سیاحوں کیلئےRT-PCRٹیسٹ لازمی قراردیا جائے
ٹورسٹوں کیلئے ہوٹلوں میں قرنطین مراکزقائم کئے جائیں
ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف کشمیرکا مطالبہ
سرینگر//ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف کشمیرنے لیفٹینٹ گورنر انتظامیہ پرزوردیا ہے کہ وادی داخل ہونے والے تمام سیاحوں کا RT-PCRٹیسٹ لازمی قراردیاجائے اور کوروناوائرس میں مبتلاء پائے جانے والے سیاحوں کیلئے انتظامی قرنطین مرکزقائم کئے جائیں۔ایک بیان میں ایسوسی ایشن کے صدر فاروق کٹھو نے کہا کہ کوروناوائرس کی وباء میں اضافے اوروادی میں سیاحوں کی بھاری آمدکے پیش نظرلازمی ہے کہ اس طریقہ کار پر عمل کرکے وائرس کے مزیدپھیلائوکوروکاجائے اورسیاحوں کو بھی جو وادی کا دورہ کرنے کے خواہاں ہو،کوایک پیغام دیاجائے۔انہوں نے کہا کہ جوسیاح کووِڈمنفی رپورٹ کے ساتھ یہاں آئیں گے،ان کاائرپورٹ پرRT-PCRٹیسٹ کیلئے نمونہ لیاجائے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ نظام کے تحت ائرپورٹ پر سیاحوں کا RAT ٹیسٹ کیاجاتا ہے اور اس کے بعد انہیں ہوٹل جانے دیاجاتا ہے جس کی وجہ سے ہوٹل اور دیگر سٹاف اور متعلقین کی زندگیوں کوخطرہ میں ڈالا جاتا ہے۔ ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف کشمیرکے صدر فاروق احمد کٹھو نے کہاکہ ائر پورٹ پرمسافروں کیRATٹیسٹ رپورٹ میں تاخیر کی جاتی ہے اور جب تک اس کی رپورٹ روانہ کی جاتی ہے زمینی سطح پر کام کرنے والے کارکن ان کے رابطے میں آچکے ہوتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ وادی پہنچنے پرہرایک آنے والے سیاح سے منفیRTPCR رپورٹ طلب کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ ائرپورٹ انتظامیہ کو سیاحوں کو ان کی رپورٹ آنے تک ائر پورٹ سے باہر جانے نہیں دیاجاناچاہیے اور یہی ایک راستہ ہے جس سے کہ کوروناوائرس کی وباء کو پھیلنے سے روکا جاسکتا ہے ۔انہوں نے کورونا کیسوں میں اضافے کی وجہ سے بہت سارے سیاح اپنی بکنگ منسوخ کرارہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے ہر مسافر کیلئے منفیRTPCRٹیسٹ کو لازمی قراردنہیں دیا توحالات قابو سے باہر ہوجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ جوسیاح مثبت پائے جاتے ہیں وہ یہاں مناسب گائیڈ لائنز نہ ہونے کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہوتے ہیں جس سے کہ ملک میں غلط تاثر پھیلتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر حکومت واقعی سیاحت کا فروغ چاہتی ہیں تواُسے مناسب رہنما خطوط جاری کرنے چاہیے۔
ITIترال کے6طلاب اور 2ملازم مثبت
سید اعجاز
ترال//انڈسٹریل ٹریننگ انسٹی چیوٹ ترال(آئی ٹی آئی ) ترال میں کورونا وائرس کی جانچ کے دوران6طلباء اور2ملازمین کا ٹیسٹ مثبت آیا۔ گورنمنٹ انڈسٹریل ٹریننگ انسٹی چیوٹ ترال میں محکمہ صحت کی جانب سے بدھ کو زیر تعلیم 150طلباء طالبات کا RAT ٹیسٹ کیا گیا۔ جس دوران 6طلباء و طالبات اور2ملازمین کا ٹیسٹ مثبت آیا ۔ مثبت کیس ادارے میں پائے جانے کی خبر پھیلنے کے ساتھ ہی یہاں موجود عملے اور طلباء میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ، جبکہ انسٹی چیوٹ میں کام کاج کو روک دیا گیا ، تاہم یہ نہیں بتایا گیا ہے کہ ادارہ کتنے روز تک بند رہے گا۔خیال رہے تعلیمی اداروں میں مثبت کیسزز میں اضافے کے بعد حکومت نے وادی میں بارہویں جماعت تک تمام تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان کیا ہے ۔
توصیف رینہ میونسپل کونسل بارہمولہ کے نئے صدر منتخب
فیاض بخاری
بارہمولہ // آزادکونسلر توصیف رینہ بدھ کے روز میونسپل کونسل بارہمولہ کے نئے چیئرمین منتخب ہوئے ۔ میونسپل کونسل بارہمولہ کے عہدیداروں نے بتایا کہ عمر اظہرککرو کے گذشتہ ہفتے اپنے کونسلرز کی حمایت سے محروم ہونے کے بعدبدھ کو نئے انتخابات ہوئے ، جس میں آزاد امیدوار توصیف رینہ نے اپنے مدمقابل مدثر احمد تانترے کو چار ووٹوں سے شکست دی اور توصیف رینہ نئے صدر منتخب ہوئے ۔ انہوں نے بتایا کہ کل 18 ووٹوں میں سے گیارہ رائے دہندگان نے اپنے ووٹ توصیف کو دیئے جبکہ مدثر احمد تانترے کو صرف چار ووٹ ملے۔ اپنی جیت کے بعد توصیف رینہ نے کہا کہ میں اپنے تمام کونسلرز کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے مجھ پر اعتماد کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ بارہمولہ کے لوگوں کومیں یقین دلاتا ہوں کہ میں اس قصبے کی ترقی کیلئے اپنی تمام جسمانی اور سیاسی طاقت کا استعمال کروں گا۔
کنگن پاورکنال سے نوزائید بچے کی لاش برآمد
غلام نبی رینہ
کنگن//کلن کنگن میں پاور کنال سے پولیس نے ایک نوزائید بچے کی لاش برآمد کرلی ہے۔ کلن کنگن میں پاور کنال کے ہیڈ ورک گیٹ سے پولیس نے ایک نوزائید بچے کی لاش برآمد کرلی ہے۔ ایس ایچ او پولیس سٹیشن گنڈ میر عبدالرشید نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پاور کنال کلن میں پی ڈی سی کے ملازم گیٹ کی صفائی کررہے تھے کہ اس دوران انہوں نے پانی میں ایک نوزائید بچے کی لاش دیکھی جس کے بعد انہوں نے پولیس کو مطلع کیا ۔پولیس نے لاش کو اپنی تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم اور ڈی این اے ٹیسٹ کے لئے کنگن ہسپتال منتقل کیا۔ گنڈ پولیس نے اس سلسلے میں ایف آئی آر زیر نمبر 19/2021زیر دفعہ 315/316 iPCدرج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔
منشیات مخالف مہم
بجبہاڑہ میں زیر زمین کمین گاہ سے 1500کوڈین بوتلیں ضبط
عارف بلوچ
اننت ناگ //اننت ناگ پولیس نے بجبہاڑہ علاقے میں چھاپے کے دوران زیر زمین کمین گاہ سے بھاری مقدار میں منشیات کو ضبط کر لیا ہے۔ پولیس نے بدھ کی صبح بجبہاڑہ اور تلکھن علاقہ کے متصل ایک ناکہ قائم لگایا تھا ۔ناکہ پر تعینات پولیس اہلکاروں نے تلاشی کارروائی کے دوران دو افراد سے 15 کوڈین فاسفیٹ بوتلیں ضبط کیں۔پولیس نے دونوں افراد کو حراست میں لے کر ان کے خلاف مقدمہ درج کیا۔ پولیس نے گرفتار کئے گئے افراد کی شناخت لطیف احمد شاہ اور آزاد احمد شاہ ساکنان نمبل کے طور پر کی ہے۔پولیس کے مطابق گرفتار کئے گئے افراد سے پوچھ گچھ کے بعد پولیس کی ایک ٹیم نے تلکھن علاقہ میں غلام حسن ڈار کے گھر پر چھاپہ مارا جہاں اس کے کچن گارڈن سے زیر زمین 1500 کوڈین کی بوتلیں بر آمد کی گئیں۔پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کر لیا ہے۔
شادی بیاہ میں رسومات معاشرے کیلئے سم قاتل
انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے اجتماعی نکاح خوانی کی تقریب
سرینگر// انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے حوزہ علمیہ جامعہ باب العلم میر گنڈ بڈگام میں اجتماعی نکاح خوانی کی ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں گیارہ جوڑوں کی نکاح خوانی انتہائی سادگی کے ساتھ عمل میں لائی گئی۔ تقریب میں انجمن کے صدرآغا سید حسن کے علاوہ کئی علماء نے شرکت کی جن میں آغا سید محمد عقیل ،آغا سید مجتبیٰ ، سید محمد حسین،سید یوسف ،سید محمد حسین صفوی وغیرہ شامل ہیں۔ اس موقع پر علماء نے قرآن و سنت کی نگاہ میں رشتہ ازدواج کے حقیقی مفہوم اور اہمیت و افادیت بیان کی ۔انہوں نے معاشرہ میں رائج شادی بیاہ کے غیر شرعی اور غیر اخلاقی رسومات کو معاشرے کے لئے سم قاتل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر ان رسومات ِبد کا قلع قمع کرنے کے لئے عملی اقدامات نہیں کئے جائیں گے تو مستقبل میں عقد و نکاح کی سنت کو قائم رکھنا ایک کار ے دارد والا معاملہ بن جائے گا۔ علماء نے لین دین سے پاک شادیوں کو حالات اور وقت کی اہم ترین ضرورت قرار دیا۔ اس موقع پر آغا حسن نے مناسب عمر میں ازدواجی رشتوں کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ عقد و نکاح کو رسومات سے بہرحال مبرا کرنے کی ناگزیر ضرورت ہے اور اس حوالے سے حضرت فاطمہؓ کا نکاح نقش راہ ہے۔انہوںنے میاں بیوی کے حقوق اور فرائض کی وضاحت کرتے ہوئے نو شادی شدہ جوڑوں سے تلقین کی کہ کامیاب اور اطمینان بخش ازدواجی رشتوں کا راز اس بات میں مضمر ہے کہ خاوند ہر سطح پر بیوی کے حقوق اور بیوی ہر سطح پر شوہر سے متعلق اپنے فرائض کے احساس کو زندہ رکھے۔
موجودہ کان کنی پالیسی پرنظرثانی کی جائے:راتھر
سرینگر//اپنی پارٹی ضلع صدر اننت ناگ عبدالرحیم راتھر نے منگل کو سرینگر میں ریجنل ڈائریکٹر جیالوجی ومائننگ نثار احمد خواجہ سے ملاقات کی۔انہوںنے ریجنل ڈائریکٹر کو موجودہ کان کنی پالیسی کے عوام پر سنگین نتائج بارے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایاکہ پالیسی سخت نوعیت کی ہے جس سے رہائشی وتجارتی مقاصد کیلئے درکار تعمیراتی سامان مہیا کرنے میں لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنے کے ساتھ ساتھ جموں وکشمیر میں کئی ترقیاتی منصوبے مرتب ہورہے ہیں۔لوگوں کو ریت، باجری اور پتھر کی بہت زیادہ قیمت ادا کرنا پڑ رہی ہے۔ پالیسی ترقی کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے ، بجری مافیا اس صورتحال کا غلط فائدہ اُٹھارہا ہے اور انتظامیہ کی اِس پر کوئی پکڑ نہیں۔ حکومت بالخصوص جیالوجی ومائننگ محکمہ کو اِس عوام دشمن پالیسی پر نظر ثانی کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ بلواسطہ اور بلاواسطہ طور ہزاروں کنبہ جات چھوٹے پیمانے پر کان کنی سے جڑے ہیں، جن کا روزگار موجودہ پالیسی سے بُری طرح متاثر ہوا ہے۔ حکومت کو چاہئے کہ وہ اِن کنبہ جات کی روزی روٹی کا تحفظ یقینی بنائے۔ اس کے علاوہ راتھر نے مطالبہ کیاکہ نئی کان کنی پالیسی مرتب کرتے وقت حکومت اور متعلقہ محکمہ کو چاہئے کہ جموں وکشمیر کے مقامی لوگوں کے حقوق کا تحفظ کیاجائے اور ُانہیں کان کنی میں خصوصی ریزرویشن دی جائے۔ انہوں نے کہاکہ کچھ کنبے ایسے ہیں جودہائیوں سے کان کنی کاروبار سے جڑے ہیں، لہٰذا حکومت کے لئے یہ لازمی بن جاتا ہے کہ ہماچل پردیش مائنگ پالیسی کی طرز پر یہاں پر بھی مقامی لوگوں کے حقوق محفوظ کئے جائیں۔ اپنی پارٹی لیڈر کی طرف سے اُجاگر عوامی مشکلات وحدشات کو سننے کے بعد ریجنل ڈائریکٹر جیالوجی ومائننگ نثار احمد خواجہ نے یقین دلایاکہ اِن حدشات وتحفظات کو مناسب طریقہ سے حل کیاجائے گا۔
دلاور میر کی والدئہ نسبتی کی وفات پر اپنی پارٹی کی تعزیت
سرینگر//اپنی پارٹی کے سینئر نائب صدر غلام حسن میر نے بدھ کے روز پارٹی کے سینئرلیڈر محمد دلاور میر کی والدئہ نسبتی اہلیہ مرحوم خواجہ غلام محی الدین شاہ کی وفات پر دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے،جنہوں نے مختصر علالت کے بعد اپنی رہائش گاہ راولپورہ ہاؤسنگ کالونی میں انتقال کیا۔تعزیتی پیغام میں میر نے مرحومہ کی جنت نشینی کیلئے دعا کرتے ہوئے کہاکہ وہ نیک سیرت اور مہمان نواز خاتون تھیں۔پارٹی کے دیگر لیڈران نے بھی محمد دلاور میر ودیگر سوگواران کے ساتھ گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی ہے۔
دارالعلوم سید المرسلین چوگام قاضی گنڈ میں حفظ قرآن کی مجلس تکمیل
سرینگر//دارالعلوم سید المرسلین چوگام قاضی گنڈ کے زیر اہتمام سیدالمرسلین ایجوکیشنل ٹرسٹ کی جانب سے جنوبی کشمیر کے17 مختلف اداروں کے 325مستحق بچوں میں امدادی سامان تقسیم کیا گیا۔ مجلس کی صدارت ادارہ کے سرپرست اور مدرسہ اشرف العلوم حیدر پورہ سرینگر کے مہتمم مولانا محمد یعقوب نے کی جبکہ ادارے کی مجلسِ شوریٰ کے صدر ماسٹر عبدالمجید بریگام نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔اس دوران متعدد علماء کرام وائمہ مساجد اور دانشور وںکی موجودگی میں تکمیل حفظ قرآن کی مجلس کا انعقاد ہوا جس کیلئے مفتی شیراز احمد قاسمی مہتمم دارالعلوم رحمانیہ سلیالوں،مفتی توصیف الرحمن قاسمی خطیب جامع شانگس،مفتی بلال احمد قاسمی خطیب جامع مسجد دیوسر نے جج کے فرائض انجام دئے۔اس موقع پر انجمن علماء وائمہ مساجدجموں وکشمیر کے امیر حافظ عبدالرحمن اشرفی ، مولانا سلیم الدین قاسمی ناظم دارالعلوم تجوید القرآن بجبہاڑہ،مولانا عبدالجبارصاحب مہتمم دارالعلوم صدیقیہ مٹی بک یاری پورہ ،مفتی مشتاق احمد قاسمی مہتمم دارالعلوم مفتاح مدارس پاری ون کولگام،محمد یوسف چراغ چیئرمین فلاح دارین ویلفیئر سوسائٹی اسلام آباد،مولانا اشرف امام جامع مسجد چوگام،حافظ ریاض احمد مہتمم دارالعلوم مرکزالھدیٰ ڈورو،مفتی جاوید احمد مہتمم جامعتہ الرشید کولگام ، مزمل حمیدبائہامہ، مولوی غلام نبی ڈارسکریٹری جنرل دارالعلوم سید المرسلین چوگام،نائب مہتمم دارالعلوم سید المرسلین چوگام قاری غلام محمد شاہ،ناظم تعلیمات قاری محمد اشرف قاسمی،حافظ مبشر احمداورماسٹر صہیب شامل تھے۔
کالج میں داخلے نہ ملنے کا معاملہ
ڈورو میںطلبہ کومشکلات
سرینگر//گورنمنٹ ڈگری کالج ڈورو اننت ناگ میں پچھلے کچھ دنوں سے نیا داخلہ نہ ملنے پر علاقہ شاہ آباد کے بچے پریشانی میں مبتلا ہوئے ہیں۔حال ہی میں بارہویں جماعت میں کامیاب ہوئے طلبا ء کو کالج میں داخلہ نہ ملنے پر شدید پریشانیوں کاسامنا کرنا پڑتا ہے ۔اس سلسلے میں کئی لوگوں نے کالج انتظامیہ سے ملاقات کی اور کالج میں داخلہ لینے والے بچوں کے مسئلہ اور دیگر سہولیات پر بات کی، جس پر کالج انتظامیہ خاص کر پرنسپل نے انہیں یقین دلایا کہ وہ جلد از جلد بچوں کے تمام مسائل کوحل کرنے کی کوشش کریں گے۔