پرویز احمد
سرینگر //محکمہ فوڈ سیفٹی جموں و کشمیر میں دودھ اور دودھ سے بنی مصنوعات کا معیار برقرار رکھنے کیلئے تمام دکانداروں اور دودھ فروشوں کو ہدایت دی ہے کہ تازہ دودھ، پنیر اور دودھ سے بنی دیگر مصنوعات کی بروقت ٹیسٹنگ کیلئے ٹیسٹنگ کٹوں، ٹیسٹنگ کیلئے ضروری ہدایت والا بورڈ اور ٹیسٹنگ کی نمائش کیلئے تربیتی عملے کو دستیاب رکھیں ۔ فوڈ سیفٹی محکمہ کی ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ فوڈ سیفٹی سٹینڈارڈ آف انڈیا نے دودھ اور دودھ سے بنی مصنوعات کو فروخت کرنے والے تاجروں اور فیکٹری مالکان کو عارضی دکانوں یا مستقل طور پر نصب غذائی اشیاء فروخت کرنے والی مشینوں سے فروخت ہونے والے دودھ اور دیگر مصنوعات کے معیار، خریداروں کی صحت اور مفادات کو نظر میں رکھتے ہوئے غذائی اشیاء کے صاف و شفاف تجارت کو فروغ دینے کیلئے فوڈ سیفٹی قوائد وضوابط کے اطلاق کو یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔ دکانداروں اور فیکٹری مالکان کے نام جاری ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ دودھ سے بنی مصنوعات فروخت کرنے والے تمام دکانداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ دکانوں پر دودھ کی ٹیسٹنگ کٹوں کو دستیاب رکھیں، صارفین کی ضرورت، معیاراور خود ٹیسٹنگ کو فروغ دینے کیلئے جدید فود ٹیسٹنگ کا نظام قائم کریں۔