جموں//تمام طلباء تنظیموں بشمول نیشنل سٹوڈنٹس یونین آف انڈیا، نیشنل کانفرنس سٹوڈنٹس یونین، پی آرایس یو اورجی بی ایس ایف نے جموں یونیورسٹی میں زورداراحتجاج کیا۔اس دوران این ایس یوآئی کے ریاستی صدرنیرج کندن نے بی جے پی وزیروں کے اثرورسوخ میں آکر اے بی وی پی کے غنڈوں کی طرف داری کرنے کیلئے جموں یونیورسٹی کی انتظامیہ اور جموں وکشمیرپولیس کی شدیدالفاظ میں نکتہ چینی کی ۔انہوں نے کہاکہ جموں یونیورسٹی انتظامیہ اور جے کے پی نے لاء سکول میں گذشتہ روز پیش آئے واقعہ پر مجرمانہ خاموش اختیارکی ہوئی ہے۔اس واقعہ میں اے بی وی پی کے غنڈوں نے لاء سکول کے ایک طالب علم کی بری طرح سے مارپیٹ کی تھی ۔متاثرہ طالب علم جموں یونیورسٹی انتظامیہ کے پاس شکایت درج کرائی تھی کہ اے بی وی پی کے غنڈے انہیں لگاتاردھمکیاں دے رہے ہیں۔اس سلسلے میں انہوں نے جموں یونیورسٹی انتظامیہ سے استدعا کی تھی کہ انہیں سیکورٹی فراہم کی جائے لیکن بدقسمتی سے جموں یونیورسٹی نے اس معاملے کونظرانداز کردیا۔اس کے بعداس طالب علم کی اے بی وی پی غنڈوں نے پٹائی کی۔طالب علم پولیس سٹیشن میں درخواست دی تاکہ ان غنڈوں کیخلاف ایف آئی آردرج کی جاسکے لیکن بدقسمتی سے بی جے پی کے وزیروں کے اثرورسوخ میں آکراے بی وی پی کے غنڈوں کے خلاف پولیس ایف آئی آر درج نہیں کررہی ہے۔این ایس یوآئی صدرنیرج کندن نے میڈیاافرادسے خطاب کرتے ہوئے جموں یونیورسٹی انتظامیہ اور جے کے پی کووارننگ دی ہے کہ مجرموں کے خلاف جلدازجلد موثرکاروائی شروع کی جائے۔بصورت دیگروہ زورداراحتجاج شروع کریں گے۔