سرینگر// ضلع بڈگام میں ’جن بھاگیداری‘ مہم کے تحت اسپورٹس کونسل نے ماگام سپورٹس اسٹیڈیم میں جموں و کشمیر کے کئی اضلاع کی ٹیموں کے درمیان ہونے والے کچھ سنسنی خیز کرکٹ مقابلوں کا اہتمام کیا۔مقامی منتظمین نے اسپورٹس کونسل کے ساتھ مل کر ’مائی یوتھ مائی پرائیڈ‘ کے تحت ماگام ٹی 20 ناک آؤٹ کرکٹ ٹورنامنٹ کیلئے خصوصی سرگرمیاں ہوئیں جس میں74 ٹیموں کے 1480 کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ یہ ٹورنامنٹ لیگ کم ناک آؤٹ فارمیٹ میں کھیلا گیا۔ جے اینڈ کے اسپورٹس ٹائم اس ایونٹ کا میڈیا پارٹنر تھا جس نے پورے ٹورنامنٹ میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر لائیو میچز کی نشریات میں اہم کردار ادا کیا۔ ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو ایک لاکھ روپے کا نقد انعام ملے گا جبکہ رنر اپ اور تیسرے نمبر پر آنے والی ٹیموں کو بالترتیب پچاس ہزار اور بیس ہزار روپے کا انعام دیا جائے گا۔