عاصف بٹ
کشتواڑ //ضلع کشتواڑ کی اہم پہاڑی شاہراہ مرگن ٹاپ سڑک پر انتظامیہ کی جانب سے دو روز کیلئے ٹریفک کی عارضی بحالی کی اجازت دے دی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق حالیہ برفباری اور خراب موسمی حالات کے باعث مرگن سڑک گزشتہ کئی روز سے آمدورفت کیلئے بند تھی جس کے نتیجے میں درجنوں مسافر مختلف مقامات پر پھنس کر رہ گئے تھے جبکہ ضروری اشیائے خوردونوش اور دیگر سامان کی ترسیل بھی بری طرح متاثر ہوئی تھی۔ اگرچہ سڑک پر برف ہٹانے کا عمل چند روز قبل ہی مکمل کرلیاگیا تھا تاہم آواجاہی کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔
دونوں اطرف گاورن و انشن میں سینکڑوں مسافر درماندہ ہوکررہ گئے تھے ۔ بدھ کو عوام نے احتجاج بھی کیا تھا جسکے بعد اننت ناگ انتظامیہ نے جمعرات و جمعہ کو سڑک کی جزوی بحالی اور موسم میں بہتری کے بعد دو دن کیلئے محدود ٹریفک کی اجازت دی تاکہ درماندہ مسافروں کو بحفاظت نکالاجا سکے اور ضروری سازوسامان کو اپنی منزل تک پہنچایا جا سکے۔ اس دوران ٹریفک کو کنٹرولڈ انداز میں چلانے کیلئے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ مقامی لوگوں نے انتظامیہ کے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے نہ صرف پھنسے ہوئے مسافروں کو بڑی راحت ملے گی بلکہ مڑواہ و وڑون میں اشیائے ضروریہ کی فراہمی بھی بحال ہوگی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سڑک کو مستقل بنیادوں پر جلد از جلد مکمل طور پر بحال کیا جائے گا تاکہ عوام کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔