اننت ناگ +پانپور// آتشزدگی وارداتوں میں قاضی گنڈ میں ایک رہائشی مکان جبکہ پانپور میں سنٹرل کوآپریٹیوبنک خاکستر ہوگیا۔قاضی گنڈ میں آگ کی ایک واردات میں رہائشی مکان مکمل طور پر خاکستر ہوگیا جبکہ آگ بجھانے کی کوشش کے دوران 2 افراد جھلس گئے ۔چورٹ نامی علاقہ میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب کو نندا محمد شاہ کے رہائشی مکان سے اچانک آگ نمودار ہوئی۔ آگ لگنے کے سبب رہائشی مکان مکمل طور پر خاکستر ہوگیا جبکہ گھر میں موجود لاکھوں روپئے کا سازوسامان راکھ میں تبدیل ہوگیا۔آگ بجھانے کی کوشش کے دوران 2 افراد جھلس گئے جنہیں علاج ومعالجہ کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا ۔زخمیوں کی پہچان 40 سالہ خورشید احمد شاہ اور 37 سالہ فیاض احمد بٹ ساکنان چورٹ قاضی گنڈ کے بطور ہوئی ہے۔آگ لگنے کی وجہ شاٹ سرکٹ بتائی جاتی ہے۔ادھرقصبہ پانپور میں قائم سنٹرل کوآپریٹیوبنک شاخ گزشتہ رات آگ کی ایک ہولناک واردات میںمکمل طورپر خاکستر ہوگئی ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ بینک میں دورانِ شب اچانک آگ نمودارہوگئی۔ دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے بینک کی پوری عمارت کو اپنی زد میں لے لیا اور بینک میں موجود سازوسامان کو راکھ کے ڈھیر میں تبدیل کر دیا۔بینک کی عمارت میں آگ لگنے کے فوراً بعد اگرچہ مقامی لوگوں اور فائر اینڈ ایمرجنسی محکمہ کے اہلکاروں نے آگ کو مزید پھیلنے سے روک لیا تاہم تب تک بینک میں موجود ساز و سامان خاکسترہو چکا تھا۔ اس واردات میں بینک میں موجود فرنیچر اور کیمپوٹر سسٹم کے علاوہ دیگر کئی ساری مشینوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ بینک کے منیجر نے کہا کہ صارفین کو فکر کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے کیونکہ ان کے پاس سارا ریکارڈ محفوظ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بنک ایک دو روز میں دوبارہ کام شروع کرے گا۔ پولیس نے اس سلسلے میں ایف آئی آر درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہے۔