عارف بلوچ
اننت ناگ //مشہور مارتنڈ مندر مٹن کے چشموں میں گذشتہ کئی روز سے سینکڑوں مچھلیاں پْراسرار طور ہلاک ہوگئی ہے،جس کے باعث یہاں سنسنی پھیل گئی ہے۔ذرائع کے مطابق مندر کے احاطے میں چشموں میں مچھلیوں کی ہلاکت گذشتہ کئی روز سے جاری ہے،جس کے بعد محکمہ فشریز متحرک ہوا اور انہوں نے چشموں سے نمونے حاصل کئے۔مارتند تیرتھ ٹرسٹ کے صدر اشوک سدھا نے بتایا کہ انہوں نے مچھلیوں کے مرنے کے بعد ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ فخرالدین حامد کو آگاہ کیا جس کے بعد انکی ہدایت پر محکمہ فشریز کا اعلیٰ سطحی وفد یہاں پہنچا جنہوں نے چشمے کے پانی اور مردہ مچھلیوں سے نمونے حاصل کئے۔انہوں نے بتایا کہ اب تک قریباً 500 مچھلیاں ہلاک ہوگئی ہے جو کافی تشویش کا معاملہ ہے۔ مچھلیوں کی سلامتی کو لے کر بدھ کے روز یہاں خصوصی پوجا پاٹ کی گئی۔اس بیچ محکمہ فشریز کے ایک اہلکار نے بتایا کہ مچھلیوں کی ہلاکت ممکنہ طور پر فنگل انفیکشن ہے جو زیادہ تر اس موسم میں ہوتی ہے لیکن مناسب تحقیقات کے بغیر کسی نتیجے پر پہنچنا قبل از وقت ہوگا۔مقامی لوگوں نے مچھلیوںکی ناگہانی موت پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ انفیکشن پر قابو پانے کے لیے فوری اقدامات کریں اور چشموں اور ندی میں باقی مچھلیوں کی سلامتی کو یقینی بنائیں۔