سرینگر // سرینگر کے عیدگاہ علاقے میں بدھ کی شام نا معلوم مسلح افراد نے سیکورٹی فورسز کو نشانہ بناکر گرینیڈ داغا جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار اور ایک شہری زخمی ہو گئے ۔ گرینیڈ حملے کے بعد پولیس و سیکورٹی فورسز نے علاقے کو محاصرے میں لیکر تلاشی کارروائی شروع کی ۔ یہ واقعہ بدھ کی شام 6بجکر 20منٹ پر پیش آیا۔عالی مسجد عید گاہ کے متصل سی آر پی ایف بنکر کے نزدیک مسلح افراد نے پولیس و سیکورٹی فورسز کی مشتر کہ ناکہ پارٹی کو نشانہ بنا کر گرینیڈ داغا جو نشانہ چوک کر سڑک پر ایک زور دار دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا ۔ گرینیڈ دھماکے کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار سجاد احمد بٹ اور ایک شہری40سالہ اعجاز احمد بٹ ولد غلام نبی ساکن حول زخمی ہوئے۔اعجاز احمد کے بائیں جانب چہرے اور بائیں بازو پر زخم آئے جبکہ پولیس اہلکار کے بائیں پیر پر چوٹیں آئیں۔ دھماکہ ہونے کیساتھ ہی علاقے میں اتھل پتھل مچ گئی اور زخمی پولیس اہلکار اور شہری کو اسپتال پہنچایا گیا ۔ پولیس نے بتایا کہ مسلح جنگجوئوں نے پولیس پارٹی کو نشانہ بنا گرینیڈ داغا جو نشانہ چوک کر سڑک پر پھٹ گیا ، انہوںنے بتایا کہ گرینیڈکے آہنی ریزوں سے ایک پولیس اہلکار اور راہگیر زخمی ہوگئے۔