جموں سے امرناتھ یاترا تین دنوں تک معطل رہے گی
یو ا ین آئی
جموں// جموں وکشمیر انتظامیہ اور شری امرناتھ جی شرائن بورڈ نے جموں کے بھگوتی نگر میں واقع یاتری نواسن بیس کیمپ سے یاترا قافلوں کی روانگی 21 سے 23 اگست تک معطل رکھنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ فیصلے کے تحت منگل کی صبح جموں سے یاتریوں کا تازہ قافلہ وادی کشمیر کی طرف روانہ نہیں ہوا۔ اگرچہ یاترا اور مقامی انتظامیہ کی طرف سے یاترا قافلوں کی روانگی تین دنوں تک معطل رکھنے کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی، تاہم سمجھا جارہا ہے کہ یہ فیصلہ عیدالاضحی اور یاتریوں کی گھٹتی ہوئی تعداد کے پیش نظر لیا گیا ہے۔ ایک سرکاری عہدیدار نے بتایا ’ بیس کیمپ جموں سے یاتریوں کے قافلوں کی روانگی کا سلسلہ 23 اگست تک معطل رکھنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ منگل کی صبح یاتریوں کا تازہ قافلہ وادی کشمیر کی طرف روانہ نہیں ہوا‘۔ تاہم انہوں نے بتایا ’کشمیر میں بال تل اور پہلگام بیس کیمپوں سے یاتریوں کی پوتر امرناتھ گھپا کے درشن کے لئے روانگی کا سلسلہ معمول کے مطابق جاری رہے گا‘۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سالانہ امرناتھ یاترا شروع ہونے سے اب تک 2 لاکھ 83 ہزار 140 یاتری اب تک پوتر گپھا میں شو لنگم کے درشن کرچکے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پیر کو 43 یاتریوں پر مشتمل ایک چھوٹا قافلہ بیس کیمپ جموں سے وادی کی طرف روانہ ہوا تھا۔ بتادیں کہ وادی کشمیر میں امرناتھ یاترا 26اگست کو رکشا بندھن کے تہوار کے موقع پر خصوصی پوجا کے ساتھ اختتام پزیر ہوگی۔ سالانہ امرناتھ کے سلسلے میں چھڑی مبارک (بھگوان شیو کے چاندی کے ڈنڈ) کو گذشتہ روز سری نگر کے بڈشاہ چوک میں واقع شری رامیشور ٹمپل دشنمی اکھاڑا سے جنوبی کشمیر میں سطح سمندر سے 13 ہزار 500 فٹ بلندی پر واقع امرناتھ گھپا کی طرف روانہ کیا گیا۔ چھڑی مبارک 26 اگست کو شراون پورنیما (رکشا بندھن) کے موقع پر امرناتھ گپھا پہنچائی جائے گی۔روایتی طور پر ہر سال بھگوان شیو کے چاندی کے ڈنڈ کو رامیشور مندر سے پوتر گپھا لے جایا جاتا ہے جہاں اختتامی پوجا کے ساتھ امرناتھ یاترا اپنے اختتام کو پہنچتی ہے۔ جنوبی کشمیر کے مشہور سیاحتی مقام پہلگام سے قریب 40 کلو میٹر دور پہاڑی گھپا میں بھگوان شو سے منسوب برفانی عکس (شیولنگ)کے درشن کے لئے ہر سال لاکھوں کی تعداد میں شردھالو کشمیر آتے ہیں۔ سیکورٹی اداروں نے سالانہ امرناتھ یاترا کے سلسلے میں سیکورٹی کے مثالی انتظامات کئے ہیں۔ یاترا کی تاریخ میں پہلی بار یاتریوں کی گاڑیوں پر ٹریکنگ چپ نصب کئے جارہے ہیں جن کی مدد سے ان کی لوکیشن کا پتہ لگایا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ یاترا راستوں بالخصوص کشمیر شاہراہ پر یاتریوں کے قافلوں کی مصنوعی سیاروں اور ڈرون کیمروں کے ذریعہ نگرانی کی جارہی ہے۔ یو این آئی
کے بی پبلک سکول میں شجرکاری مہم کااہتمام
جموں//ون مہوتسو کے سلسلے میں سوشل فاریسٹری ڈیپارٹمنٹ اورگوجردیش چیری ٹیبل ٹرسٹ کے اشتراک سے کے بی پبلک سکول بائی پاس روڈ جموں میں شجرکاری مہم کااہتمام کیاگیا۔اس دوران سکول کے طلباءنے سکول کے احاطے اورگردونواح میں ڈی ایف او سوشل فاریسٹری نیہا مہتا،پرنسپل کے بی سکول سونیامہاجن اورچیئرمین گوجردیش چیریٹیبل ٹرسٹ جموں چوہدری عبدالحمیدکی موجودگی میں پودے لگائے۔اس موقعہ رپ طلباءکے ساتھ انٹریکٹیوسیشن کابھی اہتمام کیاگیاجس میں شجرکاری مہم کی اہمیت کواُجاگرکیا۔اس دوران اساتذہ اورطلباءنے اپنے خیالات کااظہارکرتے ہوئے ماحولیات کے تحفظ پرزوردیا۔چوہدری عبدالحمید ،چیئرمین جی ڈی سی ٹی نے کہاکہ ماحولیاتی توازن کویقینی بنانے کےلئے لازمی ہے کہ ہم زیادہ سے زیادہ شجرکاری کریں۔ انہوں نے کے بی سکول میں شجرکاری مہم پرمسرت کااظہارکیا۔ ڈی ایف او نیہا مہتانے کہاکہ طلباءسماج میں ماحولیاتی بیداری کوعام کرنے کےلئے سفیرکارول اداکرسکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ محکمہ کی جانب سے گھروں میں مفت پودے تقسیم کیے جارہے ہیں تاکہ رواں موسمی سیزن میں زیادہ سے زیادہ پودے لگائے جاسکیں۔اس دوران ورلڈگائتری پریوارکی نمائندگی ،اس کے ٹرسٹی اشوک گپتانے کی اورشجرکاری پروگرام کے انعقادمیں تعاون دیا۔
کیرالہ سیلاب زدگان کیلئے دعائیہ مجلس
جموں// سیلابی تباہی سے متاثرہ بھارت کی ریاست کیرالہ کی عوام کے لئے یہاں جموں میں سکولی طلاب اور مدارس کے بچوں کی طرف سے دعائیہ مجلس کا اہتمام کیاگیا۔ جموں کے کنجوانی پیربابا زیارت پر سکولوں اور مدارس میں زیر تعلیم بچوں نے شرکت کی جہاں پر کیرلہ میں سیلابی تباہی سے جاں بحق ہوئے افراد کے لئے دعا مغفرت اور لواحقین کے لئے صبر وجمیل کی دعا کی گئی۔ سکولی بچوں نے دعا کی کہ اللہ تبارک وتعالیٰ کیرلہ کو مزید تباہی سے بچائے ،جولوگ زخمی ہیں، ان کی جلد صحت یابی ہو ۔دعائیہ مجلس کا اہتمام وفافاو¿نڈیشن کی طرف سے کیاگیاتھا جس میں حکومت ہند سے یہ بھی مانگ کی گئی متاثرین کی بھر پور امدا دکی جائے۔ یہ بھی عہد کیاگیاکہ کیرالہ سیلاب زدگان کی مدد کے لئے چندہ جمع کیاجائے گا۔یو این آئی
گورنر کے مشیروں کی طر ف سے لوگوں کو عید مبارک پیش
سرینگر //گورنر کے مشیروں بی بی ویاس ، کے وجے کمار اور خورشید احمد گنائی نے ریاستی عوام کو عید الاضحی کے موقعہ پر مبارکباد دیتے ہوئے اُن کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے ۔ اپنے الگ الگ پیغامات میں مشیروں نے کہا ہے کہ اس تہوار کی بدولت آپسی روا داری اور اعتماد کے رشتے مزید مستحکم ہوتے ہیں ۔ انہوں نے دعا کی ہے کہ عید الاضحی کا تہوار ریاستی عوام کیلئے امن ، ترقی اور خوشحالی کی ایک نوید لیکر آئے ۔
گاندھی نگرکالج میں نٹیشن پروگرام کاانعقاد
جموں//پی جی کالج فار وومن گاندھی نگرکے کامرس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے کامرس اونٹیشن ڈے منانے کے سلسلے میں نئے بیچ 2018-2018 سیشن میں داخلہ لینے والے طلبا کے لیے اورنٹیشن پروگرام کاانعقاد کیا۔اس دوران ایچ اوڈی کامرس پروفیسرمینو مہاجن نے استقبالیہ خطاب میں کالج اورڈیپارٹمنٹ میں مواقعوں کے بارے میں جانکاری دی۔اس موقعہ پر پرنسپل ڈاکٹرکوشل سموترہ مہمان خصوصی تھیں۔انہوں نے طالبات پرزوردیاکہ وہ تعلیم کی طرف بھرپورتوجہ دیں ۔انہوں نے کہاکہ ٹیلنٹ اورسکوپ طالب علم میں ہوتاہے فیلڈمیں نہیں ہوتا۔انہوں نے کہاکہ محنت،لگن اورجدوجہدسے انسان کسی بھی مضمون میں نمایاں کامیابی درج کرواسکتاہے۔
اٹل بہاری واجپائی کی استھی کلش 22اگست کو جموں پہنچے گی
جموں// بھارت رتن اور سابق وزیر اعظم ہند آنجہانی اٹل بہاری واجپائی کی ’استھی کلش‘بذریعہ فضائیہ22اگست 2018کو جموں پہنچے گی۔ اس بات کی جانکاری پارٹی کے ریاستی صدر راویندر رینہ نے دی۔ انہوں نے بتایاکہ استھی کلش کو 22اگست بعد ودپہر3بجے بی جے پی ریاستی دفتر تریکوٹہ نگر جموں لایاجائے گا۔’کلش‘ پارٹی دفتر میں رہے گی جہاں پرپارٹی کارکنان اور عام لوگ انہیں خراج عقیدت پیش کریں گے۔ اس کے بعد استھی کلش کو ہڑکی پوری بہو فورٹ لے جایاجائے گا جہاں پر5بجے دریا توی میں ویسرجن کیاجائے گا۔ دوسری استھی کلش 23اگست 2018کو شام5بجے اکھنور کے مقام پر چناب میں ویسرجن کی جائے گی۔اس کے علاوہ سرینگر میں دریاجہلم اور لیہہ میں دریا سندھ میں استھی کلش بھی ویسرجن کی جائیں گیں۔یو این آئی
غلام حسن ضیاءکے انتقال پر
ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور عمر عبداللہ کا اظہارِ تعزیت
سرینگر//صدرِ جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ نے معروف ادیب اور سابق ڈائریکٹر ریڈیو کشمیر الحاج غلام حسن ضیاءکے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے اور اس سانحہ ارتحال پر مرحوم کے جملہ سوگوران کیساتھ تعزیت کا کیا ہے۔ دونوں لیڈران نے مرحوم کی جنت نشینی اور بلند درجات کیلئے دعا کی۔ انہوں نے اس سانحہ ارتحال پر نوجوان صحافی اور روزنامہ گریٹر کشمیر کے ایڈیٹر جاوید ملک (مرحوم کے داماد) کیساتھ بھی دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ پارٹی کے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفےٰ کمال نے بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
’ ایک ماہ کی تنخواہ کیرالہ سیلاب متاثرین کو دیں گے‘
جموں وکشمیربھاجپاقانون سازوں کا اعلان
یو این آئی
جموں//بھارتیہ جنتا پارٹی سے وابستہ4 اراکین پارلیمان ،26ممبران اسمبلی اور11ممبران قانون ساز کونسل نے اپنے ایک ماہ کی تنخواہ کیرالہ سیلاب متاثرین کو دینے کا اعلان کیاہے۔ بی جے پی ریاستی صدر دفتر واقع تریکوٹہ نگر جموں میںمنعقدہ ایک پریس کانفرنس میں پارٹی ریاستی صدر راویند ررینہ،رکن پارلیمان جگل کشور شرما، سابقہ نائب وزیر اعلیٰ کاویندر گپتا،ایم ایل اے راجیش گپتا، بریگیڈئر انیل گپتااور سنیئرلیڈر ایڈووکیٹ للت موزہ نے یہاں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں اعلان کیاکہ بی جے پی ریاستی اکائی نے فیصلہ کیا ہے کہ پارٹی سے وابستہ چار ممبران پارلیمان(تین ممبرا پارلیمان،1راجیہ سبھا ممبر) ،26ممبران اسمبلی اور11ممبران قانون ساز کونسل نے اپنی ایک ماہ کی تنخواہ پرائم منسٹر ریلیف فنڈزکیرلہ سیلاب متاثرین کے لئے عطیہ کی جائے گی ۔راویندر رینہ نے کہاکہ کیرلہ اس وقت سنگین آفات سماویہ کی تباہی سے گذر رہا ہے جس میں سینکڑوں لوگوں کی اموات ہوگئی ہے، لاکھوں بے گھر ہوگئے ہیں اور اربوں کھربوں روپے کی عوامی ونجی املاک کو نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہاکہ نریندر مودی قیاد ت والی حکومت کریلہ متاثرین کے لئے بے لوث خدمات انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی بھارتیہ فوج، فضایہ اور بحریہ کے جوانوں، آر ایس ایس سوایم سیویک، این ڈٰ آر ایف، کیرلہ پولیس اور دیگر غیر سرکاری تنظیموں ورضاکاروں کو سلام پیش کرتی ہے جوکہ کیرلہ سیلاب متاثرین کی بے لوث خدمات پہنچا رہے ہیں۔انہوں نے یہ بھی اعلان کیاکہ بی جے پی ریاستی اکائی 500پارٹی رضاکاروں کو کیرلہ روانہ کرے گی۔راویندر رینہ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بھی سیلاب متاثرین کی بھر پور مدد کریں۔یو این آئی
دفعہ35اے سے
سب سے زیادہ کشمیری پنڈت متاثر:پنن کشمیر
یو این آئی
جموں// کشمیری پنڈتو ں کی تنظیم پنن کشمیر کا کہنا ہے کہ دفعہ35-Aکے سب سے زیادہ متاثرین نقل مکانی کرنے والے پنڈت ہیں۔ یہاںایک پریس کانفرنس میں پنن کشمیر کے صدراشونی کمار چرنگو نے کہاکہ عدالت عظمیٰ میں دفعہ35-Aکی سماعت کے خلاف چند حلقوں کی طرف سے احتجاج کرنا، سپریم کورٹ پر دباو¿ قائم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملہ پر احتجاجی مظاہرے یا ہڑتال کرنے سے دفعہ کی قانونی وآئینی صورتحال طے نہیں کی جاسکتی، علاوہ ازیں وہ طاقتیں جوکہ جموں وکشمیر میں آئین ہند کی مخالفت کرتی آئی ہیں، کی طرف سے دفعہ35Aکو ہٹانے یا موجودگی بارے تشویش ظاہر کرنے کی کوئی جوازیت نہیں بنتی۔چرنگو نے مزید کہا کشمیر صرف جموں اور کشمیر کی نمائندگی نہیں کرتا، پنڈت برادری سمیت لداخ اور جموں صوبہ کے لوگ ایک عرصہ سے اس دفعہ کو ہٹانے کا مطالبہ کرتے آرہے ہیں۔اس دوران پنن کشمیر کی سیاسی امور کمیٹی کے چیئرمین وریندر رینہ نے مطالبہ کیا ہے کہ وادی میں اقلیتی طبقہ کے مذہبی مقامات کے تحفظ کے لئے خصوصی قانون لایاجائے۔