آرٹی آئی کارکنوں پردبائوبنانے اوران کے حوصلے پست کرنے کی کوشش
ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن نے اطلاعات چھپانے کیلئے حدسے زیادہ فیس مانگی
طارق ابرار
جموں//شفافیت اوراحتساب سے شرماتے ہوئے جموں اینڈکشمیرٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن (جے کے ٹی ڈی سی ) نے آرٹی آئی ایکٹ کے تحت اطلاعات فراہم کرنے سے اپنے آپ کوبچانے کیلئے ایک انوکھاہتھیارایجادکیاہے۔آرٹی آئی کارکن رمن شرمانے الزام لگایاہے کہ جموں کشمیرٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن جس کاکام ریاستی حکومت کی نگرانی میں کام کررہاہے جس کی ذمہ داری حکومتی عہدیداروں کاہوٹل میں ٹھہرنے ،اورکھانے پینے کی سہولیات کی فراہمی یقینی بناناہے نے آرٹی ایکٹ کومذاق بناتے ہوئے بلاجوازاورغیرضروری فیس طلب کی ہے جس کی قانون اجازت نہیں دیتاہے۔اس کی مثال دیتے ہوئے رمن شرمانے کہاکہ میں نے 28 مئی 2018 کوبذریعہ پوست ایک آرٹی آئی عرضی جموں کشمیرٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کوارسال کی تھی اورعرضی دوسرے روز جے کے ٹی ڈی سی کے جموں دفترمیں بھی جمع کرائی گئی۔شرمانے کہاکہ ایک مہینے تک کارپوریشن نے خاموشی اختیارکیے رکھی تاکہ اطلاعات کومخفی رکھاجاسکے ۔اس کے بعدکارپوریشن کے پبلک انفارمیشن افسرنے 4 جولائی 2018 کو2700 روپے کے ڈیمانڈڈرافٹ بطورفوٹوسٹیٹ فیس کی مانگ کی جوکہ آرٹی آئی قانون کے تحت غیرقانونی ہے ۔پی آئی اوکو30 دنوں کے اندر اطلاعات فراہم کرنی تھیں لیکن پی آئی اونے موجودہ کیس میں جان بوجھ کر معیادکی مدت کوختم کیااورپھر حدسے زیادہ فیس کامطالبہ کیا۔واضھ رہے کہ آرٹی آئی ایکٹ 2009 کی 7(6)شک کے مطابق اگرپبلک اتھارٹی وقت مقررہ کے اندر عرضی کاجواب نہیں دیتی ہے تواسے عرضی دہندہ کوتمام تراطلاعات مفت فراہم کرنی ہوتی ہے۔ جیرمن شرمانے کہاکہ جے ٹی ڈی سی نے نہ صرف آرٹی آئی ایکٹ کی خلاف ورزی کی بلکہ عرضی دہندہ کودبائومیں لاکراس کے حوصلے پست کرنے کی بھی کوشش کی ۔اسی طرح سے ایک دیگرعرضی دہندہ منیش شرماکوبھی عرضی کاجواب دینے کے بجائے اس سے بھی 2700روپے بطورفوٹوسٹیٹ فیس کاڈیمانڈڈرافٹ طلب کیا جوکہ قانون کی خلاف ورزی اورشفافیت سے بچانے کیلئے اپنایاگیانیاحربہ ہے۔شرمانے کہاکہ ،اس نے فرسٹ اپیل بھی ایم ڈی ،جے کے ٹی ڈی سی کوپیش کی ہے اوربتایاہے کہ وہ پی آئی اوکی طرف سے مانگی گئی فیس کاجائزہ لیں اوریہ بھی اپیل کی کہ وہ سیکشن 4 ،جے کے آرٹی آئی ایکٹ 2009 کے تحت عوام کیلئے ویب سائٹ کو اپ گریڈکریں۔
جے کے بنک ریذیڈنسی روڈکے باہر
غلط پارکنگ سے دکانداروعام لوگ پریشان
محمد کیف زیدی
جموں//شہرکے وسط میں واقع متعددمقامات پرکی گئی دوپہیہ گاڑیوں کی غلط پارکنگ پر متعلقہ انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے جس کے سبب جہاں ایک طرف عام لوگوں کوسخت پریشانیوں کاسامناکرناپڑتاہے وہیں دوسری طرف جموں میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی پربھی کئی قسم کے سوالا ت کھڑے ہوتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ریذیڈنسی روڈ پرواقع جموں کشمیربنک شاخ سامنے اکثرکثیرتعدادمیںدوپہیہ گاڑیوں کی غلط پارکنگ کی جاتی ہے جس کامیونسپل کارپوریشن جموں نوٹس نہیں لیتاہے جس کے سبب وہاں سے گذرنے والے عام لوگوں کومشکلات کاسامناکرناپڑتاہے۔موٹرسائیکلوں کی پارکنگ کی وجہ سے اس سڑک سے کسی گاڑی کاگذربھی مشکل ہوجاتاہے ۔یہاں پراکثرآنے جانے والی گاڑیاں جگہ کی تنگی کے باعث مشکلات جھیلتی ہیں جس کی وجہ سے یہاں آئے دن کافی دیر تک جام لگا رہتا ہے۔کشمیرعظمیٰ سے بات کرتے ہوئے یہاں سے گذرنے والے متعددلوگوں نے بتایاکہ بنک کے سامنے گاڑیوں کی غلط پارکنگ اب اتنی زیادہ ہے کہ یہاں جگہ کی کافی تنگی ہوجاتی ہے۔کبھی کبھی تو یہاں گاڑیوں کا نکلنا بھی مشکل ہو جاتا ہے۔لوگوں نے مزیدکہاکہ یہاں سڑک پر بے شمار گاڑیاں تو پارک ہوتی ہی ہیں ساتھ ہی وہاں پر کوئی فٹ پاتھ بھی نہیں ہے کہ لوگ آرام سے اس پر چل سکیں۔ایک مسافرنے کہاکہ بنک کے سامنے موٹر سائیکل ،سکوٹی،اسکوٹر وغیرہ جو پارک کیے ہوتے ہیں وہ پتہ نہیں کب تک وہاں کھڑے رہیں گے اس کاکسی کوکوئی پتہ نہیں ہوتاہے جس کی وجہ سے یہاں پراکثر جام لگ جاتاہے۔ایسا نہیں کہ یہ بات کسی کو معلوم نہیں ہے بلکہ وہاں کے لوگ اس بات کو بخوبی جانتے ہیں۔لوگوں نے بتایاکہ یہاں موٹر سائیکل،سکوٹر اور سکوٹیاں اتنی زیادہ تعداد میںپارک کی جاتی ہیں کہ یہاں آئے دن جام لگ جاتا ہے ۔انہیں اور ان کی گاڑیوں کو یہاں سے نکلنے میں بھی پریشانی بھی ہوتی ہے۔پہلے سے ہی ان سڑکوں پر گاڑیاں کھڑی ہوئی ہوتی ہیں جس کی وجہ سے سڑک اور تنگ ہو گئی ہے اگر یہ لوگ سڑک پر چلتے ہیں تو جو سامنے یا پیچھے سے آنے والی گاڑی ہوتی ہے وہ ہارن بجاتی ہے اور سینکڑوں ہارن کی آوازوں سے نائس پولیوشن ہوتا ہے اور یہاں پر کوئی فٹ پاتھ نہیں کہ جس پر یہ لوگ چل سکیں۔یہ روز کی بات ہے یہ کوئی نئی بات نہیں کہ جس کے بارے میں کسی کو معلوم نہ ہو۔تو اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ راستے میں اگر اتنی موٹرسائیکل،سکوٹر اور سکوٹی لگی ہونگی تو لوگ اور انکی گاڑیاںوہاں سے کیسے نکلیں گی۔حیرت کی بات یہ ہے کہ میونسپل کارپوریشن اپنی ذمہ داریاں نبھانے سے قاصرہے اورغفلت کامظاہرہ کررہی ہے ۔مقامی دکانداروں اورعام لوگوں نے متعلقہ حکام سے اپیل ہے کہ جلد سے جلد کوئی سخت اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ لوگوں کو ان روز مراہ کی پریشانیوں سے نجات مل سکے۔
بی بی ویاس کاجموں میں عوامی دربار 27 جولائی کو
جموں //گورنر کے مشیر بی بی ویاس 27 جولائی 2018 جمعہ کے دن جموں میں عوامی ملاقات منعقد کرنے کے دوران لوگوں کے مسائل و شکایات کا ازالہ کریں گے ۔ مشیر موصوف کنونشن سنٹر کنال روڈ پر صبح دس بجے سے شام کے تین بجے تک عوامی ملاقات کیلئے دستیاب رہیں گے ۔ تمام افراد ، وفود ، ڈیلی گیشن اور سول سوسائیٹی آرگنائیزیشن جو بی بی ویاس کے ساتھ ملاقات کے خواہاں ہیں اور اپنے مطالبات اور شکایات کے بارے میں انہیں جانکاری دینا چاہتے ہیں ، سے کہا گیا ہے کہ وہ دفتری اوقات کے دوران ڈپٹی کمشنر دفتر جموں میں اپنی شکایات درج کروا سکتے ہیں ۔
صوبائی کمشنر کااے سی جموں کے ساتھ اظہارتعزیت
جموں//صوبائی کمشنر جموں سنجیوورمانے ایڈیشنل کمشنرجموں انورادھارانی کے والد بزرگوارکی وفات پر تعزیت کااظہارکیاہے۔اپنے تعزیتی پیغام میں صوبائی کمشنرجموں نے لواحقین کے ساتھ گہری ہمدردی کااظہارکیا۔اس سلسلے میں ڈویژنل کمشنردفترمیں سینئرافسران واہلکاران کاایک تعزیتی اجلاس منعقدکیاگیاجس میں انورادھارانی کے والدکی وفات پرگہرے رنج ودُکھ کااظہارکیاگیا۔اس دوران اجلاس میں تعزیت پیش کرنے والوں میں اے سی سنٹرل مظفرملک،ریونیواٹارنی کیول کرشن اورڈپٹی ڈائریکٹرپلاننگ کرن بالا موجودتھے۔
ویجی لینس کمیشن کی ضلع ویجی لینس افسروں کے ساتھ میٹنگ
التواء میں پڑے رشوت خوری کے معاملات کی پیش رفت کاجائزہ لیا
جموں/ جموں وکشمیر سٹیٹ ویجی لینس کمیشن جس میں چئیرپرسن پی ایل گپتا اور رُکن غضنفر حسین شامل ہیں، نے ایک میٹنگ کے دوران جموں، سانبہ، کٹھوعہ ، اودہمپور، ریاسی، رام بن، ڈوڈہ اور کشتواڑ اضلاع کے ضلع ویجی لینس افسروں کے کام کاج کا جائیزہ لیا۔کمیشن نے ان افسروں کے پاس التواء میں پڑے رشوت خوری کے معاملات کی پیش رفت کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔سی وی سی نے افسروں جو اپنے اپنے اضلاع کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنران بھی ہیں، پر زور دیا کہ وہ ایک شفاف طریقے پر بلا کسی مداخلت کے ان معاملات کے نمٹارے کو یقینی بنائیں۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ افسروں کو ان کی ذمہ داریوں سے روشناس کرانے کے لئے ڈی وی اوز کا ہینڈ بُک جلد ہی شائع کیا جائے گا۔سی وی سی نے التواء میں پڑی شکایات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے افسروں سے کہا کہ وہ دو ماہ کے اندر اندر اس ضمن میں عبوری رپورٹ پیش کریں۔سیکرٹری ایس وی سی ٹی کے بھٹ، اے آئی جی( پی) جاوید اقبال متو اور ویجی لینس تنظیم و ریاستی ویجی لینس کمیشن کے کئی افسروں نے میٹنگ میں شرکت کی۔
۔1629یاتریوں نے پوتر گپھا کے درشن کئے
سرینگر/ شری امر ناتھ جی یاترا کے27 ویں روز آج1629یاتریوں نے پوتر گھپا میں شولنگم کے درشن کئے۔ یاترا شروع ہونے سے اب تک242165یاتری اب تک پوتر گپھا میں شو لنگم کے درشن کرچکے ہیں۔
ایم ایل اے رام نگر گورنر سے ملاقی
سرینگر //ایم ایل اے رام نگر آر ایس پٹھانیہ نے راج بھون میں گورنر این این ووہرا سے ملاقات کر کے انہیں اپنے حلقہ انتخاب کے ترقیاتی معاملات کے بارے میں جانکاری دی ۔ گورنر نے آر ایس پٹھانیہ سے تلقین کی کہ وہ اس علاقے میں آپسی بھائی چارے اور رواداری کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ لوگوں کی فلاح و بہبود پر توجہ مرکوز کریں
۔25گرام ہیروئن اور225 نشہ آورکیپسول ضبط ،3 سمگلرگرفتار
جموں// آپریشن سنجیونی کے تحت منشیات مخالف مہم کوجاری رکھتے ہوئے گنگیال پولیس نے 2 افرادکو25 گرام ہیروئن سمیت گرفتارکرنے کادعویٰ کیاہے۔تفصیلات کے مطابق کنجوانی چوک ،نیشنل ہائی وے پرلگائے گئے معمول کے ناکے پر ایک موٹرسائیکل (سپلنڈر)، زیرنمبرJK02BD 6148جو بڑی براہمناں سے کنجوانی کی طرف آرہاتھاکو پولیس اہلکاروں نے رکنے کیلئے کہا لیکن موٹرسائیکل سوارنے بھاگنے کی کوشش کی۔پولیس نے پیچھاکرکے موٹرسائیکل کودبوچ لیا۔اس دوران دونوجوان جوموٹرسائیکل پرسوارتھے کی تلاشی لی گئی توان کے قبضے سے 25گرام ہیروئن (چٹا) برآمد کیا۔پولیس نے منشیات سمگلروں کی شناخت کرن ویر سنگھ ساکن چک روڈ ،آرایس پورہ ،حال چھنی راما ،رندیپ سنگھ ساکن سمبل نارتھ میراں صاحب کے طورپرکی ہے ۔پولیس نے متعلقہ دفعات کے تحت ایف آئی آر نمبر 61/2018پولیس سٹیشن گنگیال میں درج کرکے تحقیقات شرو ع کردی ہے۔پولیس نے یہ کامیابی ایس آئی نائت علی ،ایس ایچ او پولیس سٹیشن گنگیال کی قیادت ،یس ڈی پی اوسٹی سائوتھ محمدرفیق منہاس اورایس پی سٹی سائوتھ وجے کمار کی مجموعی نگرانی میں حاسل کی۔اسی طرح پولیس سٹیشن اکھنورکے اہلکاروں کی ٹیم جس کی قیادت ہیڈکانسٹیبل کلدیپ راج کررہے تھے نے گشت کے دوران کمالیاں اکھنورمیں ایک شخص کومشتبہ حالت میں دکھا،اورپولیس کودیکھتے ہی اس نے بھاگنے کی کوشش کی۔پولیس ٹیم نے اس کاپیچھاکرکے اسے دبوچ لیااورتلاشی لینے پراس کے قبضے سے 225 نشہ آور کیپسول برآمدکیے گئے جوبغیرکسی ڈاکٹرکے تجویزکردہ تھے۔پولیس نے اکھنورتھانے میں متعلقہ دفعات کے تحت ایف آئی آر نمبر 151/2018 درج کرلی۔گرفتارکیے گئے شخص کی شناخت سبھاش چندر ساکن پنج گرائیںکمالیاں کے طور پرہوئی ہے۔پولیس نے یہ کامیابی ایس ایچ او پولیس تھانہ اکھنورانسپکٹرشیودیوسنگھ ،ایس ڈی پی اواکھنورمنیش آنند اورایس پی رورل دشنت شرماکی نگرانی میں حاصل کی۔
اوبی سی سیل این سی کی بلاک اکائیوںکی تشکیل
جموں//شریک چیئرمین اوبی سی سیل نیشنل کانفرنس عبدالغنی تیلی نے اعلیٰ قیادت سے منظوری حاصل کرنے کے بعدمندرجہ ذیل بلاکوں کیلئے دفتری عہدیداران کااعلان کیاہے ۔اوبی سی بلاک کمیٹی گاندھی نگر کیلئے منوہرلال بلاک صدر،محمدسلیم نائب صدر،راکیش کمار نائب صدر ،اجے کمار سیکریٹری، وکی کمار خزانچی شامل ہیں ۔اوبی سی بلاک کمیٹی کٹھوعہ میں گرچرن سنگھ (لوانا )بلاک صدر ، یوگ راج ورما سینئرنائب صدر پرمجیت سنگھ بلاک سیکریٹری ،اجے کمارجوائنٹ سیکریٹری شامل ہیں، اوبی سی بلاک کمیٹی رائے ضلع سانبہ کیلئے درشن سنگھ بلاک صدر، رومیش چندر نائب صدر، سباک رام نائب صدر ،بشن سنگھ سیکریٹری ،ہیم راج جوائنٹ سیکریٹری ،اومکار سنگھ پبلسٹی سیکریٹری، جیوتی خزانچی شامل ہیں۔اسی طرح اوبی سی بلاک کمیٹی گگھوال ضلع سانبہ میں سبھاش چندر بلاک صدر، رمن کمار نائب صدر، سبھاش چندر نائب صدر،کمال کمارنائب صدر،امن کمار بلاک سیکریٹری ،یش پال جوائنٹ سیکریٹری ،تلک راج جوائنٹ سیکریٹری ،مدن لال پبلک سیکریٹری،نریش کمارخزانچی شامل ہیں۔
تاج الشریعہ کی رحلت ملت اسلامیہ کاعظیم نقصان:مولاناغلام محمدرضوی
جموں//تحصیل نگروٹہ ضلع جموں کے علاقہ مڑھ درابی میں ایک تعزیتی اجلاس کاانعقاد کیاگیا جس میں حضرت مولانا الحاج الشاہ مفتی تاج الشریعہ جانشین مفتی اعظم ہند محمداختررضاخان المعروف ازہری میاں علیہ الرحمہ کی رحلت پرگہرے صدمے کااظہارکیا۔ اس دوران مقررین نے خانوادہ ٔ اعلیٰ حضرت امام اہل سنت مولانا مفتی احمدرضاخان فاضل بریلوی علیہ الرحمہ کے چشم وچراغ تاج الشریعہ مولانامفتی محمداختررضاخان ازہری میاں علیہ الرحمن جانشین حضورمفتی اعظم ہندعلیہ الرحمہ کوشریعت وطریقت معرفت وحقیقت تصوف وسلوک کے منازل طے کروانے والے فقیہہ المثال فقہ العصرشیخ السلام والمسلمین کے وصال کی خبرسن کر ملت اسلامیہ کونہایت صدمہ پہنچاہے اوران کی وفات ملت اسلامیہ کیلئے عظیم نقصان ہے ۔اپنے تعزیتی پیغام میں میں مولانا غلام محمدرضوی قادری مڑھ درابی نگروٹہ ، مولانا طالب حسین نعیمی بمیال (مولانا) محمد امین نعیمی بمیال نے گہرے صدمے کااظہار کیاکہ لاکھوں کی تعدادمیں فرزندان توحیدورسالت ملک وبیرون ریاست کے مقتدین ومریدین وعقیدت مندوں نے پروانہ وار ہندوستان کی ریاست اترپردیش کے شہربریلی شریف میں تاج الشریعہ کی نمازجنازہ میں شرکت کی ۔ انہوں نے کہاکہ مرحوم کی نمازجنازہ میں ایک کروڑسے زائد اہلیان اسلام کی شمولیت سے ثابت ہوتاہے کہ وہ کس قدربلندپایہ کی روحانی شخصیت ہیں ۔مولانا غلام محمدرضوی قادری نے کہاکہ کسی بیماری کی وجہ سے ہم تاج الشریعہ کی نمازجنازہ میں شمولیت سے قاصررہے اورہم ذرائع ابلاغ کے ذریعے خانوادہ تاج الشریعہ علیہ الرحمہ کے لواحقین ،پسماندگان ،مریدین ومقتدین ومتوسلین کے ساتھ دلی اظہارتعزیت وہمدردی کرتے ہیں اوردعاگوہیں کہ اللہ تعالیٰ حضورتاج الشریعہ مفتی محمداختررضاخان ازہری میاں علیہ الرحمہ کے درجات بلندفرمانے کے ساتھ ان کے روحانی فیوض صبح قیامت تک جاری رکھے۔
پروفیسر بھیم سنگھ کاریاستی اسمبلی تحلیل کرنے کا مطالبہ
جموں// جموں وکشمیر نیشنل پینتھرس پارٹی کے سپریمو پروفیسر بھیم سنگھ نے ریاستی گورنر این این ووہرا کو نوٹس پیش کرتے ہوئے پرزور مطالبہ کیاہے کہ وہ ریاستی اسمبلی کو فوری طورپر تحلیل کرنے کے احکامات صادر کرے تاکہ ریاستی عوام کی داعتمادگی پر سوالیہ نشان نہ لگ جائے ۔ گورنر کے نام اپنے بھیجے گئے مراسلہ میں ، پروفیسر بھیمسنگھ نے کہا ہے کہ ریاست میں پائیدار امن اورلوگوں کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے میں نے ْآزادانہ اخیال کے دائر ے کو اختیار کو استعمال میں لاتے ہوئے گورنرموصوف سے استدعا کر تا ہوں کہ وہ ریاست میںاقدامات کرتے ہوئے کہ ریاستی عوام کے مفاد کو مد نظر میں رکھتے ہوئے فوری طر ح پر ریاستی اسمبلی کوتحلیل کریں۔پارٹی کے سپریمو نے مزید کہا ہے کہ انہوںنے ریاستی عوام کے مفاد کیلئے آج تک کافی جدوجہد کی یہاں تک کہ کئی بار جیل بھی جاچکے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ ہم سب امن، انصاف اور قانون کی حکمران کی تلاش میں ہیں. میں سختی سے محسوس کرتا ہوں کہ ریاست اور مرکز میں باضابطہ مفادات موجود ہیں جو اقتدار اور حکمرانی کو کم کرنے کے خواہاں ہیں، کم از کم قومی یا عوام کے مفادات کی دیکھ بھال کرنا ضروری سمجھا جانا چاہئے ۔پارٹی کے سپریمو نے اس بات کی امیدکا اظہار کیا ہے کہ ریاست کے گورنر این این ووہر نوٹس کو سنجیدگی سے لیں گے اورریاستی عوام کے مفاد میں ریاستی اسمبلی کو فوری طورپر تحلیل کریں گے۔ انہو ں نے اس دوران اس امر پرزوردیتے ہوئے کہاہے کہ ریاست میںایک ہنگامی اجلاس طلب ہونا چاہئے جس میں تمام سیاسی جماعتوں سے وابستہ اسمبلی کے ارکان اورعوامی نمائندوں کی شمولیت کے علاوہ حریت کانفرنس کے نمائندوں کو مدعو کیاجائے تاکہ اجلاس ریاست کے دیگر دونوں خطوں لداخ اور جموں کیلئے بھی کارگرد ثابت ہوسکے۔ علاوہ ازیں انہوں نے اجلاس میں ریاست جموںوکشمیر سے تعلق رکھنے والے اخبارات کے ایڈوٹرں و سرکردہ صحافیوں کی بھی شمولیت کرنے پر بھی زوردیاہے۔ بھیجے گئے نوٹس میںپارٹی کے سپریمونے گورنرموصوف سے اس بات کا بھی اعادہ کیاہے اور دوہرایا ہے کہ لداخ اورکشمیر سے وابستہ سماجی کردار وں کو اجلاس میں شرکرت کرنے کو کہا جائے ۔علاوہ از یں لوگوں کو اظہار خیالات کا حق دیا جائے تاکہ عام بات پر رائے زنی پیدا ہوسکے۔پینتھرس پارٹی کے سپریمو نے انکشاف کرتے ہوئے کہاہے کہ جب انہوںنے ذاتی طورپر لوگوں سے رائے حاصل کی تو معلوم ہواکہ لوگوں کی رائے بھی یکساں ہے کہ ریاستی اسمبلی کو تحلیل کیاجاناچاہئے ۔ آخرمیں پارٹی کے سپریمو نے جمہوریت کی مضبوطی اور پائیدار امن کے علاوہ ریاست کی خوشحالی کیلئے گورنرموصوف سے مثبت اقدامات اٹھانے کی امید کااظہارکیا ۔
دھرمارتھ ٹرسٹ نے کرشن جنم اشٹمی کے انتظامات کاجائزہ لیا
جموں// گزشتہ سالوںکی طرح اس برس بھی 2ستمبرکرشن جنم اشٹمی کاسالانہ تہوار بڑی دھوم دھام سے منایاجارہا ہے ۔اس سلسلے میں جموںوکشمیر دھرمارتھ ٹرسٹ کونسل نے بی آرکنڈل کی سربراہی میں ایک خصوصی اجلاس کااہتمام ہوا جس میں کرشن جنم اشٹمی سالانہ تقریبات کے سلسلہ میں خصوصی انتظامات کاجائزہ لیا گیا۔ منعقدہ اجلاس میںکشمیر سمیت تمام جموں شہر کے مندروں کو روشنی سے سجانے کے علاوہ سندھیا پاٹ اور ست سنگ و رنگا رنگ تمدنی پروگراموں کا انعقاد کرنے کا فیصلہ لیاگیا علاوہ ازیں2ستمبر2018ء کو پوجا آرتی کے بعد شردھالوؤں و مذہبی عقیدت مندوں کیلئے پرشاد بھانٹنے کاانتظام کرنے کافیصلہ لیاگیا۔ جموںشہر کے تواریخی رگھوناتھ مندر سے خصوصی پروگرام کا اہتمام کیاجا ئے گا جہاں سے رائل رتھ یاتر سفر دور شروع ہوگی جو بعدازاں مختلف جھانکیوں کی صورت میں شہرکے تمام وسط علاقوں سے گزرتے ہوئے رادھا کرشن مندرپہنچتے ہی اختتام پذیر ہوگی۔ ذرائع سے ملی خبر کے مطابق رات دھیر تک مندروں کے شہرجموںمیں رادھے ۔کرشن کی پوجا ارچنا کیلئے ہزاروں کی تعداد میںشردھالوؤں حصہ لیں گے اور آدھی رات تک کئی سماجی کار کنوں کے علاوہ رضاکارانہ طورپر کام کرنے والے نوجوان شردھالوؤں کی سہولیات کویقینی بنانے کیلئے باضابطہ طورپرخدمات انجام دیں گے ۔ وہیں دوسری طرف سرینگر میں گدھادھرجی مندر پرانے سیکرٹریٹ کمپلیکس میں بھی رنگا رنگ پروگراموں کی جھلکیاں پیش ہوں گی جہاں پر مندکو روشنیوں سے سجایا جائے گا اوربھگوان کرشن سے آنے والے شردھالو آشیرواد حاصل کرسکیں گے۔ اس دوران حفاظتی انتظامات کو با مقصد بنانے کیلئے تمام اتنظامات کومکمل کیاجائے گا۔
تنخواہوں سے تفاوت دورکرنے کی مانگ
جموں//جموں وکشمیر پینشرز ایسوسی ایشن کے یونین لیڈر عبدل مجید خان کی قیادت میں ایک اہم میٹنگ کا اجلاس یہاں منعقد ہوا جس میں بھاری تعداد میں پینشنرز نے شرکت کی ۔اس موقع پر یونین کے لیڈر نے سرکار سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ انتظامیہ پنیشنرز کے مسائل کو ازالہ کرنے کیلئے جامع اقدامات کرے تاکہ عمررسیدہ شہریوں پر مزید سختی نہ جھیلنے پڑے۔انہوں نے صاف طورپرانتظامیہ پر الزام لگایا ہے کہ پینشنروںکے ساتھ اپنائے جارہے نظراندازرویے سے طبقہ بری طرح سے مثاثر ہوچکاہے۔ایسوسی ایشن کے صدر کرشن سنگھ نے ترجیچ بنیادوںپر پینشنروں کے تئیں دلچسپی کامظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے ۔اس دوران انہوںنے اپنے مطالبات میں سرکار سے اپنی دیرانہ مانگوں کودوہراتے ہوئے کہاہے کہ ایس آراو42 سال 2011 میں جو جاری ہوا ہے پر عمل درآمد کیاجائے اورپینشنروں کی تنخواہوں میں پائی جارہی تمام تفاوتوںکو دور کیاجائے۔ انہوںنے واضح کردیا ہے کہ یکم جنوری 1996ء سے19فروری 2003ء تک جتنے بھی ملازمین اپنے خدمات سے سبکدوش ہوچکے ہیں ان کی تنخواہوںکی بڑھوتری آج تک نہیںہوپائی ہے جو کہ باعث تشویش اور دکھ کامقام ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے بہت کم ہے۔ اپنے جاری بیان میں کرشن سنگھ پرزورالفاظ میں سرکار سے مطالبہ کیاہے کہ وہ مرکزی سرکار کی جانب سے دی جانے والے سبکدوش ہوئے ملازمین کی بنیاد پر ریاستی پنیشنروں کے ساتھ برابری سلوک کا برتاؤٖ کرے اور ساتویں پے کمیشن کو لاگو کرتے ہوئے عمررسیدہ پنیشنروں کے حق میں دیرینہ مسائل حل کرتے ہوئے تنخواہوں میں پائے جانے والے تفاوتوںکو دورکرنے کیلئے جامع اقدامات واضح کرے۔
ڈی سی کٹھوعہ کا 15اگست تقریب کے انتظامات پرتبادلہ خیال
جموں//ضلع ترقیاتی کمشنر کٹھوعہ روہت کھجوریہ نے یوم آزادی سے متعلق جشن تقریبات کے سلسلے میں انتظامات کاجائزہ لینے کی غرض سے خصوصی اجلاس کااہتمام کیا جس میں کئی اہم افسران نے شرکت کی اورکئی دیر تک تبادلہ خیال کیا۔ میٹنگ میںاتفاق رائے سے فیصلہ لیا گیا ہے کہ اس برس کٹھوعہ کے سپورٹس سٹیڈیم میں یوم آزادی کاجشن اورخصوصی تقریبات کااہتمام عمل میںلایاجائے گا جہاں پر قومی پرچم کو شان وشوکت سے لہرایاجائے گا اور مارچ پاسٹ کے ساتھ سلامی منچ سے سلامی دی جائے گی۔ یہاںپرجاری پریس نوٹ میں مزیدبتایاگیاہے کہ مارچ پاسٹ میں ضلع پولیس آفیسران سی آرپی ایف۔ این ایس ایس کے علاوہ سرکاری اور غیر سرکاری سکولوںسے وابستہ طلباء اورطالبات شرکت کریں گے۔تقریبات جشن کے دوران شہنائی وادن اورحب الوطٓنی کے قومی ترانے گائے جائیں گے جس کیلئے محکمہ اطلاعات ونشریات بھی اپنا بھرپورتعاون فراہم کریں گے۔ ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پرتمام ترانتظامات کویقینی بنانے کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کئے اورکہا ہے کہ وہ اس موقع پر حفاظتی بندوبست کے علاوہ معقول پینے کی پانی کی فراہمی اور صاف وشفاف اورخوشگوار ماحول پیدا کرنا کے لئے مناسب اقدامات کرے اوربھرپور تعاون فراہم کرے۔
خاطی کیمسٹوں کے لائسنس رد
جموں//انسپکٹرویٹ سٹاف آف ڈرگس اینڈ فو ڈ کنٹرول آرگنائزیشن نے لکھنور پور اوربلاور کے کئی علاقوں میںاچانک چھاپہ ماری کی اوراس دوران پائے گئے غلط کمیسٹ دکانوں کی لائسنس رد کردی۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ ملی شکایتوں کے آدھار پر متلعلقہ حکام نے چھاپہ ڈال کر ایسے کمیسٹوں کی لائسنس منسوخ کرنے کافیصلہ کیا ہے جو پابند کئے جاچکے طبی ادویات کو غیرقانونی طورپر فروخت کررہے تھے۔ چھاپہ کے دوران معائنہ کاروں پرمشتمل ٹیم نے45000روپے کی ممنوع ادویات ضبط کئے اورمیسرز گپتا میڈیکل سٹور۔میسرز اینجل میڈکوز بلاور اوراشونی میڈیکوز ۔میسرز کمل میڈیکوز اورلائف لائن میڈیکوز لکھنور کی لائسنس منسوخ کرنے کے احکامات عین موقع پرصادرہوئے علاوہ ازیں قانون کے مطابق غیرقانونی طورپر فروخت کرنے والے ادویات کے ضمن میںقانونی کاررووائی بھی عمل میںلائی جائے گی۔
آرٹی اوکٹھوعہ نے لائسنسوں کی اجرائی کے عمل میں تیزی لائی
کٹھوعہ//ریجنل ٹرانسپورٹ آفس کٹھوعہ نے عوام کی سہولیات کوبہتر بنانے کی غرض سے ڈرائیونگ لائسنس اجرء کرنے سے قبل سپیڈپوسٹ ترسیل سروس شروع کرنیکافیصلہ کیاہے ۔اس بات کی جانکاری آج آر ٹی او نے یہاںآکردی ہے۔ انہوںنے کہا کہ لائسنس کے درخواست کنند گان کیلئے تیز تر سروس کویقینی بنانے کیلئے محکمہ نے فیصلہ لیاہے اور اس ترسیل کو شروع کرتے ہوئے انہوں نے 50نئے ڈرائیونگ لائسنس بذریعہ سپیڈ پوسٹ اجراء کئے۔ انہوںنے انکشاف کرتے ہوئے کہاہے کہ محکمہ ڈیپارٹمنٹ پوسٹس سے اس ضمن میں سمجھوتہ کیا جاچکاہے تاکہ کم سے کم وقت میں درخواست کنندگا ن تک رسائی ممکن ہوسکے۔