محمد تسکین
بانہال// جمعرات کی دوپہر بعد کم از کم چھ گھنٹوں تک بند رہنے کے بعد سینکڑوں گاڑیاں درماندہ ہوگئی تھی اور شام ساڑھے چھ بجے شاہراہ کی بحالی کے بعد درماندہ ٹریفک کو ترجیح پر نکالاگیا تھا اور یہ سلسلہ رات بھر جاری رہا۔ جمعہ کی صبح سے جموں سرینگر قومی شاہراہ پر معمول کے ٹریفک کو دوبارہ بحال کیا گیا ہے اور جمعہ کی صبح سے ہزاروں کی تعداد میں مسافروں نے دونوں طرف کے ٹریفک میں سفر کیا۔ ٹریفک پولیس حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جمعہ کی صبح سے مال اور مسافر گاڑیوں کو دونوں طرف کے ٹریفک میں چلنے کی اجازت تھی ۔ انہوں نے کہا کہ شیر بی بی کے کشتواڑی پتھر اور ماروگ کے درمیان شاہراہ شاہراہ کئی مقامات پر تنگ اور خراب ہے جس کیوجہ سے معمول کا ٹریفک سست روی کا شکار ہو جاتا یے۔ انہوں نے کہا کہ جمعرات کی دوپہر بعد رامبن کے کرول علاقے میں گر آئی پسی اور بھاری پتھروں کی وجہ سے شاہراہ کا ٹریفک چھ گھنٹوں تک بند کر دینا پڑا ہے ۔ انہوں نے گاڑی والوں سے اپیل کی کہ وہ شاہراہ پر اپنا سفر شروع کرنے سے پہلے شاہراہ اور موسم کی صورتحال کی جانکاری لیں اور اس کے بعد ہی اپنے سفر کیلئے شاہراہ پر آئیں۔ انہوں نے مسافر گاڑی والوں سے اپیل کی کہ وہ رات کے سفر سے گریز کریں کیونکہ رام بن ۔ بانہال سیکٹر میں شاہراہ کے کئی مقامات پر پسیوں اور پتھروں کے گرنے کا خطرہ لگا رہتا ہے۔