سرینگر//لیفٹیننٹ گورنرمنوج سنہا نے سرینگر میں کشمیر ویمن کرکٹ لیگ کے فائنل میچ میں شرکت کی۔چنار کور کے زیراہتمام منعقد ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں کشمیر ڈویڑن کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والی 12 خواتین کرکٹ ٹیموں نے حصہ لیا۔ بین الاقوامی کرکٹر اور ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان پدم شری میتھالی راج بھی اس موقع پر موجود تھیں۔اپنے خطاب میں لیفٹیننٹ گورنر نے تمام شرکاء اور ویمن کرکٹ لیگ جیتنے والوں کو مبارکباد دی۔لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا’’خواتین کی قیادت میں ترقی ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری سماجی و اقتصادی ترقی کی پالیسی صنفی مساوات کے خیال پر مبنی ہے اور خواتین کو بااختیار بنانے اور انہیں ہر شعبے میں مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے ضروری اقدامات کیے گئے ہیں‘‘۔
لیفٹیننٹ گورنر نے جموں کشمیر کے نوجوان کھیلوں کی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے کیلئے عالمی معیار کے کھیلوں کا بنیادی ڈھانچہ اور رہنمائی فراہم کرنے کیلئے یوٹی نتظامیہ کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہا کہ قومی اور بین الاقوامی ایونٹس میں خواتین کھلاڑیوں کی حالیہ کامیابیوں نے امیدیں روشن کی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے کھیلوں کو مناسب اہمیت دی ہے اور اب ہم یوٹی میں کھیلوں کے ایک نئے کلچر کا مشاہدہ کر رہے ہیں، مناسب انفراسٹرکچر ہے اور ہمارا عزم جموں و کشمیر کو کھیلوں کی طاقت بنانا ہے۔انکا کہناتھاکہ جموں و کشمیر میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے۔ بین الاقوامی کرکٹر میتھالی راج کی موجودگی کھلاڑیوں کے لیے حوصلہ افزائی کا کام کرے گی۔ میں اس دن کا انتظار کر رہا ہوں جب میڈیا چینل کی شہ سرخیاں کہیں گی-
اننت ناگ کی لڑکی، جو ہندوستان کی نئی متھالی راج ہے۔ مجھے پختہ یقین ہے کہ یہ ممکن ہے۔فائنل اننت ناگ ریبلز اور بڈگام سٹرائیکرز کے درمیان کھیلا گیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے جیتنے والی ٹیموں اور دیگر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ٹیموں اور ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو ٹرافیاں اور نقد انعامات سے نوازا۔