پونچھ//پونچھ قصبہ کی ایک اہم سڑک جو ضلع ہسپتال کی جانب سے محلہ بچتر نگر سے گذرتے ہوئے قصبہ کے مختلف محلہ جات کو آپس میں جوڑتی ہے کی خستہ حالی سے لوگ پریشان ہیں۔ اس سڑک پر کئی مقامات پر کھڈے پڑے ہوے ہیں جن کی وجہ سے وہاں سے گزرنے والی گاڑیوں اور پیدل چلنے والے لوگوں کو کئی طرح کی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔اس سڑک کی خستہ حالت کو لیکر مقامی لوگوں کی جانب سے ایک احتجاجی مظاہرہ محمد بشیر میر کی قیادت میں منعقد کیا گیا۔اس احتجاج کے دوران ضلع انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ڈاکٹر رفیق حسین میر نے کہا کہ وہ بذات خود کئی بار متعلقہ محکمہ کے اعلیٰ افسران سے اپیل کرچکے ہیں کہ وہ اس سڑک کی خستہ حالی کا جائزہ لیکر وہاں مرمت کروائیں لیکن وہ افسر یقین دہانی کے سوا کچھ نہیں کرتے۔انہوں نے کہا کہ پونچھ قصبہ کی چھوٹی چھوٹی گلیوں میں بہترین ٹائیلیں بچھائی گئی ہیں لیکن اس اہم سڑک کی طرف کوئی متوجہ نہیں ہے۔محمد بشیر میر نے کہا کہ ان کامحلہ ہر طرح سے نظر انداز کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ انھیں پانی کی قلت کا سامنا کرنا پڑتا ہے،محلہ میں صفائی ستھہرائی کا بھی معقول انتظام نہیں ہے اور سب سے بڑی پریشانی ان کو سڑک کی خستہ حالت کی وجہ سے اٹھانی پڑتی ہے۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمیشنر پونچھ طارق احمد زرگر سے محلہ کا دورہ کر کے وہاں سڑک کا جائزہ لیکر متعلقہ محکمہ تعمیرات عامہ کو سڑک کی جلد از جلد مرمت کرنے کی ہدایت کرنے کا مطالبہ کیا۔اس موقعہ پر ریٹائر فوجی لوکیش کمار، غلامی مہدی ونتو نے بھی خطاب کیا۔