بارہمولہ//مرکزی وزیر برائے دیہی ترقی و پنچائتی راج گری راج سنگھ نے اس بات پر زور دیا ہے کہ قوم کی جامع اور پائیدار ترقی اسی صورت میں ممکن ہے جب دیہی علاقوں کو بنیادی سطح پر ترقی دی جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں موجودہ حکومت دیہات کو زیادہ مالی منتقلی اور جمہوری قدروں کے ذریعے بااختیار بنانے کی خواہش مند ہے ۔ وزیر نے ان باتوں کااظہار سنگھ پورہ پٹن ایک تقریب کے دوران کیا ۔ وزیر نے مرکزی حکومت کے خصوصی عوامی رسائی پروگرام کے ایک حصے کے طور پر اس علاقے کا دورہ کیا جس کا مقصد زمینی سطح پر عوامی آراء کا پہلے سے جائیزہ لینا ہے ۔ مہاتما گاندھی اور لال بہادر شاستری کو ان کی سالگرہ کے موقع پر بھر پور خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے گری راج سنگھ نے گرام سوراج اور گرام ترقی کے ذریعے دیہی ترقی کیلئے ان کی شراکت کو یاد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ سماجی و معاشی ترقی میں خواتین کا نمایاں کردار ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کو مختلف فریم ورک میں نئی بلندیوں پر گامزن ہوتے دیکھ کر خوشی ہوتی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ خواتین میں بے پناہ صلاحیتیں ہیں ،انہیں مناسب اور صحیح پلیٹ فارم دینے ک ضرورت ہے، جہاں وہ اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکیں ۔ پی آر آئی کو دیہی ترقی کا حقیقی ایجنٹ قرار دیتے ہوئے وزیر نے ان پر زور دیا کہ وہ مثبت اور پیداواری کردار ادا کریں تا کہ نچلی سطح پر جامع ترقی کو یقینی بنایا جا سکے ۔ انہوں نے یقین دلایا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے انہیں مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جے اینڈ کے پہلا علاقہ ہے جہاں 73 ویں آئینی ترمیم کو موثر طریقے سے نافذ کیا گیا ہے ۔ اس موقعہ پر وزیر نے ان سٹالوں کا معائینہ کیا جو کئی سیلف ہیلپ گروپس ( ایس ایچ جی ) نے لگائے تھے جن میں ممبروں کی تیار کردہ مصنوعات کی نمائش کی گئی تھی ۔