بانڈی پورہ کا نواجوان ایک ہفتہ سے لاپتہ
عازم جان
بانڈی پورہ//بانڈی پورہ کا ایک نوجوان گزشتہ ایک ہفتہ سے لاپتہ ہے جس کی وجہ سے اُس کے اہلخانہ تشویش میں مبتلاء ہوگئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق 19برس کارونق احمد بٹ ولدغلام حسن بٹ ساکن وارڈ نمبر 3ایک ہفتہ قبل شام کو گھر سے نکلا،لیکن تب سے واپس گھر نہیں لوٹا۔گھروالوں نے اگر چہ اُسے ہر ممکن جگہ تلاش کیا لیکن کہیں اس کا اَتہ پتہ نہیں ملا۔اس سلسلے میں تھانہ پولیس بانڈی پورہ میں رپورٹ درج کرائی گئی ہے ۔
پٹن میں تلاشی آپریشن پرامن طور اختتام پذ یر
سرینگر// قصبہ پٹن کے کئی محلوں کا جمعہ کو تلاشی آپریشن انجام دیا گیا جوپرامن طور ختم ہوا،اور کسی کو گرفتار کئے جانے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ سی این ایس کے مطابق فورسز کو مصدقہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ پٹن کے کھانڈے محلہ اور سعد محلہ میں جنگجو چھپے بیٹھے ہیںجس کی بنا پر علاقے میں تلاشی آپریشن شروع کیا گیا۔ اس دوران فورسز کی بھاری نفری کو داخلی اور خارجی راستوں پر بٹھا دیا گیا اور خانہ تلاشیوں کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے ۔فورسز نے تمام محلہ جات کو محاصرے میں لے کر گھر گھر تلاشی لی اور کئی جگہوں پر راہ چلتے لوگوں کو روکا اور انہیں قطاروں میں کھڑا کرکے ان کی شناختی پریڈ کروائی تاہم کسی بھی شخص کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔
ڈی ایم کے سربراہ اسٹالن کے داماد کے گھر چھاپہ
محبوبہ مفتی برہم
سرینگر//پیپلزڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے ڈی ایم کے سربراہ ایم کے اسٹالن کے دامادسباریسان کے گھر پر مبینہ طور انکم ٹیکس حکام کے چھاپے کومرکزی حکومت کی طر ف سے سیاسی مخالفوں کوتنگ کرنے کاایک حربہ قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتابنرجی کی قیادت میں ملک کی حزب اختلاف کی جماعتوں کوایک ہی پلیٹ فارم پر جمع کرناوقت کیا اہم ضرورت ہے تاکہ مرکزکی چڑھائی کامقابلہ کیا جائے۔محبوبہ نے ٹوئٹر پر لکھا ،’’انکم ٹیکس کے اسٹالن جی کے دامادکے گھر چھاپے ،حکومت ہند کی طرف سے سیاسی مخالفوں کواپنے معتبر اداروں کے ذریعے تنگ کرنے کی ایک اورمثال ہے‘‘۔انہوں نے مزید لکھا، ’’ممتاجی کی طرف سے مرکزکی چڑھائی کا مقابلہ کرنے کیلئے اپوزیشن کو ایک ہی پلیٹ فارم پر جمع کرناوقت کی ضرورت ہے‘‘۔
مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچایاجائے: الطاف بخاری
سرینگر//اپنی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری نے ضلع اننت ناگ سے تعلق رکھنے والی خاتون کی مبینہ طور پر گھریلو تشدد کے سبب موت واقع ہونے پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے ۔ تعزیتی پیغام میں الطاف بخاری نے کہاکہ ایسے دلدوز سانحات قابل ِ مذمت ہیں۔ انہوں نے کہا’’ میں غمزدہ کنبہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہوں جوکہ اپنی بچی کی یہ حالت دیکھ کر بُری طرح سے ٹوٹ چکے ہیں، ہم مرحومہ کی جنت نشینی کے لئے دعا گو ہیں‘‘۔ انہوںنے کہاکہ اُن کی جماعت اِس بات کو یقینی بنائے گی کہ اِس معاملہ کی تحقیقات فاسٹ ٹریک بنیادوں پر کی جائے تاکہ مجرموں کو کیفر ِ کردار تک پہنچایاجاسکے۔ الطاف بخاری نے کہا’’ ایسے واقعات مہذب سماج پر دھبا ہے، میری قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں سے گذارش ہے کہ وہ اِس سنگین جرم کی تحقیقات کریں اور مثالی سزا دی جائے‘‘۔ انہوں نے کہاکہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے علاوہ سماجی ومذہبی تنظیموں کو بھی چاہئے کہ وہ لوگوں میں گھریلو تشدد اور جہیز کی وباء کے خلاف بیداری عام کریں تاکہ اِس طرح کے دلدوز واقعات میں ہماری بیٹیاں مستقبل میں بھینٹ نہ چڑھیں۔
چاڈورہ میں المناک حادثہ
لوڈ کیرئیرٹائر پھٹنے سے الٹ گیا، نوجوان لقمہ اجل
ارشاد احمد
گاندربل // چاڈورہ کے مضافاتی گائوںگڑھبل میں المناک واقعہ میں لوڈ کیرئیر میں سوار ایک نوجوان کی موت واقع ہوگئی۔عینی شاہدین نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ آٹو لوڈ کیرئیر رجسٹریشن نمبرD/1741 JK04 گڑھبل سے چاڈورہ کی جانب آرہا تھا جس کے دوران اچانک اس کا ٹائر پھٹ گیا جس کے سبب لوڈ کیرئیر الٹ گیا اور اس میں سوار 24 سالہ بلال احمد ٹھوکر ولد نذیر احمد ساکن گڑھبل چاڈورہ شدید زخمی ہوگیا۔زخمی نوجوان کو سب ڈسٹرکٹ اسپتال چاڈورہ لایا گیا جہاں اسے ڈاکٹروں نے مردہ قرار دیا ۔ اس واقعہ میں لوڈ کیرئیر ڈرائیور کو معمول چوٹیں آئیں۔ اس بارے میں کیس زیر نمبر/2021 29 درج کرلیا گیا ہے۔
اونتی پورہ میںگاڑی سے چرس ضبط
۔ 2منشیات سمگلر گرفتار، تحقیقات شروع
سرینگر//اونتی پورہ میں پولیس نے چرس ضبط کرکے 2منشیات سمگلروں کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس تھانہ اونتی پورہ سے وابستہ اہلکاروں نے کیگام میں ناکہ بٹھایا تھا جس کے دوران ماروتی زیر نمبرJK05D/5197کو روک لیاگیا۔ اس موقعہ پر پولیس نے گاڑی کی تلاشی لی جس کے دوران 1.4کلوگرام چرس برآمد کیاگیا۔ پولیس نے عرفان رفیق شیخ اور مدثر احمد بٹ ساکنان بارہمولہ کوگرفتار کرکے گاڑی کو ضبط کیاگیا۔اس سلسلہ میں پولیس نے ایف آئی آر زیر نمبر38/2021درج کرکے معاملہ کی مزید تحقیقات شروع کی ہے۔
ڈاکٹر سلیم وانی سے نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی کی تعزیت
سرینگر//نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ ،نائب صدر عمر عبداللہ اور پی ڈی پی نے معروف معالج ڈاکٹر سلیم وانی کے والد بزرگوار عبدالغنی وانی کے رحمت حق ہونے پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس سانحہ ارتحال پر مرحوم کے جملہ سوگوران خصوصاً مرحوم کے فرزند ڈاکٹر سلیم وانی کیساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے اور مرحوم کے حق میں دعائے مغفرت اور کلمات ادکئے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پسماندگان کو یہ صدمہ عظیم برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔نیشنل کانفرنس کے جنرل سیکریٹری علی محمد ساگر، معاون جنرل سیکریٹری ڈاکٹر مصطفی کمال ، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، ممبر پارلیمنٹ محمد اکبر لون، سینئر لیڈر مبارک گل نے بھی ڈاکٹر سلیم وانی کے ساتھ تعزیت کااظہار کیا ہے۔ ادھر پی ڈی پی کے جنرل سیکریٹری غلام نبی لون ہانجورہ، سٹیٹ سیکریٹری حمید کوہ شین نے ڈاکٹر سلیم وانی کے والد کے فوت ہونے پر رنج و غم کااظہار کرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی کی دعا کی۔انہوںنے لواحقین خصوصاً ڈاکٹر سلیم وانی کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی دعا کی۔
بانڈی پورہ کی معروف شخصیت محمد مقبول وانی فوت
ڈاکٹر فاروق، عمر عبداللہ اور ساگر کااظہار تعزیت
عازم جان
بانڈی پورہ //ادارہ وقف بورڈ اہم شریف زیارت بانڈی پورہ کے سابق منتظم محمد مقبول وانی طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے۔ ادھر نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ ،نائب صدر عمر عبداللہ نے رنج و غم کااظہار کیا ہے۔ محمد مقبول وانی ساکن چک ریشی پورہ کی نماز جنازہ کوثریہ سیکنڈری سکول کے صحن میں جامع مسجد کے امام حئی مولانا خورشید الانوار ندوی نے پڑھائی جس میں سماج کے مختلف مکتبہ ہائے فکر سے سے وابستہ افراد کے علاوہ بھاری تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ مولانا خورشید الانوار ندوی نے مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے کارہائے نمایاں کو اجاگر کیا۔ نیشنل کانفرنس کے ضلع صدر میر غلام رسول ناز جامعہ مسجد اہم شریف کے امام حئی مولانا نذیر احمد خان اشرفی ،کوثریہ سیکنڈری سکول کے سیکریٹری مولانا بشیر احمد ریشی ،سینئر ایڈوکیٹ ریاض احمد نے بھی جنازے میں شرکت کی۔ اس دوران ڈاکٹر فاروق عبداللہ اورعمر عبداللہ نے ضلع بانڈی پورہ کی معروف دینی اور سماجی شخصیت محمد مقبول وانی کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی اور بلند درجات کیلئے دعا کی۔ یاد رہے موصوف نے زیارت اہم شریف بانڈی میں 50سال تک خدمات انجام دیئے اور زیارت الحاج کونثر افغانی کے دربار میں خدمت کی اور ہمیشہ تبلیغ دین کرتے رہے۔ پارٹی جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، ایڈوکیٹ محمد اکبر لون، مبارک گل نے بھی مرحوم کے جملہ سوگواران کیساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کی جنت نشینی اور بلند درجات کیلئے دعا کی۔
وارپورہ ماگام میں سراسیمگی
کنواں کھودنے کے دوران3افرادبیہوش
کپوارہ// شمالی ضلع کپوارہ کے ہندوارہ کے مضافاتی دیہات میں کنواں کھودنے کے دوران3 افرادبے ہوش ہوگئے جس کے بعد انہیں اسپتال پہنچایاگیا ۔ معلوم ہوا ہے کہ کپوارہ کے وارپورہ ماگام ہندوارہ علاقہ میں چند افراد کنواں کھودرہے تھے کہ اس دوران وہ اچانک بے ہوش ہوکرگرپڑے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے یہاں تین افرادایک کنواں کھودنے میں مصروف تھے کہ اس دوران جب وہ کھدائی کے دوران نیچے پہنچ گئے تو کھدائی کے دوران تینوں افراد کاسرچکرانے لگا،اوراْن پرغشی طاری ہوگئی۔عینی شاہدین نے بتایاکہ بے ہوش ہونے والوں میں دوسگے بھائی اوراْنکاایک رشتہ دار شامل ہے۔جے کے این ایس کے مطابق انہوں نے بتایاکہ رفیق احمدشیخ وشبیراحمدشیخ پسران محمدسبحان شیک اورامتیاز احمدشیخ ولدغلام محمدشیخ ساکنان وارپورہ ماگام کوفوری طورپر نیم بے ہوشی کی حالت میں ضلع اسپتال ہندوارہ منتقل کیاگیا جہاں ان کا علاج و معالجہ شروع کیا گیا۔اسپتال ذرائع نے بتایاکہ ممکنہ طورپر کنواں کھودنے کے دوران گیس برآمدہونے سے یہ لوگ بے ہوش ہوگئے۔ذرائع نے بتایاکہ تینوں افرادکوفوری طبی سہولت فراہم کی گئی ،اوراب ان تینوں کی حالت خطرے سے باہرہے تاہم دوسگے بھائیوں سمیت تینوں افرادکواحتیاطی طورپراسپتال میں زیرطبی نگہداشت رکھاگیا ہے۔