جموں//ائر چیف مارشل ویسٹرن کمانڈ ہری کمار اور ان کی اہلیہ دیویکا ریاست کے دوروزہ دورہ پر آج جموں پہنچے، ائر کمانڈر ششی کانت مشرہ اور ان کی اہلیہ نشا مشرا نے مہمانوں کا خیر مقدم کیا۔ جموں کے تکنیکی ہوائی اڈہ پر فضائیہ کمانڈر کو گاڈآف آنر پیش کیا گیا جس کی قیادت لیڈی سکواڈرن لیڈر شویتا دھیمان نے کی۔ کمانڈرموصوف کو پرسنل سٹاف آفسیران اور کمانڈنگ آفیسران کے ساتھ متعارف کروایا گیا جس کے بعد دیگر سینئر ڈیفنس و سول افسران نے بھی ان کے ساتھ ملاقات کی۔ ائر مارشل ہری کمار سٹیشن وار میموریل پر بھی گئے اور وہاں گلہائے عقیدت پیش کئے اور وطن عزیز کے لئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے افسران و اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہیں مقامی افسران کی طرف سے ائر فورس سٹیشن جموں کی حصولیابیوں، کارکردگیوں اور مشکلات و مسائل کے بارے میں آگاہ کیا گیا ۔ مابعد ائیر مارشل سی ہری کمار نے راج بھون سرینگر میں گورنر ستیہ پال ملک سے ملاقات کر کے انڈین ائیر فورس کے رول اور ذمہ داریوں کے بارے میں گورنر کو جانکاری دی۔چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم اور پرنسپل سیکرٹری پلاننگ روہت کنسل نے بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔ملاقات کے دوران ریاست میں اہم تنصیبات پر ائیر فورس کی تعیناتی، ہوا بازی شعبۂ کی جدید کاری، ہوائی اڈوں کی توسیع اور ریاست کے ہوائی اڈوں میں شبانہ پروازوں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال ہوا۔گورنر نے ملک کی سالمیت کو برقرار رکھنے اور اہم مواقعوں پر ریلیف اور باز آباد کاری کے کاموں میں پیش پیش رہنے پر ائیر فورس کے رول کی ستائش کی۔گورنر نے کہا کہ کسی بھی حادثے یا آفت کے وقت ائیر فورس نے اشیاء ضروریہ کی فراہمی اور باز آباد کاری کے کاموں میں اہم رول ادا کیا ہے۔انہوں نے شری امر ناتھ جی یاترا کے احسن انعقاد کے لئے ائیر فورس کے رول کی بھی سراہنا کی۔