راجہ ارشاد احمد
گاندربل//محکمہ یوتھ سروس اینڈ سپورٹس گاندربل کی جانب جاری 21 اگست سے 29 اگست 2023 تک ضلع بھر میں قومی کھیلوں کے ہفتہ کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے جس کے تحت چاروں زونز میں کیرم، کھوکھو اور ٹگ آف وار کے مقابلوں کا انعقاد کیا گیا ہے جس میں 675 طلباء کھلاڑیوں کی بڑھ چڑھ کر شرکت دیکھی گئی ۔ادھر محکمہ کھیل نے ایس اے پی ایس کنگن میں لڑکوں کے انڈر 17 کیلئے انٹر زون ڈسٹرکٹ سطح کا کرکٹ مقابلہ منعقد کیا ۔مقابلے میں زون گاندربل نے زون کنگن کو شکست دے کر فتح حاصل کی۔اس موقع پر فاتح ٹیموں کو محکمہ کے اعلیٰ عہدیداروں نے ٹرافیاں اور توصیفی اسناد سے نوازا۔ لار قصبہ میں واقع گوری وان کھیل میدان محکمہ کی جانب سے انڈر 17 لڑکیوں کے لئے مقابلے کا انعقاد کیا گیا جس میں زون کنگن نے زون گاندربل کو اچھے فرق سے ہرا کر انتہائی فخر کے ساتھ ٹائٹل اپنے نام کیا۔ دریں اثناء زونل فزیکل ایجوکیشن تولہ مولہ نے حیدریہ گراؤنڈ تولہ مولہ میں بوائز اے اے جی کیلئے انٹر سکول زونل سطح کے ٹگ آف وار مقابلے کا انعقاد کیاجس میں زون میں موجود سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے 304 طلباء کی پرجوش شرکت دیکھی گئی۔