جموں //محلہ کمیٹی ماربل انکلیو ،ترکوٹہ نگر کے مکینوں نے یہاں جمعہ کے روز ایک احتجاجی مظاہرہ کیا۔ ایک بیان کے مطابق مظاہرین کی قیادت محلہ کمیٹی کے ممبر نیرج گپتا کر رہے تھے۔ جنھوں نے جے ایم سی اور وارڈ نمبرات 52 ،,53 اور 54 کے کارپوریٹر کے خلاف مظاہرہ کیا۔مظاہرین کا الزام تھا کہ محلہ میں صفائی و ستھرائی کا فقدان ہے اور سڑکوں کی حالت نا گفتہ ہے اور جگہ جگہ پانی کا رسائو ہے جسکی جانب جے ایم سی کوئی دھان نہیں دیتی ہے۔ مکینوں کا کہنا ہے کہ ان مسائل کی وجہ سے انہیں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوںنے الزام لگایا کہ بد رو پانی سڑکوں پر سے بہتا ہے جسکی وجہ سے صبح سویرے طلاب کو سکول جانے میں دشواریاں آتی ہیںانہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ سڑکوں کی خستہ حالی سے حادثات کا بھی خطرہ رہتا ہے۔انہوں نے محلہ میں کوڑا کرکٹ صاف کرنے کے لئے باقاعدگی سے صفائی کرمچاریوں کو تعینات کرنے کا مطالبہ کیا۔مظاہرین نے جے ایم سی کو فوری طور سے محلہ میں لوگوں کی شکایات دورکرنے کیلئے فوری اقدام کرنے کا مطالبہ کیا۔مظاہرین میں محلہ کے معزز شہریوں بشمول کرشن لعل گپتا، موہن سنگھ جموال ،سریندر وغیرہ نے بھی شرکت کی۔