وکلاء کی ڈپٹی کمشنر راجوری سے ملاقات
راجوری//ڈپٹی کمشنر راجوری محمد اعجاز اسد نے بار ایسو سی ایشن راجوری کے ارکان کے ساتھ میٹنگ کرکے ان کے مسائل سے آگاہی حاصل کی ۔میٹنگ میں بار ایسو سی ایشن کے صدر حق نواز مرزا ،آصف کٹاریہ ، شوکت علی ، تعظیم چوہدری ، اعجاز ذکی ، صابر ملک ، ذوالفقار احمد ، خالق فردوس ، خالق ملک و دیگران بھی موجو دتھے۔اس دوران وکلاء نے مانگ کی کہ وکلاء چیمبر،بیٹھنے کیلئے مناسب انتظامات اور صفائی ستھرائی کے اقدامات کو یقینی بنایاجائے ۔ انہوںنے کہاکہ مراد پور میں ضلع کورٹ کمپلیکس کیلئے نشاندہی کی گئی زمین فوری طور پر واگزار کرکے اس پر کام شروع کیاجائے ۔اپنے خطاب میں ڈپٹی کمشنرنے کہاکہ وکلاء برادری سماج کا ایک اہم حصہ ہے جسے سماجی تبدیلی میں اہم رول اداکرناچاہئے ۔ انہوں نے کہاکہ انصاف کی فراہمی کے ساتھ ساتھ وکلاء کو مختلف قوانین کے بارے میں جانکاری پھیلانی چاہئے تاکہ لوگ اس سے فائدہ حاصل کرسکیں ۔انہوں نے وکلاء کو یقین دلایاکہ انکی طرف سے اجاگر کئے گئے مسائل کو حل کیاجائے گا۔
اعجاز اسد نے سندر بنی میں ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا
راجوری//ڈپٹی کمشنر راجوری محمد اعجاز اسد نے سندر بنی میں ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے نئے پروجیکٹوں کیلئے جگہوں کی نشاندہی کی ۔موصوف نے سب ضلع ہسپتال سند ربنی کاجائزہ لیا اور مریضوں کے ساتھ بات چیت بھی کی ۔ اس دوران انہوں نے ایک سو بستروں والے اضافی بلاک کے کام کامعائنہ کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ اس کی جلد سے جلد تکمیل کریں ۔انہوں نے ہدایت دی کہ محکمہ اینمل ہسبنڈری کی تین کنال اراضی کی محکمہ صحت کو منتقلی کے عمل کو بھی جلد مکمل کیاجائے ۔انہوں نے یہ ہدایت بھی دی کہ پولٹری فارم کو میونسپل حدود سے باہر منتقل کیاجائے اور خالی ہونے والی جگہ کو پارک کے طور پر تیار کیاجائے ۔ اس دوران پارکنگ سلاٹ بنانے پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔موصوف نے ٹھنڈا پانی میں کالج کی زیر تعمیر عمارت کا معائنہ کیا اور حکام پر زور دیاکہ وہ مقررہ مدت میں کام مکمل کریں ۔ انہوں نے لمیڑی میں کیفٹریا کی تعمیر اور دیگر پروجیکٹوں کاجائزہ بھی لیا ۔موصوف نے اس بات پر زور دیاکہ سندر بنی قصبہ سے ناجائز تجاوزات کو ختم کیاجائے تاکہ بائی پاس سڑک سمیت اہم پروجیکٹوں پر کام ہوسکے ۔ان کے ہمراہ افسران بھی تھے ۔
پی ایچ ای ملازم کی پراسرار موت
راجوری//راجوری کے سرانو گائوں میں محکمہ پی ایچ ای کا ایک ملازم کی پراسرار طور پر دوران علاج موت ہوگئی۔اس کی شناخت پچاس سالہ جگدیش کمار ولد ایشرداس ساکن سرانو کے طور پر ہوئی ہے ۔ذرائع کے مطابق جگدیش صبح گھر سے ڈیوٹی کیلئے نکلاتھا تاہم شام کو اسے علاقے میں خراب حالت میںپایاگیا ۔اگرچہ اسے فوری طور پر ضلع ہسپتال راجوری منتقل کیاگیاتاہم دوران علاج اس کی موت ہوگئی ۔ذرائع نے بتایاکہ جگدیش کے جسم پر زخم کے نشان ہیں ۔اس دوران اس کی نعش کا پوسٹ مارٹم کیاگیاہے اور پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہیں ۔
زیڈ ای او منجاکوٹ ملازمت سے سبکدوش
پرویز خان
منجاکوٹ//زونل ایجوکیشن افسر منجاکوٹ چمن لعل منگل کے روز ملازمت سے سبکدوش ہوگئے ۔ ان کی سبکدوشی پر تقاریب کا اہتمام کیاگیا اور مقررین نے انہیں شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔چمن لعل کو زیڈای او دفتر سے گھر کیلئے روانہ کیاگیا جس دوران ان کے ہمراہ کافی تعداد میں ملازمین اور لوگ موجو دتھے ۔مقررین نے موصوف کی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے انہیں ایک ایماندار اور رحم دل افسر قرار دیا۔تقریب میں تحصیلدار منجاکوٹ شیراز چوہدری ، نائب تحصیلدار حنیف ملک ، سی ڈی پی او حاجی لعل حسین ، رہبر تعلیم فورم کے ضلع صدر منظور خان ، لوکیش کمار ، سابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر امور صارفین کیول شرما وغیرہ بھی موجو دتھے۔
فوڈ سٹور میں راشن کی قلت
تحقیقات کیلئے ٹیم تشکیل
انکوائری جاری
سمت بھارگو
راجوری //راجوری کے فوڈ سٹور میں راشن کی مشتبہ قلت پر حکام کی طرف سے ایک تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی ہے جس نے دو روز سے اپنی انکوائری شروع کررکھی ہے ۔یہ تحقیقاتی ٹیم محکمہ کے ڈائریکٹر کی طرف سے تحصیل سپلائی افسر راجوری کی جانب سے فراہم کی گئی اس اطلاع کے بعد تشکیل دی گئی ہے جس میں بتایاگیاتھاکہ راجوری کے فوڈ سٹور سے پانچ ہزار کوئنٹل سے زائد راشن کم پڑرہاہے ۔ٹی ایس او کی طرف سے لکھے گئے مکتوب میں بتایاگیاہے کہ راشن کی مشتبہ طور پر قلت پائی جارہی ہے جس کو انہوں نے الارمنگ صورتحال قرا ردیا۔یہ معاملہ ذرائع ابلاغ میں بھی اجاگر ہواجس پر محکمہ کے ڈائریکٹر جموں نے تحقیقات کرنے کا حکم جاری کیاہے اور اس سلسلے میں ڈپٹی ڈائریکٹر کی قیادت میں ٹیم تشکیل دی گئی جس نے راجوری پہنچ کرانکوائر ی شروع کردی ہے ۔محکمہ کے ایک سینئر افسر نے بتایاکہ تحقیقاتی عمل جاری ہے اور ٹیم ریکارڈ کا معائنہ بھی کررہی ہے۔
۔150طلاب کیلئے محض 4اساتذہ
بریری نوشہرہ کے لوگوں کا حکام کیخلاف احتجاج کا انتباہ
رمیش کیسر
نوشہرہ//نوشہرہ کے پکے مکان بریری علاقے میں تدریسی نظام کی حالت تشویشناک ہے اور مقامی مڈل سکول میں ڈیڑھ سو طلباء کو پڑھانے کیلئے صرف چار اساتذہ تعینات رکھے گئے ہیں ۔مقامی لوگوں اور طلباء کاکہناہے کہ تدریسی عملے کی کمی سے تعلیم بری طرح سے متاثر ہورہی ہے اور متعلقہ حکام کی طرف سے بارہا گزارشات کے باوجود کوئی اقدام نہیں کیاجارہا۔ انہوں نے کہاکہ یہ بات ناممکن ہے کہ ڈیڑھ سو طلباء کو چار اساتذہ تعلیم دے سکیں اور اس طرح سے ان کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کیاجارہاہے جو ناقابل برداشت ہے ۔مقامی لوگوں نے عملے کی تعیناتی نہ ہونے پر احتجاج کا انتباہ دیاہے ۔ اس سلسلے میں بات کرتے ہوئے پرشوتم لعل ، پون کمار ، ست پال وغیرہ نے بتایاکہ سکول میں زیر تعلیم طلباء عملے کی قلت کی وجہ سے پریشان ہیں اور ان کی تعلیم متاثر ہورہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ایسے حالات میں طلباء سکول ہی چھوڑنے پر مجبور ہیں لیکن ان کے پاس کوئی بہتر متبادل بھی نہیں ۔ ان کاکہناہے کہ اس سے قبل انہوں نے سیاسی لیڈران سے بھی عملے کی کمی کو پورا کرنے کی مانگ کی لیکن انہوں نے کوئی توجہ نہیں دی ۔ انہوں نے گورنر سے اپیل کی کہ سکول میں عملے کی تعیناتی عمل میں لائی جائے نہیں تو وہ احتجاج کاراستہ اختیار کریں گے۔
سرحدی عوام کے مسائل حل کرنے پر زور
مینڈھر//سائیں ناتھ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر شہزاد ملک نے سرحدی علاقے منکوٹ میں نوجوانوں کا ایک اجلاس منعقد کرکے ان کے مسائل کے بارے میں آگاہی حاصل کی ۔اس موقعہ پر مقامی نوجوانوں نے اس سرحدی علاقے کی تعمیروترقی نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا اور انہوں نے کہاکہ ریاست کے بقیہ علاقوں کے مقابلے یہ علاقہ انتہائی پسماندہ ہے ۔ اپنے خطاب میں شہزاد ملک نے کہاکہ سرحدی علاقوں میں تعمیروترقی کی زیادہ ضرورت ہے اور یہاں کے عوام کے مسائل بھی دیگر علاقوں کے مسائل سے علیحدہ ہیں ۔انہوں نے کہاکہ پانی کی قلت کا مسئلہ سنگین ہے اوروقت بروقت قائم ہونے والی حکومتیں اس کا حل نکالنے میں ناکام ثابت ہوئی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ سرحدی عوام کے مسائل حل کئے جائیں ۔
دارالشہید زیارت و قبرستان اوقاف نے تحویل میںلے لیا
بختیار حسین
سرنکوٹ //اوقاف اسلامیہ نے سرنکوٹ کے دارالشہید قبرستان اور زیارت کو اپنی تحویل میں لے لیاہے ۔اس سلسلے میں کارروائی کرتے ہوئے اوقاف نے مقامی لوگوں کی طرف سے نصب کئے گئے بورڈ اکھاڑ پھینکے اور ان کی جگہ اپنا بورڈ نصب کیاہے ۔کارروائی کی قیادت اوقاف ایڈمنسٹریٹر پونچھ ریاض آتش کررہے تھے جن کے ہمراہ نائب تحصیلدار سرنکوٹ اور پولیس کی ٹیم بھی تھی ۔رابطہ کرنے پر ریاض آتش نے بتایاکہ دارالشہید میں زیارت اور قبرستان کی18کنال 17مرلے اراضی کوتحویل میں لیتے ہوئے اس جگہ وقف اہل اسلام کا بورڈ نصب کیاگیاہے ۔ان کاکہناتھاکہ یہاں بدانتظامی تھی اور اس جگہ پر لڑائی جھگڑا بھی تھاکیونکہ کچھ لوگ اراضی کو اپنی زمین سمجھ بیٹھے تھے اس لئے اس کا تصفیہ لازمی بن چکاتھا۔ انہوں نے کہاکہ کچھ لوگ زیارت اور قبرستان پر ناجائز طور پر قابض تھے جس پرانہوں نے نائب تحصیلدار ، پولیس اور مقامی لوگوں کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے اس جگہ کو واگزار کراکے اوقاف کا بورڈ نصب کیاہے جبکہ لوگوں کی طرف سے لگائے گئے بورڈ ہٹادیئے گئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ زیارت اور قبرستانوں کی اراضی کو کوئی اپنی جائیداد نہ سمجھے بلکہ یہ وقف کی جائیداد ہے اور اپنی سطح پر بنائی گئی کمیٹیاں غیر قانونی ہیں۔انہوں نے کہاکہ وقف جائیداد کو قبضہ میں لیکر اس سے حاصل ہونے والی رقومات سے فلاحی کام ہوں گے جس سے یتیم و غریب بچوں اور بیوہ خواتین کو فائدہ ملے گا۔
۔15اگست انتظامات کاجائزہ لیاگیا
پرویز خان
منجاکوٹ//تحصیلدار منجاکوٹ شیراز چوہدری نے پندرہ اگست کے سلسلے میں کئے جارہے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے تحصیل افسران کی ایک میٹنگ طلب کی ۔اس موقعہ پر پندرہ اگست کی تقاریب کو احسن طریقہ سے انجام دینے کیلئے تبادلہ خیال ہوا اور افسران کو ہدایت دی گئی کہ وہ پہلے سے ہی انتظامات کرلیں ۔ میٹنگ میں بلاک ڈیولپمنٹ افسر منجاکوٹ ، سی ڈی پی او منجاکوٹ ، پرنسپل ہائراسکینڈری سکول منجاکوٹ ، زیڈ ای او منجاکوٹ ،اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئران محکمہ تعمیرات عامہ ومحکمہ پی ایچ ای و پولیس افسران بھی موجو دتھے ۔