سرینگر //جموں و کشمیر میں پچھلے 24گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے 24ہزار333ٹیسٹ کئے گئے جن میں 94کی رپورٹیں مثبت آئیںاور 71سالہ معمر شخص فوت ہوگیا ۔ یاد رہے کہ سرینگر ایئر پورٹ پر بیرون ریاستوں اور ممالک سے لوٹنے والے افراد کے کورونا وائرس کی تشخیص کا عمل لازمی قرار دیا گیا ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 23فروری منگل کومجموعی طور پر 94افراد کی رپورٹیں مثبت آئیں جن میں 72کا تعلق کشمیر صوبے سے ہے۔کشمیر میں مثبت قرار دئے گئے 72افراد میں 25مقامی سطح پر متاثر ہوئے جبکہ 47بیرون ریاستوں اور ممالک سے واپس لوٹے ہیں۔ منگل کوبیرون ریاستوں سے واپس لوٹنے والوں میں 32سرینگر، 5بارہمولہ، 1بڈگام، 2پلوامہ،3کپوارہ، 2اننت ناگ، 1بانڈی پورہ اور ایک کولگام سے تعلق رکھتا ہے۔واضح رہے کہ15فروری سے 23فروری تک گذشتہ 9روز کے دوران مجموعی طور پر جموں کشمیر میں678افراد کی رپورٹیں مثبت آئیں جن میں 542کشمیر سے تعلق رکھتے تھے۔ ان میں 335مقامی سطح پر جبکہ 243بیرون ریاستوں اور ممالک سے متاثر ہونے کے بعد کشمیر واپس آئے ہیں۔کشمیر سے تعلق رکھنے والے 542افراد میں 302مقامی سطح پر متاثر ہوئے جبکہ 243افراد بیرون ریاستوں اور ممالک سے واپس لوٹے ہیں۔ان 9روز میں وادی میں 4افراد کی موت واقع ہوئی، جس میں منگل کو سیموہ ترال سے تعلق رکھنے والا 71سالہ معمر شخص بھی شامل ہے۔اس طرح کشمیر میں متوفین کی تعداد 1230ہوگئی ہے جبکہ متوفین کی مجموعی تعداد 1954تک پہنچ گئی ہے۔ادھر جموں صوبے میں 22افراد وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور متاثرین کی مجموعی تعداد 1لاکھ 26ہزار کا ہندسہ پار کرکے 1لاکھ 26ہزار 19ہوگئی ہے۔