محمد تسکین
بانہال //موسم میں بہتری کے بعد جموں ۔ سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی آمدورفت دوبارہ بحال کی گئی ہے اور جمعرات کی صبح سے مرحلہ وار گاڑیوں کو چلنے کی اجازت دی گئی ہے اور گزشتہ کئی دنوں سے موسم آور شاہراہ کی خرابی کے باعث درماندہ سینکڑوں گاڑیوں نے شاہراہ پر سفر کیا ۔ٹریفک پولیس حکام نے بتایا کہ بدھ کی سہ پہر بعد موسم صاف ہونے کے ساتھ ہی شاہراہ کی صورتحال میں بھی بہتری درج کی گئی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ جمعرات کی صبح سب سے پہلے دوطرفہ مسافر بردار گاڑیوں کو چلنے کی اجازت دی گئی، جس کے بعد مال بردار ٹرکوں کو بھی مرحلہ وار روانہ کیا گیا اور یہ سلسلہ شام تک جاری رہا اور سینکڑوں مسافر و مال بردار گاڑیوں نے شاہراہ پر سفر کیا۔قابل ذکر ہے کہ گزشتہ تقریباً ایک ہفتے سے مسلسل خراب موسم کے باعث رام بن اور بانہال سیکٹر میں متعدد مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ اور پتھروں کے گرنے سے شاہراہ کئی بار متاثر رہی اور بدھ کی شام شام تقریباً سولہ گھنٹوں کی مسلسل بندش کے بعد شاہراہ کو جزوی طور پر بحال کرنے کے بعد درماندہ گاڑیوں کو نکالا گیا تھا ۔ٹریفک پولیس حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جمعرات کی صبح خونی نالہ کے مقام پر ایک معمولی پسی شاہراہ پر آ گری تھی، تاہم فوری کارروائی کرتے ہوئے اسے صاف کر دیا گیا اور اس کے بعد نگروٹہ اور قاضی گنڈ سے مسافر گاڑیوں کو چلنے کی اجازت دی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ دو طرفہ مسافر گاڑیوں کو نکالنے کے بعد وادی کشمیر سے جموں کی جانب سینکڑوں ٹرکوں کو بھی روانہ کیا گیا یے اور یہ سلسلہ شام تک جاری تھا ۔حکام کے مطابق جمعرات کی شام تک رامبن ۔ بانہال سیکٹر میں موسم ابر آلود تھا اور مزید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے اور ایسے میں مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ شاہراہ پر سفر سے قبل ٹریفک ایڈوائزری کا ضرور جائزہ لیں اور اسی کے مطابق اپنے سفر کی منصوبہ بندی کریں۔اس دوران وادی چناب کے بانہال ، رام بن ، ڈوڈہ اور کشتواڑ اضلاع کے پہاڑوں پر تازہ برفباری ہوئی جس کی وجہ سے موسم سرد ہوگیا ہے۔