عظمیٰ مانیٹرنگ ڈیسک
حیدرآباد//مسلم طلبہ میں اسکولی سطح پر ڈراپ آئوٹ کی شرح نہایت تشویشناک ہے اور جب تک اس مسئلے کو سنجیدگی سے حل نہیں کیا جاتا اس وقت تک ملک کی ترقی کے ثمرات سے مسلم صحیح طور پر استفادہ نہیں کرسکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پروفیسر امیتابھ کنڈو نے کیا۔ وہ کل مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے ستائیسویں یومِ تاسیس کے موقع پر بطور مہمانِ خصوصی لیکچر دے رہے تھے۔ پروفیسر امیتابھ کنڈو کے مطابق سال 2050 تک ہندوستان کی معیشت کا 10 ٹریلین کی سطح تک پہنچنا بحر حال طئے ہے۔ لیکن پسماندہ طبقات اور مسلمانوں میں تعلیم کے حوالے سے اگر اقدامات نہیں کیے جاتے تو یہ تشویشناک امر ہوگا۔ وہ ’’ہندوستان جامع اور پائیدار ترقی کی جانب، مواقع اور چیلنجز‘‘ کے موضوع پر اظہار خیال کر رہے تھے ۔ جناب ممتاز علی (سری ایم)، چانسلر یونیورسٹی نے یومِ تاسیس کے اس پروگرام کی صدارت کی یومِ تاسیس کی مناسبت سے یونیورسٹی سے سبکدوش ہونے والے اساتذہ اور غیر تدریسی عملے کے اراکین کو تہنیت پیش کی گئی۔