اننت ناگ//اننت ناگ ضلع میں صحت،دیہی ترقی اورپنچایتی راج ودیگر شعبوں میں نمایاں ترقی ہوئی ہے ،جوحوصلہ افزاء اورخوش کن ہے۔ان باتوں کااظہارمرکزی وزیر مملکت صحت و خاندانی بہبود ڈاکٹر بھارتی پروین پوار نے یہاں پہلگام میں اَپنے عوامی رَسائی پروگرام کے دوران اِن شعبوں میں ضلع کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔اُنہوں نے اِن شعبوں سے متعلق مرکز ی حکومت کی معاونت والی او رفلیگ شپ سکیموں کی عمل آوری اور صحت نگہداشت کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر میں کی گئی کامیابیوں پر اطمینان کا اِظہا رکیا۔ڈاکٹر بھارتی نے اَفسران کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ وہ مزید جوش و جذبے اور لگن کے ساتھ کام کریں تاکہ سرکاری معاونت والی سکیموں کے فواید آبادی تک پہنچ جائیں۔ اُنہوں نے دُور دراز علاقوں کے لوگوں کے لئے بڑے پیمانے پر بیداری مہم چلانے پر زور دیا ۔وزیر مملکت نے اَفسران پر زور دیا کہ وہ صنعت کاروں اور تاجروں کی آمدنی میں اضافہ کرنے کے لئے باغبانی پیدوار مثلاً سیب ، اخروٹ وغیرکی پروسسنگ اور ویلیو ایڈیشن کی سطح کو بڑھانے کے لئے ٹھوس اِقدامات کریں۔اِس موقعہ پرمرکزی وزیر مملکت برائے صحت و خاندانی بہبود نے 41 کاموں اور منصوبوں کا اِی۔ اِفتتاح کیا او رآر ڈی ڈی ، صحت ، جل شکتی ، وائی ایس ایس ، یو ایل بی اور دیگر شعبوں میں 22 کاموں اور منصوبوں کا اِی ۔ سنگ بنیاد رکھا۔اِس سے قبل ضلع ترقیاتی کمشنر ڈاکٹر پیوش سنگلا نے صحت، دیہی ترقی اور دیگر شعبوں میں ضلع کی صورتحال اور کامیابیوں کا مختصر جائزہ پیش کیا۔وزیر نے سخی زین الدین ولی ؒ کی زیارت گاہ عشمقام پر بھی حاضری دی اور وہاں اُن کا صدر میونسپل کمیٹی عشمقام صوفی عرفات کے علاوہ ’’ زیارت گاہ اِنتظامیہ‘‘ کے ارکان اور مقامی لوگوں نے عزت و احترام سے اِستقبال کیا۔بعد میں وزیر نے گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ کا دورہ کیا ۔