سرینگر//سرینگر بارہمولہ شاہراہ پر لاوے پورہ (ایچ ایم ٹی)میں ہتھیار بندجنگجوئوں نے دن دھاڑے فورسز کی گشتی پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک افسر اور ڈرائیور ہلاک جبکہ دو کانسٹیبل زخمی ہوئے جن میں ایک کی حالت نازک ہے۔ اس واقعہ میں جنگجو ایک رائفل بھی اڑا لینے میں کامیاب ہوئے۔یہ واقعہ بعد دوپہر قریب ساڑھے 3بجے اس وقت پیش آیا جب سی آر پی ایف کی 73 ویںبٹالین کی ایک روڑ اوپننگ پارٹی کی گاڑی نورہ اسپتال اور دلشان ہوٹل کے نزدیک کھڑی تھی۔نا معلوم جنگجوئوں، جن کی تعداد کے بارے میں معلوم نہیں ہوا، کے ایک گروپ نے ڈیوٹی پر مامور فورسز اہلکاروں کو نشانہ بنانے کی غرض سے ان پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ خون میں لت پت ہوکر گر پڑے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس دوران جنگجو زخمی اہلکاروں میں سے ایک کی اے کے 47رائفل بھی اڑانے میں کامیاب ہوئے اور جاتے ہوئے انہوں نے وہاں فورسز کی ون ٹن گاڑی کو بھی سامنے سے نشانہ بنایا اورگولیاں شیشے کو چیرتی ہوئی گاڑی میں سوارڈرائیور کو جا لگیں۔اس موقع پر یہاں افرا تفری مچ گئی اور فوری طور پر شاہراہ پر گاڑیوں کی آمد و رفت معطل ہوگئی ۔فورسز و پولیس کے دیگر اہلکار یہاں پہنچ گئے اور انہوں نے4 زخمی اہلکاروں کو نزدیکی نورہ اسپتال پہنچایا جہاں تب تک اسسٹنٹ سب انسپکٹرجی ڈی منگا رام دیو برمن ساکن تریپورہ دم توڑ چکا تھا۔ جبکہ ڈرائیور اشوک کمار ساکن چندی گڑھ، کانسٹیبل اشوک کمار اور نازم علی کی مرہم پٹی کر کے شدید زخمی حالت میں فوجی اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں بعد میں کانسٹیبل ڈرائیور دم توڑ بیٹھا۔اس پورے علاقے کو فورسز نے گھیرے میں لیا اور تلاشیاں لیں۔لیکن کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔سی آر پی ایف کے ترجمان او پی ایس تیواری نے کہا"سری نگر کے مضافاتی علاقے لاوے پورہ میں عسکریت پسندوں نے ای کمپنی 73 بٹالین سی آر پی ایف کی آر او پی ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں پر حملہ کیا جس میں 4 سی آر پی ایف اہلکار زخمی ہوگئے جن کو 92آرمی بیس اسپتال منتقل کیا گیا جس میں پہلے ایک اہلکار اور بعد میں ڈرائیور کی موت واقع ہو ئی ۔ لاوے پورہ حملے کے متعلق انسپکٹر جنرل پولیس کشمیر زون وجے کمار نے بتایا کہ نامعلوم مسلح عسکریت پسندوں کے حملے میں ایک سی آر پی ایف اہلکار ہلاک جبکہ تین زخمی ہوگئے ہیں۔بعد میں ایک اور کانسٹیبل زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ بیٹھا۔فرار ہونے والے عسکریت پسندوں کی گرفتاری کے لئے پورے علاقے کوگھیرے میں لیا گیا۔انہوں نے کہا کہ یہ حملہ لشکر طیبہ نے کیا ۔