جموں//ڈاکٹروں اورپیرامیڈیکل عملہ نے عدم تحفظ کے احساس کے معاملے کولے کر ہسپتال انتظامیہ کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ذرائع کے مطابق چیسٹ اینڈڈیزسزہسپتال جوکہ ایک سرکاری ہسپتال ہے کے ڈاکٹروں اورنرسوں نے الزام عائدکیاہے کہ مریض کی موت کے بعداس کے کچھ تیمارداروں نے ڈاکٹروں ونیم طبی عملے کی مارپیٹ کی جس سے انہیں عدم تحفظ کاخطرہ لاحق ہوگیاہے۔مظاہرین نے الزام لگایاہے کہ ہسپتال انتظامیہ انہیں کام کیلئے سازگاراورحفاظت والاماحول فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے۔بتایاجاتاہے کہ ایک شدیدبیمارمریض بوٹاسنگھ (58) جس کی بائی لیٹرل ایکسٹنسیو بیماری اوررسپیریٹری نظام فیل ہونے کی وجہ سے موت ہوگئی تھی،اس کے تیماداروں نے ایک ڈاکٹراورکچھ نرسوں کی مارپیٹ کی اورہسپتال کی پراپرٹی کی بھی توڑپھوڑکی۔ اس کے بعدڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل عملہ نے ہسپتال انتظامیہ کیخلاف احتجاج کیااورانہیں تحفظ فراہم کرنے کامطالبہ کیا۔پولیس ذرائع نے بتایاکہ اس سلسلے میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے لیکن کسی کوبھی حراست میں نہیں لیاگیاہے۔بعدازاں ہسپتال انتظامیہ اورپولیس عہدیداران نے مظاہرین سے بات چیت کی اورانہیں قصورواروں کے خلاف کاروائی کی یقین دہانی کرائی جس کے بعداحتجاج ختم کیاگیااورڈاکٹروں ونیم طبی عملہ نے ڈیوٹیوں پرکام بحال کردیا۔