جموں //کشتواڑ میں ملی ٹینسی کی موجودگی کی اطلاعات کے بیچ بھارتی فوج کے سربراہ جنرل بپن راوت نے جموں کادورہ کرکے سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا ۔ اس دوران انہوں نے آپریشنل تیاریوں کا جائزہ بھی لیا ۔ان کے ہمراہ شمالی کمان کے سربراہ جنرل رنبیر سنگھ بھی تھے ۔ اس دوران فوجی سربراہ کو سیکورٹی کی صورتحال کے بارے میں بتایاگیا ۔راوت نے فوجی اہلکاروں سے بھی تبادلہ خیال کیا ۔ انہوں نے کشتواڑ اور ریاسی سیکٹروں کادورہ کرکے افسران اور اہلکاروں سے زمینی صورتحال کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔فوج کے جموں میں مقیم ترجمان لفٹنٹ کرنل دیوندر آنند نے بتایاکہ فوجی سربراہ نے اہلکاروں اور افسران کے ساتھ تبادلہ خیال کرکے ان سے آپریشنوں ،تربیت ، ہتھیاروں ، ساز و سامان اور انتظامی مسائل کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔ترجمان کے مطابق بپن راوت نے ہر ایک رینک کے افسران کی سراہنا کرتے ہوئے کہاکہ وہ مزید پیشہ وارانہ طرز پر فرائض انجام دیں ۔دریں اثناء فوجی سربراہ نے ویشنو دیوی شرائن پر حاضری دی اور ملک و ریاست کی ترقی و خوشحالی کیلئے دعا کی ۔