سعودی عرب نے ارجنٹائن اور نیدرلینڈز نے سینیگال کوشکست دی
دوحہ //فیفا ورلڈ کپ 2022ء کا تیسرادن سنسنی خیز رہا۔ گروپ مراحل کی اہم ٹیمیں مدِمقابل آئیں اور جیسے عمدہ کھیل کی توقع کی جا رہی تھی ویسا ہی کھیل پیش کیا گیا۔ دن کے اختتام پر انگلینڈ اور نیدرلینڈز نے اپنے اپنے میچ جیتے جبکہ امریکا اور ویلز کے درمیان مقابلہ برابر رہا۔ ورلڈ کپ 2022 کے تیسرے روز بڑا اپ سیٹ ہوا جہاں سعودی عرب نے مضبوط ارجنٹینا کی ٹیم کو 0-2 سے شکست دے دی۔قطر کے لوسیل اسٹیڈیم میں ورلڈ کپ گروپ سی کا مقابلہ ارجنٹینا اور سعودی عرب کے درمیان ہوا جہاں شہرہ آفاق فٹ بالر لیونل میسی نے 10 ویں منٹ میں پہلا گول کرکے برتری ضرور ثابت کی لیکن آخر تک برقرار رکھنے میں ناکام ہوگئے۔واضح رہے کہ یہ پہلا عالمی کپ ہے جہاں ٹیمیں 5 متبادل کھلاڑی میدان میں بھیج سکتی ہیں جبکہ ایکسٹرا ٹائم میں بھی ایک تبادلے کی اجازت ہوگی۔سب سے پہلے ذکر کرتے ہیں ایران اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والے پہلے میچ کا، جہاں سیٹی بجتے ہی انگلینڈ کی ٹیم حاوی نظر آئی۔ ایران کو دھچکا تب لگا جب میچ کے 9ویں منٹ میں ایران کے گول کیپر کا انگلینڈ کے کھلاڑی سے تصادم ہوگیا۔ یہ تصادم دیکھنے والے ہر شخص پر لرزا طاری ہوگیا۔ گول کیپر علی رضا شدید زخمی ہوگئے اور اس دوران میچ تقریباً 15 منٹ رکا رہا۔متبادل گول کیپر کا یہ پہلا عالمی کپ میچ تھا، لیکن انگلینڈ کی ٹیم کسی رحم کرنے کی نیت سے میدان میں نہیں اتری تھی۔ پہلے ہاف میں ہی انگلینڈ نے 3 گولز اسکور کیے جن میں اسٹرلنگ، ساکا اور بیلنگہم کے گول شامل تھے جبکہ دوسرے ہاف میں ایران مزاحمت کرتی نظر آئی لیکن انگلینڈ نے مزید 3 بار بال نیٹ میں ڈالی۔ دوسرے ہاف میں ریشفورڈ کا بطور متبادل میدان میں آتے ہی ایک منٹ میں گول اسکور کرنا نمایاں رہا۔
فیفا ورلڈ کپ