ممبئی// کورونا وائرس نے دنیا بھر میں کروڑوں افراد کی روزمرہ کی زندگی اور ذہنی صحت کو بری طرح متاثر کیا ہے، جن کو طویل لاک ڈاؤن کا تناؤ، بیمار ہونے کا خوف اور مالی مشکلات کا سامنا ہے۔نئے کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی صحت کے حوالے سے ماہرین کی جانب سے کام کیا جارہا ہے مگر اس نئی تحقیق میں بیماری سے محفوظ افراد پر مرتب اثرات کا جائزہ لیا گیا۔امریکہ کی کیلیفورنیا یونیورسٹی کی تحقیق میں اپریل سے ہونے والے متعدد سروے رپورٹس کو بنیاد بنایا گیا، جن کا آغاز امریکا میں لاک ڈاؤن کے نفاذ کے چند ہفتوں بعد ہوا تھا۔محققین کا کہنا تھا کہ کووڈ 19 کے خلاف مزاحمت کے حوالے سے یہ اولین تفصیلات میں سے ایک ہے، جاری تحقیق کے حوالے سے ہمارا خیال ہے کہ صورتحال مزید بدتر ہوگی، وبا جتنی طویل ہوگی اتنی ہی لوگوں میں اس کے خلاف مزاحمت کم ہوتی جائے گی۔تحقیق میں آن لائن، سوشل میڈیا، ویب سائٹ اور دیگر اداروں کی سروے رپورٹس کو شامل کیا گیا تھا جن میں سے بیشتر امریکا سے تعلق رکھتی تھیں۔ان سروے رپورٹس میں لوگوں سے سابقہ آفات کے تجربات، ان کی مزاحمت، تناؤ، کووڈ19 کے حوالے سے موجودہ صورتحال اور دیگر تفصیلات حاصل کی گئی تھیں۔اس تحقیق میں بیشتر افراد وہ تھے جو سرویز کا حصہ اس وقت بنے جب فیس ماسک کو لازمی قرار نہیں دیا گیا تھا، کاروباری اداروں کی بندش کا دورانیہ بڑھا نہیں تھا جبکہ بڑے پیمانے پر لوگ روزگار سے محروم نہیں ہوئے تھے۔محققین کا کہنا تھا کہ اس وقت سرویز میں شامل بہت کم افراد کو اپنے خاندان کے افراد میں بیماری یا اس کے نتیجے میں ہلاکت کا تجربہ ہوا تھا۔تحقیق کے نتائج جریدے جرنل سسٹین ایبلٹی میں شائع ہوئے اور محققین نے دریافت کیا کہ کورونا وائرس کی وبا کے نتیجے میں لوگوں میں ایک دوسرے سے ملاقات سے بیمار ہونے کے خطرات اور خدشات بڑھ گئے۔انہوں نے مزید بتایا کہ ایسا نظر آتا ہے کہ اصل خوف اس بیماری کے متعدی ہونے کا ہے، کیونکہ یہ ایک منفرد پہلو ہے کہ ایک وبائی بیماری لوگوں کے اندر ایک دوسرے کے لیے خطرے کا احساس بڑھا دے۔