راجوری //راجوری میں 58جنرل ریزرو انجینئر نگ فورس جموں پونچھ شاہراہ پر پل کی تعمیر مکمل کرنے کی دہلیز پر ہے تاکہ شاہراہ پر ٹریفک کی آمد وفت میں آنے والی مشکلات کم ہو سکیں ۔2014میں خطہ میں ہوئی شدید بارش کی وجہ سے دسہل نالے میں آئے سیلاب کی وجہ سے پل تباہ ہو گیا تھا جس کی وجہ سے ٹریفک بھی متاثر ہو رہی تھی تاہم انتظامیہ نے عارضی بنیادوں پر ٹریفک کی بحالی عمل میں لائی ہوئی تھی ۔راجوری بس اسٹینڈ سے محض دو کلو میٹر کی دوری پر واقعہ پل کی جگہ محکمہ گریف کی جانب سے لوہے کا عارضی پل بنایا گیا تھا تاہم گزشتہ برس بھی مذکورہ جگہ پر کچھ عرصہ کیلئے ٹریفک میں خلل آیا تھا ۔متعلقہ حکام نے بتایا کہ تباہ پل کی جگہ عارضی بنیادوں پر کام کیا گیا تھا تاہم اس کی بحالی کیلئے پختہ پل کی تعمیر کا عمل شروع کیا گیا تھا ۔انہوں نے بتایا کہ خطہ میں ہونے والی بارش کیساتھ ساتھ سیلاب ،کووڈ کے علاوہ درپیش دیگر مسائل کے باوجود پروجیکٹ سمپرک کے تحت 24میٹر لمبا پل مکمل ہونے کو ہے ۔انہوں نے بتایا کہ تعمیر ات کو جلد مکمل کرنے کیلئے کام کو دن اور رات کی شفٹوں میں تقسیم کیا گیا تھا ۔انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ پل کی تعمیر کے بعد شاہراہ پر ٹریفک کی آمد ورفت میں آنے والے مسائل درو ہو جائیں گے ۔