبر 9/2021 درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے ۔
نارواو بارہمولہ میں ہیڑ اور بائلرضبط
فیاض بخاری
بارہمولہ // محکمہ پی ڈی ڈی نے نارواو بارہمولہ میں ہیڑوں اور بائلروں کے خلاف کریک ڈاون شروع کیا ہے ۔ محکمہ کی ایک چھاپا مار ٹیم نے جمعرات کو نارواو کے شیری اور زنڈفرن دیہات میں چھاپا مار اجس کے دوران درجنوں ہیٹر اور بائیلر ضبط کئے گئے اور صارفین پر جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔ ایس او عبدالرشید نے بتایا کہ محکمہ کو باربار شکایت موصول ہورہی تھی علاقے میں بجلی کی ولٹیج کم ہیں اور لوگ ہیٹر اور بائیلر کا زیادہ استعمال کرتے ہیں جس کے نتیجے میں بجلی سپلائی میں خلل پڑتی ہے ۔ اس بنا پر ہم نے ان علاقوں میں چھاپے مارے جس کے دوران درجنوں ہیٹر اور بائیلر ضبط کئے گئے ہیں اور جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ یہ کاروائی آگے بھی جاری رہے گی۔
ہینڈی کرافٹس و ہینڈ لوم کی تربیت پانے والے مشاہرے کی شرح میں اضافہ
جموں//حکومت جموں کشمیر نے آج دستکاری و ہینڈ لوم محکموں کے تربیتی مراکز میں مختلف ابتدائی اور ایڈوانسڈ کورسز میں تربیت پانے والوں کے مشاہرے کی شرح میں اضافہ کیا ہے جس کے تحت ابتدائی تربیتی کورس کیلئے مشاہرہ پانچ سو سے ایک ہزار روپے اور ایڈوانسڈ تربیتی کورس کیلئے سات سو سے 1500 روپے تک بڑھایا گیا ہے ۔ اسی طرح ہینڈ لوم تربیتی کورسوں میں بھی ریڈی میڈ گارمنٹس اور بنکر تربیتی کورسوں کیلئے ماہانہ مشاہرے میں پانچ سے سے بڑھا کر ایک ہزار روپے کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں ۔
جے کے بینک چیئرمین سے نذیر یتو کی ملاقات
سرینگر//جے کے سیمنٹ کے سابق وائس چیئرمین اور سینئر سیاسی لیڈر انجینئر نذیر احمد یتو نے جمعرات کو سرینگر میں جے اینڈ کے بینک کے چیئرمین اور سی ای او آر کے چبھر سے ملاقات کی۔اپنے ایک بیان میں نذیریتو نے کہا کہ انہوں نے بینک کے چیئرمین کو گذشتہ ایک سال کے دوران اختیار کردہ سلیکشن عمل میں شفافیت کو یقینی بنانے پر مبارکباد پیش کی۔انہوں نے اس دوران بڈگام کے بادی پورہ چاڈرہ میں جے کے بینک کا بزنس یونٹ کھولنے کا چیئرمین سے مطالبہ کیا کیونکہ اس علاقے میں بڑی تعداد میں لوگ بینکنگ کی سہولت کے بغیر ہیں اور وہاں اس کی تشکیل کی فوری ضرورت ہے۔ یتو نے چیئرمین سے مطالبہ کیا کہ گھنڈی مہنور ، المدار کالونی گوپال اور زوہامہ چاڈورہ میں اے ٹی ایم قائم کرنے کی درخواست کی۔
واجب الادارقومات کی ادائیگی کے وعدے سراب
کنٹریکٹرس کارڈی نیشن کمیٹی
سرینگر//سینٹرل کنٹریکٹرس کارڈی نیشن کمیٹی نے واجب الادا رقومات کی واگزاری کی مانگ کی ہے۔ کمیٹی کے جنرل سیکریٹری فاروق احمد ڈار نے کہا ہے کہ رقومات کی عدم ادائیگی کے سبب ٹھیکیدار سخت دشواریوں کا سامنا کررہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ 3سال قبل ٹھیکیداروںنے مجبور ہوکر تعمیراتی کاموںکا بائیکاٹ کیاتھا اور اُس وقت کی انتظامیہ نے یقین دہانیاں دی تھیں کہ بقایاجات رقومات کو ادا کیاجائیگا لیکن تاایں دم یہ وعدے سراب ثابت ہوئے۔ انہوںنے رپوٹوں کا حوالہ دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ چند منظور نظر بڑے ٹھیکیداروں کی رقومات کو واگزار کیاگیا لیکن چھوٹے اور درمیانہ درجے کے ٹھیکیداروں کو رقومات فراہم نہیں کی جارہی ہیں۔ فاروق ڈار نے الزام عائد کیا کہ سخت قوانین کے نتیجہ میں تعمیراتی ٹھکیداروں کو خدشہ ہے کہ وادی میںرواں مالی سال کا صرف25فیصد بجٹ کا تصرف عمل میں لایا جائے گا اور باقی رقومات لیپس ہونگے جو تشویشناک امر ہے ۔پریس کانفرنس میں اشفاق احمد خان،عمر جاوید،مشتاق احمد خان، رفیق احمد، محمد شفیع گنائی،طارق مشتاق،طارق احمد راہ اور محمد اقبالموجود تھے۔
حضرت ذیتی شاہ ولی ؒ عرس مبارک پر انتظامات بہم رکھنے پر زور:این سی
سرینگر// نیشنل کانفرنس نے خطہ کشمیر کے بلند پایہ ولی کامل حضرت ذیتی شاہ ولیؒدرگمولہ کپوارہ کے عرس مبارک کے سلسلے میں ضلع انتظامیہ کپوارہ سے اپیل کی کہ وہ عقیدتمندوں کیلئے بجلی،پینے کا پانی، صحت و صفائی اور ٹرانسپورٹ میسر رکھیں۔ پارٹی کے سینئر لیڈر میر سیف اللہ اور ضلع صدر کپوارہ قیصر جمشید لون نے بھی انتظامات دستیاب رکھنے کی اپیل کی ہے۔
محکمہ وائلڈلائف کے عارضی ملازمین کا احتجاج، کئی بے ہوش
عارف بلوچ
اننت ناگ //بجبہاڑہ میں محکمہ وائلڈ لائف میں کام کر رہے عارضی ملازمین نے ٹھٹھرتی سردی کے بیچ دوران شب اپنے مطالبات کے حق میںاحتجاج کیا ۔محکمہ وائلڈ لائف کے عارضی ملازمین گزشتہ کئی مہینوں سے سراپا احتجاج ہیں۔بدھوار اور جمعرات کی درمیانی شب کو ان ملازمین نے محکمہ کے دفتر کے صحن میں رات کی تاریکی میں احتجاج کیا ۔اس بیچ سخت سردی کے باعث کئی ملازمین بے ہوش ہوگئے جنہیں علاج و معالجے کے لئے اسپتال منتقل کیا گیا ۔ملازمین نے محکمہ کے خلاف اپنی مانگوں کو لیکر نعرے بازی کی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ کئی برسوں سے محکمہ میں کام کر رہے ہیں تاہم محکمہ اُن کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ نظر نہیں آرہا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ گذشتہ کئی ماہ سے تنخواہوںسے بھی محروم ہیں جس کے باعث انہیں مالی مشکلات کاسامنا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مختلف محکموں میں کام کر رہے کیجول لیبروں کو6 ہزار 750 روپے بطور تنخواہ دی جاتی ہے لیکن محکمہ نے انکو اس قلیل تنخواہ سے بھی محروم رکھا ہے۔مظاہرین نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ ا ن کی تنخواہیں فی الفور واگزار کی جائیں۔
صفاپورہ میں ضلع انتظامیہ کا عوامی دربار
ترقیاتی کمشنر نے مسائل حل کرنے کا یقین دلایا
ارشاد احمد
گاندربل //ضلع انتظامیہ گاندربل کی جانب سے ضلع ترقیاتی کمشنر شفقت اقبال کی سربراہی میں ہائر سیکنڈری سکول صفاپورہ میں عوامی مسائل کا ازالہ کرنے کے لئے عوامی دربار کا اہتمام کیا گیا۔عوامی دربار میں صفاپورہ اور اس سے ملحقہ مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے کثیر تعداد میں سرکردہ شخصیات، محلہ کمیٹیوں اور ویلفیئر سوسائٹی نے شرکت کرتے ہوئے ضلع انتظامیہ کو مختلف امور اور شکایات سے آگاہ کیا اور ان کے جلد از جلد ازالہ کے لئے ضلع ترقیاتی کمشنر سے مداخلت کا مطالبہ کیا۔ عوامی دربار میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر گاندربل فاروق احمد بابا، چیف میڈیکل آفیسر گاندربل، محکمہ بجلی،جل شکتی، پی ایم جی ایس وائی،تعمیرات عامہ،امور صارفین و تقسیم کاری، تحصیلدار، بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر سمیت دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے۔اس موقع پرمقامی افراد نے ضلع ترقیاتی کمشنر کو عوامی اہمیت کے مختلف امور سے آگاہ کیا جن میں کھیل کے میدان کی توسیع، سومو گاڑیوں کے لئے اڈے کی اراضی کے لئے نشاندہی،بوسیدہ ہوچکے بجلی کے کھمبے اور ترسیلی لائنیں،رابطہ سڑکوں کی تعمیر و تجدید سمیت اپنے اپنے علاقوں سے متعلق دیگر امور سے آگاہ کیا۔اس موقع پر ضلع ترقیاتی کمشنر شفقت اقبال نے انہیں یقین دلایا کہ ان کی طرف سے کئے گئے تمام شکایات اور مسائل کو جلد از جلد حل کیا جائے گا۔انہوں نے متعلقہ محکموں کو عوامی مسائل کو حل کرنے کے لئے اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کرنے کے علاوہ متعدد امور کو موقع پر ہی حل کیا۔سومو اسٹینڈ کے لئے اراضی کے بارے میں متعلقہ تحصیلدار سے کہا کہ وہ علاقے میں ممکنہ زمین کی نشاندہی کرے اور منظوری کے لئے رپورٹ فوری پیش کرے۔اپنے خطاب کے دوران ضلع ترقیاتی کمشنر نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کے دروازوں پر بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ان کے مسائل اور شکایات کا ازالہ کم سے کم وقت میں کرنے کے لئے پرعزم ہے اور اس سلسلے میں پہلے ہی ضلع کے مختلف محکموں کے افسران کو ضروری ہدایات بھیج دی گئی ہیں۔ دریں اثناء ضلع ترقیاتی کمشنر نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے محکموں میں مرکزی معاونت والی اسکیموں سے عوامی حلقوں میں شعور بیداری پیدا کریں تاکہ وہ ان اسکیموں سے استفادہ حاصل کریں جو معاشرتی اور مالی حالت کو بہتر بنانے کے لئے منافع بخش ہیں.بعد ازاں ضلع ترقیاتی کمشنر نے مانسبل جھیل کا بھی دورہ کیا اس دوران چیف ایگزیکٹو آفیسر مانسبل ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے انہیں مانسبل جھیل کے تحفظ اور صفائی ستھرائی کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔
گاندربل میں نئی لائسنس کے خواہشمند افراد کیلئے تربیتی ورکشاپ
گاندربل/ارشاد احمد//گاڈورہ گاندربل سڑک تحفظ مہینہ کے تحت میں نئی لائسنس حاصل کرنے والے ڈرائیوروں کو ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کرنے کے لئے بیداری پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔پروگرام میں اسسٹنٹ ریجینل ٹرانسپورٹ افسر عارف احمد شاہ نے پروگرام میں موجود لائسنس کے خواہشمند افراد کو لائسنس حاصل کرنے کیلئے لوازمات سے گاہ کیا ۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کرنے کے لئے بیداری پروگرام انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔اے آر ٹی او نے گاڑیاں چلانے کے دوران سیٹ بیلٹ پہننے،موبائل کے استعمال سے اجتناب پر زور دیا۔
معروف تاجر اور مذہبی کارکن منظور وانگنو کے والد فوت
سرینگر//معروف تاجر اور سماجی و مذہبی کارکن منظور احمد وانگنو کے والد انتقال کرگئے۔ اُن کی نماز جنازہ جمعرات شام10 بجکر30منٹ پر ان کی رہائش گاہ کے نزدیک بلالیہ ایجوکیشنل انسٹی چیوٹ سرینگر میں ادا کی گئی۔ سرد یوںکے باوجودنماز جنازہ میں مختلف طبقہ ہائے فکر سے وابستہ کافی لوگوں نے شرکت کی،جس کے بعد انہیں سپرد خاک کیا گیا۔اس دوران کئی سماجی،فلاحی،مذہبی اور تجارتی انجمنوں نے لواحقین بالخصوص منظور احمد وانگنو کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے اورمرحوم کی مغفرت کیلئے دعا کی ہے۔
الطاف بخاری کا مشہور بزرگسید یوسف شاہ کی وفات پراظہار رنج
سرینگر// اپنی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری نے مشہور روحانی بزرگ پیر سید یوسف شاہ کی وفات پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے ۔ایک بیان میں بخاری نے حاجی محمد یوسف شاہ کو معروف روحانی شخصیت قرار دیا جنہوں نے ناقابلِ فراموش خدمات انجام دیں۔اِس خانقاہ پر آنے والے زائرین اُنہیں لمبے عرصہ تک یاد رکھیں گے۔ بخاری نے مزید کہا’’پیر سید یوسف شاہ عام لوگوں کے لئے روشنی تھے۔ مذہبی خدمت کے علاوہ اُن کی سماجی خدمات سے اُن کی انسان دوستی ، امن اور بھائی چارے کی اقدار کی نشاندہی ہوتی ہے۔انہوں نے کہا’’ میں دعا گو ہوں مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ عنایت ہو اور سوگوار کنبہ کے ساتھ دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتا ہوں‘‘۔اس دوران پارٹی کے سینئر نائب صدر غلام حسن میر نے ریڈیو کشمیر کے لائیزان افسر اور اسسٹنٹ پروٹوکول نصر اللہ پرے کی والدہ کی وفات پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔ سوگوار کنبہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے میر نے مرحوم کی جنت نشینی کے لئے دعا کی ہے۔ انہوں نے کہا’’ میںاللہ سے دعا گوہوں کہ غمزدہ کنبہ کو یہ ناقابل ِ تلافی نقصان بردداشت کرنے کی ہمت عطا ہو‘‘۔
انجمن علماء و ائمہ مساجد کی تعزیت
سرینگر//انجمن علماء وائمہ مساجد جموں وکشمیر کے امیر حافظ عبد الرحمان اشرفی ،ضلع صدر کولگام مفتی شبیر ،ضلع سیکریٹری مفتی فیاض احمد تانترے ،تحصیل صدر دمحال مفتی محمد اشرف،مولانا محمد اقبال ،مولانا غلام محمد بڑی جہالن،مولانا شوکت احمد چمر، مولوی نور حسین کوٹہ مرگ، مولانا ظہورِ احمد کے علاوہ ممبران ضلعی مجلس شوریٰ اور تمام کار کنان انجمن نے معروف عالم دین اورضلعی مجلسِ شوریٰ کے ممبرمولانا عتیق اللہ شاہ امام وخطیب جامع مسجد شریف گلزارآبادکی والدہ نسبتی کے انتقال پرغمزدہ خاندان کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
معروف ٹھیکیدار اشوک کمار فوت
کنٹریکٹروں کی کارڈی نیشن کمیٹی کا اظہار تعزیت
سرینگر//سنٹرل کنٹریکٹرس کارڈی نیشن کمیٹی نے معروف ٹھیکیدار اشوک کمار کے فوت ہونے پر سخت صدمے کا اظہار کرتے ہوئے آنجہانی کو ایک دیانت دار،خوش مزاج اور زندہ دل انسان قرار دیا۔ کمیٹی کا ایک تعزیتی اجلاس جنرل سیکریٹری فاروق احمد ڈار کی صدارت میں منعقد ہوا،جس میں اشفاق احمد خان،عمر جاوید،مشتاق احمد خان، رفیق احمد، محمد شفیع گنائی،طارق مشتاق،طارق احمد راہ اور محمد اقبال سمیت دیگر لوگ بھی موجود تھے۔ تعزیتی اجلاس کے دوران آنجہانی کے روح کے سکون کیلئے دعا کی گئی جبکہ اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کا اطہار کیا گیا۔اس دوران کارڈی نیشن کمیٹی کے چیف آرگنائزر حاجی نذیر احمد زرگر اور جاوید احمد زرگر نے بھی اشوک کمار کے فوت ہونے پر صدمے کا اظہار کیا ہے۔