کوٹرنکہ//بلاک کوٹرنکہ کی پنچات حلقہ لویر کنڈی کا پنچایت گھر گزشتہ بیس برسوںسے تکمیل کا منتظر ہے۔ پنچ محمد شفیق راز نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ2001 میںایک ہی پنچایت لویرکنڈی ہوا کرتی تھی تا ہم آج ایک پنچایت کی تین پنچاتیں ہیں اور نئی تشکیل شدہ پنچایتوں کے پنچایت گھر مکمل ہوگئے ہیں تا ہم بد قسمتی سے بیس سال کا عرصہ گزر جانے کے بعد بھی پنچایت گھر لویر کنڈی کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کی پیش رفت نہ ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ پنچایت گھر کی کل رقم 6 لاکھ 35 ہزار روپے تھی اور اتنا پیسہ خرچ کرنے کے باو جود بھی پنچایت گھر عوام کے کام نہ آیا۔ انہوں نے محکمہ دیہی ترقی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ پنچایت گھر کی حالت کو دیکھ کر لگتا ہے کہ محکمہ دیہی ترقی کام کاج میں کتنا سنجیدہ ہے۔ انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری سے پر زور مطالبہ کرتے ہوے کہا کہ جلد ازجلدمحکمہ دیہی ترقی کو پنچایت گھر کی تکمیل کیلئے متحرک کیاجائے ۔