جموں// کورونا کی دوسری لہر میں تیزی کے باعث جموں و کشمیر کے ضلع ریاسی کے کٹرہ ٹاؤن میں واقع ماتا ویشنو دیوی مندر کی یاترا کے لئے یاتریوں کی تعداد میں نمایاں کمی واقع ہو رہی ہے ۔ایس ایس پی ریاسی شیلندرا سنگھ نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ جو یاتری بنا ٹیسٹ کے آتے ہیں ان کا ٹیسٹ کیا جاتا ہے اور جن کا ٹیسٹ مثبت آتا ہے ان کو کورنٹائن کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا: 'جو یاتری بنا ٹیسٹ کے آتے ہیں ان کا ریلوے اسٹیشن پر ٹیسٹ کیا جاتا ہے اور جو بسوں میں آتے ہیں ان کا لکھن پور اور وجے پور میں ٹیسٹ کیا جاتا ہے '۔ان کا کہنا تھا کہ جن یاتریوں کا ٹیسٹ مثبت آتا ہے ان کے لئے کورنٹائن سینٹروں کا انتظام کیا گیا ہے اور انہیں الگ کر کے کورنٹائن کیا جاتا ہے ۔مسٹر سنگھ نے کہا کہ روزانہ بنیادوں پر یاترا کرنے والے یاتریوں کی تعداد میں نمایاں کمی واقع ہو رہی ہے ۔انہوں نے کہا شاید کورونا کی وجہ سے لوگ گھروں سے باہر نہیں نکل رہے ہیں لیکن کورونا لہر میں ٹھہراؤ کے ساتھ ہی یاترا معمول کے مطابق ہوگی۔شری ماتا ویشنو دیوی شرائن بورڈ کا کہنا ہے کہ کورونا وبا کے باوجود سال رواں کے پہلے تین ماہ کے دوران زائد از 13 لاکھ یاتریوں نے ویشنو دیوی مندر کی یاترا کی ہے ۔متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ شرائن بورڈ نے یاتریوں کے لئے تمام تر سہولیات جیسے ہیلی کاپٹر سروس، بیٹری کاروں اور روپ وے سروس وغیرہ کا موثر بندوبست کیا ہے نیز یاترا کے دوران تمام تر کورونا گائیڈ لائنز پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے ۔قابل ذکر ہے کہ کورونا لاک ڈاؤن کے پیش نظر سال گذشتہ 18 مارچ کو یہ یاترا بند کر دی گئی تھی اور بعد میں قریب چھ ماہ بعد 16 اگست کو بحال ہوئی تھی۔