عاصف بٹ
کشتواڑ//قصبہ کشتواڑ میں عارضی صفائی کرمچاری ملازمین کی جاری ہڑتال کے باعث پورا قصبہ کچرے کے ڈھیر میں تبدیل ہوگیا ہے جس کے نتیجے میں ہر سو گندگی پھیل گئی ہے اور عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ جگہ جگہ کوڑا کرکٹ کے انبار لگ جانے سے نہ صرف ماحول آلودہ ہوچکا ہے بلکہ مختلف بیماریوں کے پھیلنے کا بھی سنگین خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق صفائی ملازمین نے گزشتہ کی روز سے اپنے مطالبات کے حق میں مکمل کام چھوڑ ہڑتال شروع کر رکھی ہے جس کے باعث شہر کی گلی کوچوں، بازاروں اور رہائشی علاقوں میں کئی دنوں سے صفائی نہیں ہو سکی۔ بارش اور گرمی کے باعث کچرے سے بدبو اٹھنے لگی ہے جبکہ مکھیوں اور مچھروں کی افزائش میں بھی اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے اس مسئلے پر کوئی سنجیدہ قدم نہیں اٹھایا جا رہا جس کی وجہ سے حالات دن بدن خراب ہوتے جا رہے ہیں۔ عوام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر فوری طور پر صفائی کا نظام بحال نہ کیا گیا تو ڈینگی، ملیریا اور دیگر متعدی بیماریوں کے پھیلنے کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔ ادھر ہڑتالی ملازمین کا کہنا ہے کہ وہ طویل عرصے سے اپنے حقوق کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں لیکن متعلقہ حکام ان کے مسائل کو نظر انداز کر رہے ہیں۔ ہمیں صرف جھوٹے دلاسے دےجاتے ہیں جبکہ ہماری روز مرہ کی زندگی اب انتہائی مشکل ہوچکی یے۔ ملازمین نے واضح کیا کہ جب تک ان کے مطالبات، جن میں مستقل نوکری، مناسب تنخواہ اور دیگر سہولیات شامل ہیں، پورے نہیں کیے جاتے تب تک ان کا احتجاج جاری رہے گا۔ شہری حلقوں نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری مداخلت کرتے ہوئے صفائی ملازمین کے مسائل حل کرے تاکہ قصبہ کو مزید ماحولیاتی اور صحت کے بحران سے بچایا جا سکے۔